ایک سورج تھا کہ تاروں کے گھرانے سے اٹھا آنکھ حیران ہے کیا شخص زمانے سے اٹھا




”وہ جو بیچتے تھے دوائے دل وہ دکان اپنی بڑھا چلے“
                   🌹 خراجِ تحسین 🌹
بہ موقع اوّلین بَرسی مقبول و محبوب عوامی رہنما
                مرحوم شیخ رشید صاحب

       جھونکے نسیمِ خُلد کے ہونے لگے نِثار 
       جنت کو اس گلاب کا تھا کب سے انتظار

   شہرِ عزیز مالیگاؤں کے تعمیر و ترقی پسند، انسانیت نواز و دوراندیش سیاسی رہنما، سابق صدر بلدیہ، سابق رُکنِ اسمبلی و سابق میئر محترم شیخ رشید حاجی شیخ شفیع صاحب نے گذشتہ برس 4 دسمبر سـ2023ـنہء بروز پیر کی شَب ناسِک شہر کے نائن پلس ہاسپٹل میں دورانِ علاج داعی اجل کو لبیک کہا اور اپنے اہلِ گلستاں کو روتا، بلکتا و سسکتا چھوڑ کر دار بقاء و قرار کیجانب کوچ کر گئے...!

       ایک سورج تھا کہ تاروں کے گھرانے سے اٹھا
       آنکھ حیران ہے کیا شخص زمانے سے اٹھا

ہردلعزیز عوامی رہنما محترم شیخ رشید صاحب کی رحلت شہریانِ مالیگاؤں کے تئیں بے لوث سیاسی و سماجی خدمات کے شاندار عہد کا خاتمہ ثابت ہواـ شہرِ عزیز مالیگاؤں نے ایک ایسا مقبول و محبوب عوامی رہنما کھو دیا جو اپنی پوری زندگی اپنی قوم و ملت اور اپنے شہر کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتا رہاـ سیاسی بصیرت و حکمتِ عملی اور سماجی و ملی شعور محترم شیخ رشید صاحب کا طرئہ امتیاز تھاـ وہ سب کے تھے اور سب ان کے تھے، سبھی طبقات کا احترام انہیں حاصل تھاـ مقبولیت و محبوبیت کا دائرہ مسلمانوں کے تمام مسالک و مکاتب فکر سے گذر کر برادرانِ وطن تک پھیلا ہوا تھاـ سخاوت، فراخ دلی، فیاضی، بیباکی، بیدار مغزی، اولوالعزمی، مزدوروں، مجبوروں، یتیموں و مسکینوں کی دادرسی اور قوم و ملت کی صحیح رہبری و رہنمائی نے محترم شیخ رشید صاحب کی شخصیت کو پُراعتماد بنا دیا تھاـ انہوں نے اپنی منزل اور اپنا راستہ خود متعین کیا، وسعتِ ظرف، کثرتِ عمل اور جرات مندی ان کی شناخت تھی- محترم شیخ رشید صاحب اپنے چاہنے والوں کیلئے ایک انجمن و گراں قدر متاع تھےـ ان کی انسان دوستی و رواداری، محبت و اخوت، یکجہتی و سالمیت، بے لوث سماجی و عوامی خدمات اور بامقصد و بافیض تعمیری کارہائے نمایاں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے...!

       کلیوں کو میں سینے کا لہو دے کے چلا ہوں
       صدیوں مجھے گلشن کی فضا یاد کرے گی

مرحوم شیخ رشید حاجی شیخ شفیع صاحب کی اوّلین برسی کے موقع پر ہم بصمیم قلب و بصد احترام خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خداوند روؤف و مہربان کی بارگاہِ قدس و رحمت میں التجا کرتے ہیں کہ وہ مرحوم شیخ رشید صاحب کو اپنی عفو و بخشش سے جوارِ رحمت، جوارِ اقدس اور بارگاہِ عزت و جلال میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے... آمین ثم آمین یا رب العالمین !

        ابرِ رحمت ان کے مرقد پر گہر باری کرے
        حشر تک شانِ کریمی ناز برداری کرے

منجانب :-
ہمدردانِ خانوادۂ شیخ رشید حاجی شیخ شفیع صاحب

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے