سو بیڈ پر مشتمل واڈیا اسپتال کی نئی عمارت کا جمعہ کو وزیرِ تعلیم دادا بھسے کے ہاتھوں افتتاح
وزیرِ صحت پرکاش آبیٹکر، رابطہ وزیر گریش مہاجن سمیت اہم شخصیات کی شرکت،ملازمین کیلئے 10 فلیٹس کا بھی افتتاح
مالیگاؤں: 30 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ)شہریان مالیگاؤں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی کیلئے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے این۔ این۔ واڈیا اسپتال کا 100 بیڈ پر مشتمل نئی عمارت کا افتتاح 2 اکتوبر بروز جمعہ، شام 5 بجے مہاتما گاندھی کی یومِ پیدائش کے موقع پر عمل میں آئے گا۔اس طرح کی پریس ریلیز مالیگاؤں کارپوریشن کی جانب سے جاری کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب کی صدارت مالیگاؤں کی میئر نسرین خالد کریں گی، جبکہ مہاراشٹر کے وزیرِ تعلیم داداجی بھسے کے ہاتھوں نئی عمارت کا افتتاح ہوگا۔
اس تقریب میں ریاستی وزیرِ صحت پرکاش ابیٹکر، ناسک ضلع کے رابطہ وزیر گریش مہاجن، وزیرِ مملکت برائے صحت میگھنا بورڈیکر، رکنِ پارلیمنٹ شوبھاتائی بچھاؤ اور مالیگاؤں کے رکنِ اسمبلی مولانا مفتی اسماعیل بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کریں گے۔میونسپل کارپوریشن کے شعبۂ تعمیراتِ عامہ کی جانب سے اس 100 بستروں والے اسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسپتال کے احاطے میں ملازمین کی رہائش کے لیے بھی عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ اس رہائشی عمارت میں مجموعی طور پر 10 فلیٹس بنائے گئے ہیں۔
اسپتال کی عمارت کی تعمیر کا کام ناسک کی میسرز آنند کنسٹرکشن نامی ایجنسی کے ذریعے انجام دیا گیا، جبکہ منصوبے کی معمار محترمہ جئے شری آہیر پورانک، ناسک ہیں۔ اس عمارت کی تعمیر کے لیے 14ویں مالیاتی کمیشن کے فنڈز استعمال کیے گئے۔ تعمیراتی کام کا ورک آرڈر 16 نومبر 2021ء کو جاری کیا گیا تھا۔ اسپتال کی عمارت گراؤنڈ فلور کے علاوہ تین منزلوں پر مشتمل ہے۔افتتاحی تقریب میں میونسپل کمشنر رویندر جادھو، ڈپٹی میئر شانِ ہند نہال احمد، ہاؤس لیڈر نہال احمد انصاری، اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ،خواتین و اطفال بہبود کمیٹی کی چیئرپرسن طاہرہ شیخ رشید،اپوزیشن لیڈر ایڈوکیٹ نلیش کاکڑے اور خواتین و اطفال بہبود کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن سلمہ بانو شفیق احمد بھی موجود رہیں گے۔تقریب کے منتظمین میں سٹی انجینئر کیلاش بچھاؤ،چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جتیندر ڈولارے اور ڈپٹی انجینئر شانتا رام چورے شامل ہیں۔مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 2 اکتوبر کو شام 5 بجے منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے پروگرام کی رونق میں اضافہ کریں۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com