گرفتار کرنا ہے تو کرلیں، عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،ووٹروں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں، مسائل حل نہ ہوئے تو راستہ روکو اندولن، آصف شیخ کا انتظامیہ کو سخت انتباہ

 گرفتار کرنا ہے تو کرلیں، عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،ووٹروں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں، مسائل حل نہ ہوئے تو راستہ روکو اندولن، آصف شیخ کا انتظامیہ کو سخت انتباہ 



اسلام پارٹی کا الیکشن انتظامیہ کو دو ٹوک انتباہ،انومریشن فارم تقسیم و جمع کرنے میں تیزی لانے پر زور



چند بی ایل اوز کی شکایت، عوام کے ووٹ کا تحفظ اولین ترجیح، فارم تقسیم و ڈیجیٹائزیشن میں رکاوٹیں ناقابلِ برداشت: اسلام پارٹی کی جائزہ میٹنگ 







مالیگاؤں : 24 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) اسلام پارٹی کی جانب سے تمام عہدیداروں، کارپوریٹروں اور ورکروں کی ایک اہم جائزہ میٹنگ سکینہ ہال نئے فاران ہاسپٹل کے سامنے جمعہ کو بعد نماز عشاء پارٹی کے صدر نوید خطیب کی صدارت میں منعقد کی گئی، جس میں عوام کو درپیش مسائل، خصوصی طور ایس آئی  سروے فارم تقسیم اور ڈیجٹائزیشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس میٹنگ  میں ورکروں اور کارپوریٹرس کی جانب سے بتایا گیا کہ کئی علاقوں میں بعض بی ایل اوز (BLOs) کی جانب سے ووٹروں میں فارم تقسیم نہیں کیے جا رہے ہیں،جس کی وجہ سے عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میٹنگ میں کارکنان کو ہدایت دی گئی کہ وہ گھر گھر پہنچ کر عوام میں بیداری پیدا کریں، وارڈ وائز اور ووٹر لسٹ کے مطابق اہل ووٹروں کی شناخت کرتے ہوئے فارم تقسیم کرائیں اور انہیں بھروا کر جمع کرنے میں مکمل تعاون کریں۔اس میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوام اور بی ایل اوز کے درمیان بہتر رابطہ قائم کیا جائے اور تمام بی ایل اوز سے اپیل کی جائے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور تیزی کے ساتھ انجام دیں تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔


آصف شیخ کی قیادت میں اسلام پارٹی نے اعلان کیا کہ بی ایل اوز کے کام سے متعلق تمام شکایات پرانت آفیسر کے سامنے پیش کی جائیں گی اور ان مسائل کے فوری حل کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر آصف شیخ نے کہا کہ پرانت آفیسر کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 50 فیصد بی ایل اوز قابلِ تعریف انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور اسلام پارٹی ایسے بی ایل اوز کا استقبال اور حوصلہ افزائی کرے گی، جبکہ باقی 50 فیصد بی ایل اوز کی کارکردگی غیر اطمینان بخش ہے، جن کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔میٹنگ میں آصف شیخ نے کہا کہ یہاں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر پیر تک بی ایل اوز کے طریقۂ کار میں بہتری نہیں آئی تو اسلام پارٹی کی جانب سے وارڈ وائز "راستہ روکو" احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ بعض بی ایل اوز جان بوجھ کر فارم تقسیم نہیں کر رہے ہیں، جس کی شکایت سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے متعلقہ انتخابی افسران میں پرانت آفسیر ،کمشنر اور پولس انتظامیہ سے بھی کی ہے۔



 آصف شیخ نے کہا کہ اگر ان تمام مسائل کو جلد از جلد حل نہیں کیا گیا تو 29 تاریخ کے بعد کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام پر ہنگامی دھرنا اور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی مکمل ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر احتجاج کے دوران پولیس انہیں گرفتار بھی کرتی ہے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں، تاہم عوامی خدمت اور ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔آصف شیخ نے کہا کہ آئندہ جمعہ کو وارڈ وائز اسلام پارٹی کے ورکر گلی گلی گھوم کر عوام کے فارم جمع کرنے کیلئے بیداری لائیں ۔اپنے تمام کام درکنار کر عوامی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کریں ۔انہوں نے کہا کہ عوام سب دیکھ رہی ہے کہ کون ایسے مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑا ہے اس لیے عوام کے فارم بھریں اور جمع کریں ۔آصف شیخ نے کہا کہ کاغذات کیلئے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، پہلے اپنا فارم بھریں اور جمع کریں ۔آئندہ بھی اسلام پارٹی نوٹس اور شنوائی کے وقت عوام کے کاغذات درست کروانے کیلئے مدد کرنے تیار ہے ۔اس موقع پر اسلام پارٹی کے تمام عہدیداروں ورکروں اور کارپوریٹرس موجود تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے