سلیپر بس اور ٹیمپو کے درمیان خوفناک تصادم ، 8 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک
جئے پور : 20 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) راجستھان میں ایک سلیپر بس اور ایک ٹیمپو میں تصادم ہوا اور 11 لوگوں کی موت ہو گئی۔ حادثے میں مرنے والے تمام افراد کسی تقریب میں گئے ہوئے تھے۔ وہاں سے واپسی کے دوران رات دیر گئے یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد پولس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ لاشوں کو مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔
اس سلسلے میں موصولہ اطلاع کے مطابق راجستھان میں نیشنل ہائی وے 11B پر بادی تھانہ حدود میں سنی پور گاؤں کے قریب دیر رات ایک حادثہ پیش آیا۔سلیپر کوچ بس اور ٹیمپو کے درمیان تصادم اتنا شدید تھا کہ 11 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔جاں بحق ہونے والوں میں 8 چھوٹے بچے، دو خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ حادثے میں مرنے والے تمام لوگ بادی شہر کے گمٹ محلہ میں رہتے تھے۔ وہ بارولی گاؤں میں ایک پروگرام سے واپس آرہے تھے۔
تمام مرنے والے ایک دوسرے کے رشتہ دار ہیں۔جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 6 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔ تو ایک مرد کی عمر 38 اور دو خواتین کی عمر 35 ہے۔اس کے علاوہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے۔ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ڈپٹی کلکٹر اور دیگر اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔انہوں نے حادثے کی معلومات لی اور انتظامیہ کو زخمیوں کی مدد کرنے کا حکم دیا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com