"ذاتیات اور خواتین کی تذلیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا"،آصف شیخ کا سخت موقف
گاندھی نگر کپڑا مارکیٹ میں کنکریٹ روڈ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے افتتاحی تقریب
مالیگاؤں: 26 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں کی مشہور 'گاندھی نگر کپڑا مارکیٹ' میں زبوں حالی کا شکار سڑک کی کنکریٹ سازی اور خواتین کے تحفظ کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کے نصب کرنے کا سنگ بنیاد ایک باوقار تقریب میں رکھا گیا۔اس موقع پر سابق ایم ایل اے اور سیکولر فرنٹ کے رہنما آصف شیخ، صدر تقریب فاروق پاٹنے والا، میئر، ڈپٹی میئر، میونسپل کمشنر اور علاقے کے دیگر کارپوریٹرز موجود تھے۔سابق ایم ایل اے آصف شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی نگر کپڑا مارکیٹ مالیگاؤں اور اطراف کے شہروں سے آنے والی ہندو و مسلم خواتین کی خرید و فروخت کا ایک اہم مرکز ہے۔طویل عرصے سے اس راستے کی خراب حالت کی وجہ سے عوام کو سخت تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔کنکریٹ سڑک شیخ افضل چوک سے حمید جمالی چوک، نعیم پٹیل کے مکان سے مانگو سیٹھ کی سائزنگ اور علی اکبر ہسپتال کے قریب کی گلیوں تک بنائی جائے گی۔ ماضی میں بنی ناقص سڑکوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس بار مضبوط اور معیاری سڑک تعمیر کی جائے گی جس سے عوام اور خریداروں کو مستقل راحت ملے گی۔
اس موقع پر آصف شیخ نے کہا کہ خواتین کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے، میونسپل کارپوریشن کے ذریعے ۱۲ کروڑ روپے کے پروجیکٹ کے تحت شہر کے اہم چوک چوراہوں بشمول گاندھی نگر کپڑا مارکیٹ، قدوائی روڈ اور انجمن چوک میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔ آصف شیخ نے بتایا کہ میئر اور ڈپٹی میئر (جو کہ خواتین ہیں) کی خصوصی خواہش پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے تاکہ بازار آنے والی خواتین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ یا ناگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اپنے خطاب میں آصف شیخ نے گزشتہ روز دیے گئے اپنے بیان کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی اپنے موقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا "میئر اور ڈپٹی میئر شہر کی عزت اور وقار کی علامت ہیں۔ اگر کوئی ان کی ذات پر حملہ کرے گا یا ان کی تذلیل کی کوشش کرے گا تو اسے بالکل بخشا نہیں جائے گا۔ سیاسی مخالفت اپنی جگہ، لیکن خواتین کی عزت کے ساتھ کھلواڑ کسی صورت برادشت نہیں کیا جائے گا۔"انہوں نے شہر کی عوام اور تاجروں سے اپیل کی کہ سڑک کی تعمیر کے دوران ہونے والی عارضی تکلیف میں تعاون کریں تاکہ شہر کے لیے یہ تاریخی کام جلد از جلد مکمل ہو سکے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com