راشٹر وادی کانگریس اپنے سیکولر اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرے گی ، ہم اقلیتوں کیساتھ پوری طاقت سے کھڑے ہیں : پرفل پٹیل



راشٹر وادی کانگریس اپنے سیکولر اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرے گی ، ہم اقلیتوں کیساتھ پوری طاقت سے کھڑے ہیں : پرفل پٹیل
 



دہلی میں این سی پی اقلیتی سیل کی میٹنگ کا انعقاد ، سنیل تتکڑے پرفل پٹیل اور قومی اقلیتی صدر سید جلال الدین کا خطاب 




نئی دہلی، 21 دسمبر(ایجنسی)دہلی میں منعقدہ راشٹروادی کانگریس پارٹی اقلیتی شعبہ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کےکار گذار صدر اور سابق مرکزی وزیر پرفل پٹیل نے آج یہاں کہاکہ پارٹی اقلیتوں کے مسائل سے کسی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جانے والے پاکستان 1997 میں جا چکے ہیں، اور پارٹی اقلیتوں کیساتھ پوری طاقت سے کھڑی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کے لیڈروں سے سماج کے اندر تعلیم کے لئے بیداری مہم چلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اقلیتی سماج کے بچے تعلیم کے میدان میں انقلاب برپا کریں تاکہ وہ دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی اقلیتوں کیساتھ پوری طاقت کیساتھ کھڑی ہے۔ پرفل پٹیل کا کہنا تھا کہ کسی کو یہ شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ ہم سکولر جماعت نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہماری بنیادوں میں سیکولرازم موجود ہے ۔ آئین اور قانون کی بالادستی پر ہمارا پورا یقین ہے۔ پرفل پٹیل نے مسلم ، کرسچن ، جین ، بودھ ، سکھ ، پارسی سمیت تمام اقلیتی طبقوں کے لیڈروں سے اپیل کی کہ پوری طاقت کیساتھ پارٹی کے منچ پر اپنی قوموں کے مسائل اٹھائیں اور پارٹی اسے حل کرانے کیلئے پوری طاقت کیساتھ جدو جہد کرے گی ۔ پرفل پٹیل نے کہاکہ مظلوم کوئی بھی ہو، ہم اس کے حق میں آواز بلند کریں گے اور کبھی بھی مظلوموں کو مایوس نہیں ہونے دیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کے پاس ایک مضبوط آئین ہے اور بابا صاحب امبیڈکر کی قیادت میں بنائے گئے اس آئین میں تمام طبقوں کے مسائل کا مکمل حل موجود ہے۔ اس میں سبھی کے حقوق کی ضمانت ، اظہار رائے کی آزادی اور اپنے مذاہب پر چلنے کی پوری گیارینٹی دی گئی ہے ۔کوئی بھی انسان آئین سے بالاتر نہیں ہے۔ 


اس میٹنگ میں این سی پی مہاراشٹر کے صدر اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری سنیل تٹکرے نے اپنے بیان میں کہاکہ پارٹی میں سبھی کا استقبال ہے اور سب لوگوں کو اپنی بات کہنے کی آزادی ہے اور سبھی کےمسائل پارٹی میں سنے اور حل کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کسی بھی سماج کو مایوس نہیں کرے گی اور آئین میں ان کو دی گئی ضمانت کی تکمیل کیلئے جد وجہد کرے گی ۔

راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور اقلیتی امور کے قومی صدر ایڈوکیٹ سید جلال الدین نے پارٹی میٹنگ میں آئے اپنے تمام لیڈران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے صدر اجیت پوار ، پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے سمیت تمام لوگوں کے مشکور و ممنون ہیں جنہوں نے ہمیں یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ہم اقلیتوں کے مسائل کیلئے جدوجہد کریں گے۔ سید جلال الدین نے کہاکہ بھارت ایک کثیر مذاہب اور کثیرلسانی ملک ہے۔ اس کی جڑوں میں سیکولرازم اور اہنسا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرستی کا مقابلہ صرف محبت ، پیار اور بھائی چارے سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں جس طرح صوفی، سنتوں نے خود کو سماج کیلئے مفید بنایا اسی طرح ہمیں بھی سماج کیلئے خود کو مفید بنانا ہوگا۔ انہوں نے اقلیتی طبقات سے آنے والے بچوں سے تعلیم کیساتھ تربیت کے میدان میں اعلیٰ کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ ہم اقلیتوں کی نمائندہ جماعتوں سے اپیل کریں گے کہ وہ اپنے اپنے مسائل سے پارٹی کو روبرو کرائیں اور ہم انہیں پارٹی فورم پر پوری طاقت کیساتھ اٹھائیں گے اور سرکاروں کیساتھ مل کر ان کے حل کیلئے جد و جہد کریں گے۔ اس موقع پر میٹنگ میں ملک بھر سے پارٹی کے لیڈران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے