اپنا استعفیٰ واپس لیں، شرد پوار سے مالیگاؤں راشٹروادی کانگریس پارٹی کا مطالبہ، گاندھی مجسمہ پر احتجاج



اپنا استعفیٰ واپس لیں، شرد پوار سے مالیگاؤں  راشٹروادی کانگریس پارٹی کا مطالبہ، گاندھی مجسمہ پر احتجاج 
 




مالیگاؤں : 2 مئی (بیباک نیوز اپڈیٹ) شرد پوار کی ضرورت صرف راشٹروادی کانگریس کو ہی نہیں بلکہ پورے ملک کو ہے، پوار صاحب اپنا استعفیٰ واپس لیں ۔یہ پارٹی اور ملک کے حق میں بہتر ہوگا ۔آج جتنی ضرورت راشٹروادی کانگریس پارٹی کو پوار صاحب کی ہے اتنی ہی ضرورت پورے ملک و ریاست کو بھی انکی ہے ۔آج ریاست سمیت ملک بھر فرقہ پرستی عروج پر ہے ایسے میں ایک سیکولر لیڈر کا اپنی سیاسی جماعت کی قومی صدارت سے استعفیٰ دینا افسوسناک سیاسی واقعہ ہے ۔اسطرح کے جملوں کا اظہار  راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ضلعی صدر آصف شیخ رشید نے کیا ۔موصوف نے شرد پوار کے استعفیٰ کے بعد ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے استعفیٰ واپس لینے کا مطالبہ مالیگاؤں شہر و تعلقہ کی عوام کی جانب سے کیا ۔آصف شیخ رشید مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کے تمام ورکروں، عہدیداروں کی جانب سے گاندھی پتلہ پر شرد پوار اپنا استعفیٰ واپس لیں اسکے لئے مطالباتی احتجاج کررہے تھے ۔آصف شیخ کی قیادت میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ورکروں نے پوار صاحب اپنا استعفیٰ واپس لیں،واپس لیں، اپنا استعفیٰ واپس لیں کا فلک شگاف نعرہ لگایا ۔اس موقع پر آصف شیخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یشونت راؤ پرتشٹھان ممبئی میں منعقدہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے تمام یونٹ و سیل کے صدر و عہدیداران و ایم ایل ایز و ایم پیز کی میٹنگ کے دوران اچانک شاکنگ فیصلہ لیتے ہوئے پارٹی کی قومیں صدارت سے اپنا استعفیٰ دے دیا ۔جس سے پوری ریاست و ملک بھر میں ہلچل مچ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پوار صاحب اپنا فیصلہ واپس لینگے ۔آصف شیخ رشید نے کہا کہ آج خواتین، نوجوانوں اور ملک کے دستور کیلئے شرد پوار کی رہنمائی کی ضرورت ہے ۔آئندہ اسمبلی و پارلیمنٹ چناؤ شرد پوار کی قیادت میں مہاوکاس اگھاڑی اور مرکزی سطح پر اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد سے بی جے پی کو گھر کا راستہ بتایا جاسکتا ہے ۔اسی لئے آج شرد پوار کی رہنمائی کی اشد ضرورت ہے ۔گاندھی مجسمہ پر دئے گئے دھرنے میں شکیل جانی بیگ، ریاض علی ،رئیس عثمانی، چوہان، راجیندر بھونسلے ،نریندر سونونے ،الطاف کرانہ والا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شرد پوار کا استعفیٰ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

یہاں اسلم انصاری ،رفیق کھجور والا، اخلاق شاہ ،نثار راشن والا، آصف باردان والا ،منان بیگ، سمیت راشٹروادی کانگریس پارٹی کے درجنوں ذمہ داران، ورکروں عہدیداروں نے شرکت کی ۔اس موقع پر آج ممبئی میں شرد پوار کے استعفیٰ کے بعد ہورہے احتجاج میں مالیگاؤں شہر سے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے یوا صدر اجو لہسن والا اور نائب صدر منموہن شیواڑے بھی اپنے نوجوانوں کے ساتھ حاضر تھے ۔یہاں انہوں نے بھی شرد پوار اپنا استعفیٰ واپس لو کا نعرہ لگا کر احتجاج میں شرکت کی ۔دوسری جانب معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ رشید بھی ہنگامی طور پر ممبئی کیلئے روانہ ہوگئے ہیں ۔یہاں موصوف پارٹی ہائی کمان سے ملاقات کرنے کے بعد شرد پوار کے استعفیٰ واپس لینے کا مطالبہ کریں گے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے