مالیگاؤں:ایک ہی دن 4 دردناک حادثات: 2 افراد جان بحق، 2 شدید زخمی، سیر و تفریح اور شاہراہ پر بے احتیاطی جان لیوا ثابت ہوئی
عازم حسین گرنا ڈیم میں غرقآب، 16سالہ انصاری عبد الرحمٰن دردناک سڑک حادثہ میں جاں بحق
مالیگاؤں: 26 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر اور اطراف کے علاقوں میں ایک ہی دن کے دوران چار مختلف اور دردناک حادثات پیش آئے، جن میں دو افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے جن کا نجی اسپتال میں علاج جاری ہے۔اس ضمن میں سماجی خدمتگار شفیق اینٹی کرپشن، خالد ایس کے عارف ایا اور شکیل تیراک نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کہ پہلا افسوسناک واقعہ گرنا ڈیم (گرنا ندی) کے پاس پیش آیا، جہاں سیر و تفریح اور نہانے کی غرض سے گئے ہوئے رمضان پورہ کے رہائشی عازم حسین اجمل حیات (عمر 38 سال) پانی کے تیز بہاؤ اور گہرائی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ وہاں موجود ساتھیوں اور سماجی کارکنوں نے انہیں پانی سے باہر نکال کر سی پی آر (CPR) دیا اور فوری طور پر فاران اسپتال پہنچایا، لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
دوسرا حادثہ گرنا ڈیم فاٹے اور دیوڑ کے قریب قومی شاہراہ (ہائی وے) پر پیش آیا۔ مسلم نگر کے رہائشی انصاری عبد الرحمٰن افروز احمد (عمر 16 سال) اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہوکر گرنا ڈیم چالیسگاؤں روڈ پر جارہے تھے کہ پیچھے سے ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر کے نتیجے میں دردناک حادثہ پیش آیا اور ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی اپنی والدہ کا اکلوتا سہارا تھا۔
اسی دن شہر کے دیگر علاقوں اور ہائی وے پر بھی مزید روڈ حادثات پیش آئے، جن میں دو افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔
ان افسوسناک واقعات کے بعد مالیگاؤں کے سماجی کارکنوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ ڈیم اور ندی نالوں کے خطرناک حصوں پر سیر و تفریح کے دوران احتیاط برتیں اور بچوں کو پانی کے قریب جانے نہ دیں۔اس کے علاوہ شاہراہوں پر چھوٹی عمر کے بچوں کو گاڑی چلانے سے روکنے اور ہائی وے پر سیفٹی رولز پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com