مجھ پر فائرنگ ہوتی ہے اور اگر میں زندہ نہ رہا تو غریبوں کی مدد اور عوامی خدمت کرتے رہنا، ورکروں کو آصف شیخ کا پیغام
ظلم، زیادتی اور ناانصافی کے خلاف اب خاموش نہیں بیٹھیں گے، عوام اور نوجوانوں کے نام آصف شیخ کا اہم خطاب
مہاراشٹر میں عوام کا ساتھ رہا تو ایک نہیں پانچ میئر بنا سکتے ہیں،آصف شیخ کا دعویٰ،پارلیمنٹ چناؤ لڑنے کا اعلان
مالیگاؤں : 23 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) اگر مجھ پر فائرنگ ہوتی ہے یا گولی لگتی ہے اور اگر میں آپ کے درمیان نہ رہوں تو بھی اسلام پارٹی کو زندہ رکھنا ہے اور عوام کے حقوق کیلئے لڑتے رہنا ہے ۔آج ہمارے سیاسی مخالفین مجھکو راستے سے ہٹانے کیلئے سازش رچھ رہے ہیں لیکن میں ڈرنے والا نہیں ہوں ،موت آنی ہے آج آئے یا کل، ہمارا ایمان ہے کہ جب موت لکھی ہوگی آئے گی لیکن ہم عوام اور غریبوں کی خدمات کرتے رہیں گے ۔اس طرح کے جملوں کا اظہار اسلام پارٹی کے رہنما آصف شیخ نے مالیگاؤں میں واقع فیسٹیول گراؤنڈ آگرہ روڈ پر پارٹی کے قومی صدر نوید خطیب احمد کی صدارت میں منعقدہ دو سالہ جشن یوم تاسیس و انقلابی جلسہ عام سے کیا۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے اسلام پارٹی کی پالیسیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی.انہوں نے کہا کہ اگر مہاراشٹر کی عوام نے ساتھ دیا تو ریاست کے اندر ایک نہیں بلکہ پانچ میئر بنائے جا سکتے ہیں.انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جس طرح مالیگاؤں میں زمینی سطح پر تعمیراتی کام اور عوام کی خدمت کی گئی ہے، اسی ماڈل کو دوسرے شہروں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے آئندہ پارلیمنٹ الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کیا ۔آصف شیخ نے خطاب کے دوران ملک کے موجودہ حالات بالخصوص کشمیر سے کنیاکماری اور دہلی سے ممبئی تک کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا.انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی SIR کے نام پر الیکشن کمیشن کا استعمال کرتے ہوئے ملک بھر میں اقلیتوں اور مسلمانوں کی ووٹیں کاٹ رہی ہے.موصوف نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں تقریباً 13 کروڑ ووٹیں کاٹ دی گئی ہیں جن میں سے 70 فیصد ووٹ اکیلے مسلمانوں کی کاٹی گئی ہیں.
سپریم کورٹ اور عدالتی نظام پر بات کرتے ہوئے آصف شیخ نے کہا کہ اپوزیشن اور عوام جب بھی انصاف کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں تو وہاں سے مایوسی ملتی ہے.انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک کے مسلمانوں، دلتوں اور آدیواسی بھائیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر انصاف کا دروازہ کیوں بند کیا جا رہا ہے؟ اس موقع پر سابقہ مسلم قائدین اور رہنماؤں بالخصوص عتیق احمد ،اشرف احمد، اعظم خان، مختار انصاری ۔شہاب الدین، شرجیل امام اور خالد عمر کی عوامی خدمت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ قوم کے حقوق کی آواز اٹھاتے تھے، انہیں سازش کے تحت راستے سے ہٹایا گیا یا جیلوں میں ڈالا گیا۔لیکن آج اویسی برادران کو کھلی چھوٹ دی جارہی ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی اور ایم آئی ایم مل کر ہندو مسلم کی سیاست کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اویسی برادران ہندو بھائیوں کیخلاف نفرت کی سیاست کرتے ہیں لیکن ان پر کیوں کارروائی نہیں ہوتی، کیوں ای ڈی اور سی بی آئی کی کارروائی نہیں ہوتی؟ کیونکہ وہ بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔آصف شیخ نے کہا کہ آج اپوزیشن سمیت طلبا ایس آئی آر کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں لیکن ایم آئی ایم اس تحریک میں کہیں شامل نہیں ہے وہ درپردہ ایس آئی آر اور مودی حکومت کی حمایت کررہی ہے ۔
جلسہ گاہ میں موجود جم غفیر سے آصف شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج سکل ہندو سماج نفرت کی سیاست کر دندانے پھر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ہندو خطرے میں جبکہ ملک و ریاست میں بی جے پی کی سرکار ہے، ظلم اقلیتوں پر ہورہا ہے اور سرکاری کارروائی میں اقلیتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے پھر بھی کہتے ہیں کہ ہندو خطرے میں ہے، آصف شیخ نے کہا کہ ہندو خطرے میں نہیں بی جے پی خطرے میں ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب انکی یہ نفرت کی دکان بہت جلد بند ہونے والی ہے ۔ایسے حالات میں ورکروں اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے آصف شیخ نے کہا کہ ڈرنے اور گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔پارٹی کے کارکنان ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے آئین اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ہر ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے.اگر عوام کا ساتھ رہا تو آنے والے دنوں میں سیاسی میدان میں مزید بھرپور طریقے سے حقوق کی جنگ لڑی جائے گی۔
آصف شیخ نے مالیگاؤں کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم آئی ایم کو بہت تکلیف ہورہی ہے کہ سیکولر فرنٹ والے اتنا اچھا کام کیوں کررہے ہیں؟ مالیگاؤں کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے موجودہ ایم ایل اے اور انکے ورکرس بجٹ پر اسٹے حاصل کرنے کیلئے منترالیہ کے چکر کاٹ رہے ہیں ۔آصف شیخ نے کہا کہ 8 مہینوں میں ہم نے مالیگاؤں میں 250 کروڑ کے تعمیری کاموں کا آغاز کردیا ہے اور بہت جلد مالیگاؤں ایک ترقی کا ماڈل بنے گا ۔انہوں نے موجودہ ایم ایل اے جو اتفاق سے عالم و مفتی بھی ہے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انکے سرکل میں عصمت دری کے ملزم اور لڑکیوں و خواتین کی عزت تار کرنے والے نظر آتے ہیں اور ایم ایل اے شان سے انہیں اپنے ساتھ رکھتے ہیں ۔آصف شیخ نے کہا کہ پولس کے منع کرنے پر ہم خاموش ہیں ورنہ انکے چہرے سے جس دن نقاب اتارے لینگے مالیگاؤں کی عوام انہیں پچان لیگی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ایم ایل اے اور انکی پارٹی کے لوگ اسلام پارٹی کی مقبولیت سے گھبراہٹ کا شکار ہے ۔عوامی کاموں میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں بہت جلد عوام کے سامنے انہیں بے نقاب کیا جائے گا ۔اس موقع پر ورکروں کی جانب سے آصف شیخ کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کی چاندی کی تلوار تحفہ میں دی گئی جسے آصف شیخ نے ایک عائشہ نامی چھوٹی بچی جو موذی مرض میں مبتلا ہے کو بطور مدد پیش کردی ۔اس موقع پرمستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ اسلام پارٹی قابل مبارکباد ہیں ۔ایم آئی ایم اور بی جے پی جیسی فرقہ پرست طاقتوں سے لڑنا ہے ۔وقت پڑا تو اسلام پارٹی سیکولر فرنٹ کی طرح مہاراشٹر بھر میں اسلام پارٹی سے اتحاد کریگی اور ونچت بہوجن اگھاڑی سے بھی اتحاد پر غور کریگی. انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں پارٹی کو بچانا بڑی ہے لیکن اسلام پارٹی دو سالوں میں پھل پھول رہی ہے جو کہ قابل مبارکباد ہیں، یہاں دھولیہ سے وسیم اکرم انصاری، امراوتی سے اویس احمد، رئیس عثمانی ،اورنگ آباد سے ظفر بلڈر،نادیڑ سے مراٹھواڑہ یونٹ کے صدر حیدر پٹیل ،حافظ انیس اظہر ،بھیونڈی سے شفقت اخلاق، بنگال سے ترنم بہار ، سابق میئر طاہرہ شیخ رشید وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس جلسہ گاہ میں مہاراشٹر سمیت بنگال یوپی ،گجرات اور مدھیہ پردیش سے بھی پارٹی کے وفود شریک تھے اور انہوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے عزم کا اظہار کیا ۔




0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com