مالیگاؤں سمیت ضلع کے 30 ہزار جعلی و غیر فعال راشن کارڈ منسوخ، 25 ہزار سے زائد نئے صارفین کا اندراج
'فرضی ناموں' پر سرکاری راشن کا کھیل ختم! ناسک ضلع سپلائی انتظامیہ کا بڑا ایکشن
ناسک: 4 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ)مالیگاؤں سمیت ضلع ناسک میں راشن کارڈوں کی تصدیق اور معلومات کو اپ ڈیٹ کرنے کی مہم میں زبردست تیزی آ گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شفافیت کو یقینی بنانے اور جعلی یا غیر مستحق افراد کو ہٹانے کے لیے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ضلع بھر سے 29 ہزار 773 (تقریباً 30 ہزار) راشن کارڈ ہولڈرز کو فہرست سے خارج کر دیا ہے۔دوسری جانب انتظامیہ نے 25 ہزار 753 نئے مستحق افراد کے نام راشن کارڈ کی فہرست میں شامل کیے ہیں تاکہ اسکیم کا فائدہ واقعی ضرورت مندوں تک پہنچ سکے۔
سب سے زیادہ اثر ترجیحی خاندان کے کارڈوں پر پڑا
انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، منسوخ کیے گئے راشن کارڈوں میں سب سے زیادہ تعداد ترجیحی خاندان (Priority Household) کے 18 ہزار 527 کارڈوں کی ہے۔ اس کے علاوہ انتودئے یوجنا (Antyodaya Scheme)کے 5 ہزار 502 کارڈ،غیر ترجیحی زمرہ (Non-Priority Category): 3 ہزار 442 کارڈ اور خطِ غربت سے اوپر (Above Poverty Line): 2 ہزار 302 کارڈ کے زمروں میں بے ضابطگیاں پائے جانے پر انہیں فہرست سے ہٹا دیا گیا۔
ہزاروں نئے راشن کارڈ بھی جاری کیے گئے
فہرست سے نام خارج کرنے کے ساتھ ساتھ نئے راشن کارڈ جاری کرنے کے عمل کو بھی زبردست ردِعمل ملا ہے۔ مئی 2026 سے 16 اگست 2026 کے درمیان محض چار ماہ کے عرصے میں 16 ہزار 405 نئے راشن کارڈ تیار کیے گئے۔ اس مہم کے تحت نئے درج ہونے والے افراد کی تفصیلا ت درج ذیل ہیں:ترجیحی خاندان: 19 ہزار 039 افراد،انتودیا یوجنا: 4 ہزار 535 افراد،غیر ترجیحی زمرہ: 1 ہزار 758 افراد،خطِ غربت سے اوپر:421 افراد۔
راشن کارڈ منسوخ کرنے کی بنیادی وجوہات
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی جانچ کے دوران جن وجوہات کی بنا پر کارڈ منسوخ کیے گئے، ان میں اہم وجوہات میں متوفی (فوت شدہ) افراد کے نام طویل عرصے سے درج ہونا۔دوہری رجسٹریشن (جعلی یا ایک سے زیادہ کارڈ ہونا)۔دیگر مقامات پر نقل مکانی (ہجرت) کر جانا۔شادی کے بعد لڑکیوں کے نام پرانے کارڈ میں برقرار رہنا۔تصدیق کے دوران اہلیت کے معیا ر پر پورا نہ اترنا۔"یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی"۔اس طرح کی تفصیلات ضلعی سپلائی آفیسر نے دی ۔اس کارروائی کے حوالے سے معلومات دیتے ہوئے ناسک کے ڈسٹرکٹ سپلائی آفیسر رمیش گائیکواڑ نے بتایا کہ "جن لڑکیوں کی شادیاں ہو چکی ہیں اور جن شہریوں کا انتقال ہو چکا ہے، ان کے نام فہرست سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ ان کی جگہ 25 ہزار سے زائد نئے اور مستحق افراد کو اس اسکیم کا فائدہ دیا گیا ہے۔ راشن کارڈوں کی جانچ اور تصدیق کی یہ مہم آئندہ بھی مستقل طور پر جاری رہے گی تاکہ صرف حقداروں کو ہی سرکاری اناج مل سکے۔"
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com