ناگپور کی 18 معروف اسکولوں اور ضلع کلکٹر آفس کو بم دھماکے کی دھمکی،ہنگامی طور پر اسکولوں کی تعطیل،پولس ہائی الرٹ
ناگپور: یکم ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) ناگپور شہر میں اس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب 18 معروف اسکولوں اور ضلع کلکٹر دفتر کو بم سے اڑانے کی دھمکی پر مشتمل ایک مشتبہ ای میل موصول ہوئی۔ ای میل میں مبینہ طور پر 31 اگست کی تاریخ کا واضح طور پر ذکر کیا گیا تھا، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر متعلقہ اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کردیا۔اطلاعات کے مطابق یہ دھمکی آمیز ای میل 19 اگست کو موصول ہوئی تھی۔ ای میل میں متعلقہ عمارتوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ دھمکی میں 31 اگست کی تاریخ درج ہونے کے باعث پولس اور اسکول انتظامیہ نے کسی بھی قسم کا خطرہ مول نہ لیتے ہوئے طلبہ کی حفاظت کو اولین ترجیح دی۔
دھمکی موصول ہونے کے بعد پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اسکولوں اور ان کے اطراف کی مکمل تلاشی لی۔بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ (BDDS) نے بھی اسکولوں کے احاطوں کی باریک بینی سے جانچ کی، تاہم تلاشی کے دوران کوئی مشتبہ یا قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی۔
پولس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ دھمکی آمیز ای میل کے تعلق سے بنگلہ دیش اور فرانس سے کنکشن کی معلومات حاصل ہوئی تھیں۔ تاہم معاملے کی مکمل حقیقت اور ای میل بھیجنے والے کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔31 اگست کو دھمکی میں درج تاریخ آنے کے باعث پولس انتظامیہ نے مزید احتیاط برتتے ہوئے تمام 18 اسکولوں اور ضلع کلکٹر دفتر کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی۔ پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کو الرٹ رکھا گیا ہے۔پولس نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں اور گھبرانے کے بجائے انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی سرکاری معلومات پر اعتماد کریں۔

0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com