کسمبا روڈ پر جاری موت کا کھیل بند کرو!11جانوں کے ضیاع پر آصف شیخ کا کلکٹر و ایس پی کو الٹی میٹم

 
کسمبا روڈ پر جاری موت کا کھیل بند کرو!11جانوں کے ضیاع پر آصف شیخ کا کلکٹر و ایس پی کو الٹی میٹم

کسمبا روڈ پر جاری موت کا کھیل بند کرو!11جانوں کے ضیاع پر آصف شیخ کا کلکٹر و ایس پی کو الٹی میٹم



اتوار تک فیصلہ نہ ہوا تو پیر کو کریم ناکہ پر اسلام پارٹی کا زبردست راستہ روکو احتجاج



کلکٹر کا ایکشن،این ایچ پی ڈبلیو ڈی اور آر ٹی او کو احکامات، جنم داخلہ معاملہ دس دنوں میں حل کرنے انتظامیہ کی یقین دہانی 






مالیگاؤں/ناسک: یکم ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) کسمبا روڈ المعروف شہید عبدالحمید روڈ پر ہیوی گاڑیوں کی آمدورفت کے باعث مسلسل پیش آنے والے حادثات نے عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 11 افراد کی جان جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے اب انتظامیہ کے خلاف سخت موقف اختیار کرلیا ہے۔ آصف شیخ کی قیادت میں اسلام پارٹی کے وفد نے ناسک پہنچ کر ضلع کلکٹر، ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے ملاقات کی اور کسمبا روڈ پر بڑی گاڑیوں کی آمدورفت فوری طور پر روکنے سمیت دیگر عوامی مسائل پر سخت مطالبات پیش کیے۔آصف شیخ نے کہا کہ کسمبا روڈ پر ہیوی گاڑیوں اور ٹرکوں کی بے تحاشہ آمدورفت کے سبب گزشتہ ایک سال میں تقریباً 11 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ آخر مزید کتنی جانیں جانے کے بعد اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے گا؟انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بڑی گاڑیوں کی آمدورفت پر فوری پابندی عائد کی جائے ۔اس وفد میں کارپوریٹر نہال انصاری، کارپوریٹر اجو لہسن والا ،کارپوریٹر شکیل بیگ سمیت وارڈ کے سرکردہ افراد موجود تھے۔




آصف شیخ کی قیادت میں اسلام پارٹی کے وفد کی جانب سے مسئلہ شدت کے ساتھ پیش کیے جانے کے بعد ضلع کلکٹر نے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ آر ٹی او اور این ایچ پی ڈبلیو ڈی کو کسمبا روڈ پر ہیوی ٹریفک کے مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ضلع ایس پی نے پولس محکمہ کو ہدایت دی کہ مستقل حل ہونے تک صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک بڑی گاڑیوں کی آمدورفت روکنے کے لیے کارروائی کی جائے۔



آصف شیخ نے انتظامیہ کو دوٹوک الفاظ میں انتباہ دیا کہ اتوار تک کسمبا روڈ کے مطالبات پر حتمی فیصلہ نہ ہوا تو پیر کے روز دوپہر 2 بجے کریم ناکہ، خانقاہ مسجد کے قریب زبردست راستہ روکو احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام پارٹی کے کارپوریٹرز اور عوام کی حمایت سے یہ احتجاج کیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک آواز بلند کی جائے گی۔


وہیں دوسری جانب وفد نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے زیرِ التوا جنم داخلہ کا مسئلہ بھی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے سامنے زور دار انداز میں اٹھایا۔ وفد کے مطابق نئے جی آر کے بعد سے سینکڑوں جنم داخلے کارپوریشن کے بعد ضلع پریشد کے آر او کی منظوری کے انتظار میں ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے زیرِ التوا تمام جنم داخلوں کے معاملات کو 10 دن کے اندر نمٹانے کی یقین دہانی کرائی۔ آصف شیخ نے واضح کیا کہ اگر مقررہ مدت میں مسئلہ حل نہیں ہوا تو ضلع پریشد اور متعلقہ سرکاری دفاتر کے سامنے دھرنا اور گھیراؤ کیا جائے گا۔اب کسمبا روڈ پر ہیوی ٹریفک اور جنم داخلوں کے مسئلے کو لے کر اسلام پارٹی کے سخت موقف کے بعد انتظامیہ پر فوری فیصلہ لینے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔اتوار تک انتظامیہ کیا فیصلہ کرتی ہے اور پیر کے احتجاج کی نوبت آتی ہے یا نہیں، اس پر عوام کی نظریں مرکوز ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے