دادا بھسے سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے فساد بھڑکانے کی کوشش کررہے ہیں ، شیخ رشید کا پریس کانفرنس میں سنسنی خیز الزام


دادا بھسے سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے فساد بھڑکانے کی کوشش کررہے ہیں ، شیخ رشید کا پریس کانفرنس میں سنسنی خیز الزام



پرامن مالیگاؤں میں ہندو جن آکروش مورچے کا انعقاد کرنا فرقہ پرستی کو بڑھاوا دینے جیسا، اہل حدیث مسجد کے احاطہ پر فرقہ پرستوں کی بری نظر 


 ہندو مسلم بھائی چارہ اور امن برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ، سنیچر کو شہریان امن مارچ میں سفیدجھنڈوں کیساتھ تشریف لائیں  




مالیگاؤں : 30 جون (بیباک نیوز اپڈیٹ) گزشتہ کئی مہینوں سے مالیگاؤں شہر کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں ۔شہر میں ہندو مسلم دونوں مذاہب کے لوگ  برسوں سے مل جل کر رہ رہے ہیں۔لیکن دیکھنے میں آرہا ہے کہ کچھ صاحب مسند افراد بھی امن کیلئے کوئی جدوجہد کرتے نظر نہیں آرہے ہیں بلکہ اس کے برعکس ہندو مسلم سماج میں تفرقہ پھیلانے کی زیادہ کوشش کی جارہی ہیں ۔ابھی حال ہی میں سکل ہندو سماج کی جانب سے مالیگاؤں میں 2 جولائی کو ہندو جن آکروش مورچہ نکالنے کا اعلان کیا گیا اور اس کیلئے دو جولائی کو نتیش رانے اور انکے ساتھ بیھما کورے گاؤں کی ایک بی جے پی لیڈر مالیگاؤں تشریف لا رہی ہیں ۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں ہندوؤں پر ظلم کیخلاف ہندو ایکتا کا نعرہ دیا جو کہ شہر کے امن کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ۔اسطرح کے جملوں کا اظہار سابق ایم ایل اے شیخ رشید نے کیا ۔موصوف ہزار کھولی رابطہ آفس پر منعقدہ اردو صحافیوں کی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔شیخ رشید نے کہا کہ ریاست میں برسرِ اقتدار بی جے پی اور شندے گروپ کے کچھ لیڈران و وزراء پورے مہاراشٹر میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔


سابق میئر و سابق ایم ایل اے شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ پانچ چھ مہینوں سے مالیگاؤں شہر کے پر امن حالات کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن ہندو مسلم عوام نے سمجھداری کا مظاہرہ کیا اور ابھی تک شہر کا امن قائم ہے ۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے مالیگاؤں شہر سے گڑھ کی یاترا پرامن طریقے سے گزر جاتی ہیں لیکن پچھلے سال اور اس سال اس یاترا کے موقع پر چند فرقہ پرست عناصر جو آؤٹر حلقہ کی سیاست میں شامل ہیں نے گڑبڑ پیدا کرنے اور ماحول خراب کرنے کی پوری کوشش کی لیکن پولس انتظامیہ اور ہندو مسلم عوام نے انکی ناپاک حرکت کو خاک میں ملا دیا ۔

شیخ رشید نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ابھی چند روز پہلے موسم پل کی اہل حدیث مسجد کے احاطہ میں لگے برگد کے درخت پر چند نامعلوم فرقہ پرستوں نے گھنٹہ باندھ کر اس پر گیرو رنگ لگا دیا تھا تاکہ شہر کا امن خراب ہوجائے جیسے ہی ۔ہمیں اسکی معلومات ملی ہم نے بروقت پولس انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کیا ۔تب کہیں اس گھنٹے کو نکالا گیا ۔شیخ رشید نے کہا کہ بیس سالوں سے اقتدار کا مزہ لینے والے دادا بھوسے نے مالیگاؤں شہر کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا اور اب شیو سینا سے غداری کرکے شندے گروپ میں شامل ہوئے تو انہیں انکی شکست صاف طور پر نظر آرہی ہیں اور شکست کے خوف سے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اسی لئے دادا بھسے مالیگاؤں شہر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ انہیں سیاسی فائدہ حاصل ہوسکے ۔شیخ رشید نے کہا کہ دادا بھسے نے مالیگاؤں شہر کے امن کیلئے کبھی امن کمیٹی کی میٹنگ طلب نہیں کی ۔جبکہ دادا بھسے ضلع کے پالک منتری ہیں ۔امن کیلئے انہوں نے کوئی بھی کوشش نہیں کی۔انہیں امن کیلئے کوششیں کرنا چاہیے تھی ۔لیکن پالک منتری چاہتے ہیں کہ مالیگاؤں شہر میں حالات خراب ہو اور انکا الیکشن سیدھا ہوجائے ۔شیخ رشید نے مالیگاؤں شہر کے تمام ہندو مسلم بھائیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر میں امن امان قائم رکھنے کیلئے سمجھداری کا مظاہرہ کریں ۔موصوف نے کہا کہ شہر کے حالات کو پراگندہ کرنے کیلئے ایک طرف ہندو جن آکروش مورچہ نکالا جارہا ہے لیکن ہم نے بھی شہر کے امن کو باقی رکھنے کیلئے 2 جولائی کو امن مارچ کیلئے پولس انتظامیہ سے اجازت طلب کی ہے ۔


شیخ رشید نے کہا کہ انسانیت بچاؤ سنگھرش سمیتی کے بینر تلے مورخہ 2 جولائی کو دوپہر 1 بجے چار مینار ہوٹل نزد دگڑو آئل مل آگرہ روڈ سے موسم پل گاندھی مجسمہ تک ایک خاموش امن مارچ نکالا جارہا ہے جس میں سفید جھنڈوں کیساتھ شہر کے تمام ہندو مسلم بھائی شرکت کررہے ہیں ۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ایس پی سے بات ہوئی اور ان سے پرمیشن طلب کیا گیا ہے ۔شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پولس اجازت دے یا نہ دے شہر کے امن و امان کیلئے مورچہ ہر حال میں نکلے گا ۔انہوں نے کہا کہ شہری ایم ایل اے مفتی اسمٰعیل قاسمی کی بھی ذمہ داری ہے کہ امن قائم کرنے کیلئے کم از کم اپنی زبان کھولے۔شیخ رشید نے کہا کہ شہر میں سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے زبردستی فرقہ پرستی کو بڑھاوا دیا جارہا ہے ۔کم از کم مفتی اسماعیل کو عید کے دن اپنے خطاب میں شہر کے امن و امان کیلئے کچھ کہنا تھا لیکن انہوں نے ہمیشہ کی طرح سیاسی بیان دیکر شہریان کی امید پر پانی پھیر دیا ہے ۔انہوں نے امن کیلئے کوئی پیغام نہیں دیا ۔شیخ رشید نے کہا کہ مالیگاؤں شہر کے امن کو نقصان پہنچتا ہے تو ناسک ضلع کے پالک منتری، شہری ایم ایل اے اور پولس انتظامیہ ذمہ دار رہے گی۔شیخ رشید نے تمام سیاسی جماعتوں اور ہندو مسلم تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس امن مارچ میں کثیر تعداد میں شرکت کریں اور اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیں ۔اس پریس کانفرنس میں اسلم انصاری و شکیل بیگ موجود تھے ۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے