اسلام پارٹی کا قومی و ریاستی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس، تنظیمی توسیع سمیت پانچ اہم تجاویز منظور



اسلام پارٹی کا قومی و ریاستی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس، تنظیمی توسیع سمیت ملک کے موجودہ حالات پر پانچ اہم تجاویز منظور



ایس آئی آر اور یو سی سی کی مخالفت، آئین و جمہوریت کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ 



 قومی کور کمیٹی کی تشکیل، ہر ضلع میں پارٹی دفتر قائم کرنے و بی جے پی اور ایم آئی ایم سے راست مقابلہ کا اعلان 
 



مالیگاؤں: 23 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر (اسلام پارٹی) کی مہاراشٹر اسٹیٹ و قومی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس مالیگاؤں کے ڈائمنڈ لانس میں پارٹی کے قومی صدر نوید خطیب کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مہاراشٹر سمیت اتر پردیش، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، گجرات اور دیگر علاقوں سے آئے پارٹی عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک و ریاست کی موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال، پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس میں آصف شیخ نے اوپن سیشن کا اعلان کیا، جس میں ورکنگ کمیٹی کے اراکین نے مختلف امور پر اپنے خیالات پیش کیے۔ اسلام پارٹی کے مقامی صدر اعجاز عمر نے بھی پارٹی کی کارکردگی، تنظیمی سرگرمیوں اور آئندہ کے عزائم پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں تنظیم کو نچلی سطح تک مضبوط بنانے اور مختلف ریاستوں و شہروں میں پارٹی کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔


اجلاس میں آئندہ تین ماہ کے اندر قومی کور کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مجوزہ کمیٹی میں مختلف ریاستوں کے نمائندگان، ضلعی صدور اور پارٹی کے اہم عہدیداران شامل ہوں گے، جو باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرکے تنظیمی کارکردگی اور درپیش مسائل کا جائزہ لیں گے۔پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے کے لیے تحصیل، ضلع، شہر اور مہانگر سطح پر ایکٹو ممبران مقرر کرنے اور ہر ضلع میں اسلام پارٹی کا باقاعدہ دفتر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں عہدیداران کو ذمہ داریاں سونپتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں میں تیزی لانے پر زور دیا گیا۔سیاسی و جمہوری امور پر گفتگو کرتے ہوئے اجلاس میں ایس آئی آر کے نفاذ اور ووٹوں کے مبینہ غیر قانونی اخراج کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کا اعلان کیا گیا۔ 

پارٹی قیادت نے کہا کہ اسلام پارٹی ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عوام کے درمیان جاکر آواز اٹھائے گی اور ضرورت پڑنے پر احتجاجی تحریک بھی چلائی جائے گی۔اسی طرح یکساں سول کوڈ (یو سی سی) اور حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے ان قوانین کی مخالفت کا فیصلہ کیا گیا جنہیں پارٹی اپنے نقطۂ نظر سے جمہوری و آئینی حقوق کے منافی سمجھتی ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جمہوریت، انصاف اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔پارٹی رہنماؤں نے ناموں کی تبدیلی کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کے نام تبدیل کرنے کے بجائے عوام کے بنیادی مسائل، روزگار، تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود پر توجہ دی جانی چاہیے۔ اسلام پارٹی نے تمام مذاہب، دلتوں، آدیواسیوں اور پسماندہ طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔


مختلف ریاستوں اور شہروں میں عہدیداران کا اعلان


اجلاس کے دوران پارٹی کی تنظیمی توسیع کے تحت مختلف ریاستوں، اضلاع، شہروں اور شعبہ جات کے لیے نئے عہدیداران کی تقرریوں کا اعلان کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتر پردیش میں شاداب ندوری کو ضلع غازی آباد کا کوآرڈینیٹر، مغربی بنگال میں ترنم بہار کو ریاستی خواتین صدر، جبکہ مدھیہ پردیش میں ڈاکٹر محمد فاروق شیخ کو ریاستی صدر اور زاہد احمد خان کو نائب ریاستی صدر مقرر کیا گیا۔مہاراشٹر کے بھیونڈی میں شفقت شرافت خان کو ریاستی کارگزار صدر اور وسیم احمد طفیل صدیقی کو شہر صدر کی ذمہ داری دی گئی۔ ممبئی کے گوونڈی علاقے میں یحییٰ باق اللہ شیخ کو شمال مشرقی ضلع صدر، محمد شاقب جاوید عمر صدیقی اور زریج احمد طیب خان کو ضلع جنرل سکریٹری، جبکہ خان محمد کو اساتذہ ونگ کا جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا۔ گوونڈی شہر کے لیے سید محمد کاشف کو شہر صدر، اظہر جعفر بیگ کو نائب صدر، فہیم قریشی کو سوشل میڈیا صدر اور عبدالہادی عبدالحفیظ ملک کو اسٹوڈنٹ ونگ کا صدر بنایا گیا۔

ناسک ضلع میں کرن سین بھارت چوہان کو اسلام پارٹی ضلع صدر مقرر کیا گیا۔ بھساول میں شیخ فرحان شیخ بشیر کو شہر صدر اور سرفراز احمد عبدالغنی شیخ کو تعلقہ صدر کی ذمہ داری سونپی گئی۔امراوتی میں رحیم خان شبیر خان (بابلو راج) کو شہر صدر، ارشاد خان رحیم خان کو ضلع کارگزار صدر، شیخ رفیق شیخ حبیب (پہلوان) کو اقلیتی شعبے کا ضلع نائب صدر، عبدالعمران عبدالعزیز کو ضلع نائب صدر اور شیخ شاہ رخ محمد فاروق کو ضلع یوتھ نائب صدر مقرر کیا گیا۔ یوتمل میں اویس الدین شرف الدین کو ضلع صدر بنایا گیا۔ناندیڑ میں سید حیدر پٹیل کو مراٹھواڑہ صدر، شیخ رزاق کو ضلع صدر، شیخ ایوب شیخ صمد کو ضلع یوتھ صدر، احمد خان گاؤس خان کو ضلع یوتھ جنرل سکریٹری، سید ضمیر کو شہر یوتھ صدر اور شیخ مشتاقیم شیخ احمد کو آٹو یونین کا ضلع صدر مقرر کیا گیا۔ جالنا میں سید جاوید سید سلیم کو ضلع کوآرڈینیٹر، جبکہ سید فضل سید مبین اور شاہد شیخ لطیف کو شہر کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری دی گئی۔اجلاس کے اختتام پر پارٹی قیادت نے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، عوامی مسائل پر سرگرم کردار ادا کرنے اور آئین، جمہوریت، انصاف و سماجی مساوات کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پارٹی کے مطابق مختلف ریاستوں اور شہروں میں نئی تقرریوں کا مقصد تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دینا اور عوام سے رابطے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔یہاں پارٹی کے صدر و عہدیداران، کارپوریٹرس ،میئر نسرین شیخ و سابق میئر طاہرہ شیخ رشید سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے