مالیگاؤں ریجنل حج ہاؤس اور فلائی اوور کیلئے شیخ آصف کی مرکزی حکومت میں نمائندگی



مالیگاؤں ریجنل حج ہاؤس اور فلائی اوور کیلئے شیخ آصف کی مرکزی حکومت میں نمائندگی 



سنیل تتکرے اور پارتھ پوار سے ملاقات و سفارش ،مرکزی وزیر اقلیت کرن ریجیجو اور وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری کو میمورنڈم 



مالیگاؤں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے دہلی میں آصف شیخ سرگرم،حج ہاؤس کیلئے 25 کروڑ منظور کرنے کا مطالبہ 




مالیگاؤں/نئی دہلی، 12 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ)مالیگاؤں شہر میں بنیادی سہولیات، ٹریفک نظام، عازمینِ حج کی سہولت اور اقلیتی نوجوانوں کی تعلیمی ترقی کے لیے مختلف اہم منصوبوں کی منظوری حاصل کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ اسی سلسلے میں اسلام پارٹی کے بانی آصف شیخ رشید نے نئی دہلی میں اہم سیاسی و مرکزی حکومت کے لیڈران سے ملاقاتیں کرتے ہوئے مالیگاؤں میں ریجنل حج ہاؤس اور جدید تعلیمی سہولیات کے لیے 25 کروڑ روپے کے فنڈ کے ساتھ ساتھ دو اہم فلائی اوورز کی منظوری کا مطالبہ پیش کیا ہے۔اس طرح کی تفصیلات دہلی سے آصف شیخ نے دی ۔آصف شیخ نے نئی دہلی کے مدر ٹریسا مارگ پر این سی پی کے ریاستی صدر و رکنِ پارلیمنٹ سنیل تتکرے سے ملاقات کی اور مالیگاؤں میں ریجنل حج ہاؤس کے قیام سے متعلق تفصیلی میمورنڈم پیش کیا۔ اس موقع پر مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی میئر نسرین شیخ خالد کی جانب سے جاری کردہ مکتوب بھی پیش کرتے ہوئے سنیل تتکرے سے اپیل کی گئی کہ وہ اس معاملے میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن ریجیجو سے خصوصی سفارش کریں۔آصف شیخ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مالیگاؤں میں جدید سہولیات سے آراستہ ریجنل حج ہاؤس اور حج کمیٹی آفس کے قیام کے لیے 25 کروڑ روپے کی مالی و انتظامی منظوری فراہم کی جائے، تاکہ شمالی مہاراشٹر کے عازمینِ حج کو مقامی سطح پر بہتر سہولیات میسر آسکیں۔میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ مالیگاؤں شمالی مہاراشٹر کا ایک اہم مرکزی شہر ہے، جہاں ناسک، احمد نگر، دھولیہ، نندوربار، جلگاؤں اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں مسلمان عازمینِ حج سفر پر روانہ ہوتے ہیں۔ ایسے میں مالیگاؤں میں ریجنل حج ہاؤس اور حج کمیٹی کے قیام سے عازمین کو حج سے متعلق مختلف کارروائیوں کے لیے دور دراز شہروں کا سفر کرنے کی پریشانی سے نجات مل سکتی ہے اور ان کے سفری اخراجات میں بھی کمی آسکتی ہے۔مجوزہ حج ہاؤس میں حج درخواستوں سے متعلق رہنمائی، دستاویزات کی جانچ، طبی معائنہ، ویکسینیشن، حج تربیتی پروگرام، رہنمائی کیمپ اور دیگر ضروری سہولیات ایک ہی مقام پر فراہم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔آصف شیخ نے لیڈران کو بتایا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مجوزہ حج ہاؤس کے لیے زمین فراہم کرنے کی کارروائی بھی آگے بڑھائی جاچکی ہے۔ میئر شیخ نسرین بانو کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی جنرل بورڈ میٹنگ میں قرارداد نمبر 67، مورخہ 2 جولائی 2026 کے ذریعے اسلام پورہ وارڈ کے سروے نمبر 78، نیا فارن ہسپتال کے سامنے واقع تقریباً ایک ایکڑ اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
 

دوسری جانب مالیگاؤں کے بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل اور حادثات کی روک تھام کے لیے آصف شیخ نے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت دادا پوار کے فرزند پارتھ پوار سے بھی نئی دہلی میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں مالیگاؤں کے اہم ترقیاتی اور بنیادی مسائل کے ساتھ شہر کی مصروف شاہراہوں پر فلائی اوورز کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر آصف شیخ نے مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و شاہراہ نیتن گڈکری کے نام ایک سفارشی مکتوب بھی پیش کیا، جس میں مالیگاؤں کے دو اہم راستوں پر فلائی اوور برج کی منظوری اور تعمیر کا مطالبہ کیا گیا ہے۔پہلی تجویز کسمبا روڈ (شہید عبدالحمید روڈ) پر فلائی اوور کی تعمیر سے متعلق ہے، جو میونسپل کارپوریشن کی حدود سے نئے بس اسٹینڈ تک جاتا ہے۔ دوسری تجویز سخاوت ہوٹل سے درے گاؤں (ریلائبل اسٹیٹ) تک فلائی اوور تعمیر کرنے کی ہے۔آصف شیخ نے ملاقات کے دوران بتایا کہ مذکورہ دونوں شاہراہیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) کے زیرِ انتظام نیشنل ہائی وے کا حصہ ہیں۔ ان راستوں پر ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، جس کے باعث حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے اور ماضی میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔آصف شیخ نے مرکزی حکومت اور متعلقہ وزارتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ مالیگاؤں کے ٹریفک مسائل اور عوام کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں فلائی اوور منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر منظوری دی جائے، ضروری فنڈز مختص کیے جائیں اور تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے۔یہاں دونوں ہی لیڈران نے مالیگاؤں کو فنڈ فراہم کرنے کا مثبت تیقن دیا ۔اس موقع پر پارٹی کے قومی صدر نوید خطیب احمد اور رفیق شیخ بشارت بھی موجود تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے