مہاراشٹر میں ایس آئی آر :اسکولوں کے اوقات اور اساتذہ کے طریقہ کار میں تبدیلی کی ہدایات جاری

 مہاراشٹر میں ایس آئی آر :اسکولوں کے اوقات اور اساتذہ کے طریقہ کار میں تبدیلی کی ہدایات جاری


بی ایل او اساتذہ کی سہولت کیلئے 30 جولائی تک اسکولوں کو صبح کے اوقات میں چلایا جائے 



پونہ : 7 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) ریاست مہاراشٹرا میں اسمبلی حلقوں کی ووٹر لسٹوں کو مکمل طور پر خامیوں سے پاک، اپ ڈیٹ اور درست بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ایک بڑی 'خصوصی گہری نظرِ ثانی' (SIR) مہم شروع ہے۔ اس قومی فریضے کو ترجیحی بنیادوں پر اور وقت کی مقررہ حد میں مکمل کرنے کے لیے محکمہ تعلیم نے اساتذہ کی تعلیمی اور انتخابی ذمہ داریوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے حوالے سے اہم احکامات جاری کر دیے ہیں۔ پرائمری ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ، مہاراشٹرا کے ڈائریکٹر شرد گوساوی کی جانب سے ریاست کے تمام ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹرز، ضلع پریشد کے تعلیمی افسران اور میونسپل کارپوریشنز کے انتظامی افسران کو ایک سرکاری مکتوب جاری کیا گیا ہے، جس میں اسکولوں کی سطح پر فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔



محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ مکتوب کے مطابق، جن اساتذہ کو ووٹر لسٹ کی درستی کے لیے بوتھ لیول آفیسر (BLO) مقرر کیا گیا ہے، مہم کے دوران ان کے تعلیمی کاموں کی خصوصی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ بی ایل او ڈیوٹی پر مامور اساتذہ کی سہولت کے لیے 30 جولائی 2026 تک اسکولوں کو صبح کے سیسن میں چلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، ان اساتذہ کے پڑھانے کے روزانہ کے پیریڈز کو ممکنہ حد تک کم سے کم رکھا جائے گا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر مسلسل ترتیب دیا جائے گا، تاکہ وہ اپنا تعلیمی کام جلد مکمل کر کے بقیہ وقت میں انتخابی ڈیوٹی تندہی اور مہارت سے نبھا سکیں۔


اس مہم کو گرینڈ لیول پر کامیاب بنانے کے لیے اسکول انتظامیہ کو داخلی سطح پر بھی تبدیلیاں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ احکامات کے مطابق، جن اساتذہ کی BLO ڈیوٹی نہیں لگی ہے، وہ ڈیوٹی پر موجود ساتھی اساتذہ کے تعلیمی اور دیگر متعلقہ کاموں میں بھرپور تعاون کریں گے۔ اسکول کے سربراہان (ہیڈ ماسٹرز) کو اندرونی کاموں کی اس طرح تقسیم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کہ BLO اساتذہ پر اضافی کام کا بوجھ نہ پڑے اور اسکول کا نظام بھی متاثر نہ ہو۔


سرکاری مکتوب میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا ہے کہ ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ اور خامیوں سے پاک کرنے کا یہ پروگرام تقریباً 24 سالوں کے طویل عرصے کے بعد اتنے بڑے پیمانے پر ہاتھ میں لیا گیا ہے، اس لیے اس کام میں بوتھ لیول آفیسر (BLO) کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ڈائریکٹر تعلیم نے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام اسکولوں سے ان احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں اور مقررہ وقت کے اندر ڈائریکٹوریٹ کو مجموعی تعمیل رپورٹ جمع کرائیں۔ اس اہم مہم کی نگرانی اور باہمی تال میل کے لیے خط کی کاپیاں چیف الیکشن آفیسر، سکریٹری اسکول ایجوکیشن، تمام اضلاع کے کلکٹرز اور میونسپل کارپوریشنز کے کمشنرز کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے