رونق آباد میں قانونی و تعلیمی انقلاب کی پہل،نوٹری آفس اور C3 کلاسیس کا پروقار افتتاح
نصف فیس میں معیاری تعلیم اور NEET، JEE و CET کی تیاری کا عزم :ایڈوکیٹ ہدایت اللہ
مالیگاؤں: 18 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) رونق آباد اور اطراف کے عوام کے لیے قانونی و تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ رونق آباد میں بابر ہوٹل اور بڑی مالیگاؤں ہائی اسکول کے قریب اور رابعہ مسجد کے پچھلے حصے میں واقع تاج الشریعہ مسجد،کے سامنے نئی عمارت میں معروف قانون داں ایڈوکیٹ ہدایت اللہ کے نوٹری آفس اور C3 کلاسز (Concept Clear Classes) کا مشترکہ افتتاح مالیگاؤں کارپوریشن کی میئر نسرین شیخ کے ہاتھوں پروقار تقریب میں عمل میں آیا۔ تقریب میں شہر کی مختلف معزز شخصیات، تعلیمی ماہرین، اساتذہ، طلبہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔افتتاح کے موقع پر ایڈوکیٹ ہدایت اللہ نے کہا کہ نوٹری آفس کے قیام کا مقصد شہر کی عوام کو قانونی دستاویزات کی تیاری اور نوٹری سے متعلق خدمات ایک ہی مقام پر آسانی کے ساتھ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دستاویزات کی تیاری، رجسٹریشن، خرید و فروخت سے متعلق معاہدوں اور دیگر نوٹریل امور کے لیے شہریوں کو دور دراز جانے کی ضرورت پیش نہ آئے، اسی مقصد کے تحت یہ آفس قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوٹری آفس کے ذریعے عوام کو قانونی معاملات میں ضروری رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ان کے مطابق یہ آفس عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ شہریوں کے لیے قانونی خدمات کی آسان رسائی میں معاون ثابت ہوگا۔
دوسری جانب اسی عمارت میں C3 کلاسز (Concept Clear Classes) کا بھی باقاعدہ آغاز کیا گیا، جسے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ کلاسز کے ذمہ داران پروفیسر مؤمن جمیل سر اور پروفیسر مبشر سردار سر نے بتایا کہ C3 کلاسز میں بالخصوص گیارہویں اور بارہویں سائنس کے طلبہ کے علاوہ NEET ریپیٹرز کے لیے معیاری تعلیمی رہنمائی اور تیاری کا انتظام کیا گیا ہے۔کلاسز کے ذمہ داران کے مطابق ادارے کا مقصد طلبہ کے بنیادی تصورات کو مضبوط بنانا اور انہیں مسابقتی امتحانات کے لیے بہتر انداز میں تیار کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے سے وابستہ تعلیمی سرگرمیوں اور نتائج کا ریکارڈ گزشتہ کئی برسوں سے حوصلہ افزا رہا ہے، جسے مزید بہتر بنانے کے لیے تدریسی نظام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر منتظمین کی جانب سے شہر کے طلبہ اور ان کے والدین کے لیے ایک اہم اعلان بھی کیا گیا۔ ان کے مطابق دیگر تعلیمی اداروں اور کورسز کے مقابلے طلبہ کو تقریباً نصف فیس میں معیاری تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ مالی مشکلات کے باوجود زیادہ سے زیادہ طلبہ معیاری تعلیم سے استفادہ کرسکیں۔منتظمین نے واضح کیا کہ C3 کلاسز کی سرگرمیاں صرف سائنس کے شعبے تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ مستقبل میں آرٹس اور کامرس کے طلبہ کے لیے بھی تعلیمی سہولیات اور رہنمائی کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آئندہ تعلیمی سال سے آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے بھی خصوصی کلاسز شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
طلبہ کی زبان دانی اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے انگلش اور مراٹھی اسپیکنگ کے خصوصی مختصر مدتی کورسز شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق طلبہ کو NEET، JEE اور CET جیسے مسابقتی امتحانات کی تیاری کے ساتھ ساتھ زبانوں پر عبور حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔افتتاحی تقریب میں مقررین نے قانونی اور تعلیمی شعبے میں اس مشترکہ اقدام کو علاقے کی عوام اور طلبہ کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نوٹری آفس کے ذریعے عوام کو قانونی سہولیات آسانی سے دستیاب ہوں گی، جبکہ C3 کلاسز کے ذریعے علاقے کے طلبہ کو معیاری تعلیم اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com