گیارہ جون کو 40 جوڑوں کا اجتماعی نکاح،سُنّت و سادگی سے نکاح کو انجام دینے کا پیغام



گیارہ جون کو 40 جوڑوں کا اجتماعی نکاح،سُنّت و سادگی سے نکاح کو انجام دینے کا پیغام 



حضرت شاہ ثقلین اکیڈمی آف انڈیا مالیگاؤں یونٹ کے زیر انصرام،جشن شاہ شرافت کے زیر سایہ اجتماعی نکاح کی تیاریاں مکمل




مالیگاؤں : 27 مئی (پریس نوٹ/بیباک نیوز اپڈیٹ) الحمدُ للّٰہ !  11,جون 2023ء بروز اتوار کو انصار جماعت خانہ بنکر لانس میں 40, جوڑوں کے اجتماعی نکاح کی تقریب اور جشن شاہ شرافت  کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ پیرو مرشد حضرت شاہ محمد ثقلین میاں حضور سجادہ نشین و خلیفہ حضرت شاہ شرافت علی میاں (بریلی شریف) کی موجودگی و سرپرستی میں حضرت شاہ ثقلین اکیڈمی آف انڈیا مالیگاؤں یونٹ کے زیر اہتمام اس تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ممبئی، سورت، بھوپال، جھانسی، بریلی و دیگر مقامات سے تقریباََ 400,مندوبین بھی شریک ہوں گے۔ 
انصار جماعت خانہ میں 11,جون بروز اتوار سہ پہر 4,بجے منعقدہ جشن شاہ شرافت کے زیر سایہ 40,جوڑوں کے اجتماعی نکاح میں شریک نوشاہ اور دولہنوں کیلئے    خصوصی لباس، کپڑے، برقعے، پلنگ، گادی، کباٹ، ضروریات زندگی کے لوازمات کے علاوہ دولہوں کا خاص لباس، عمامہ وغیرہ خریدے جاچکے ہیں، وقت مقررہ پر دولہے کی جانب سے دو شاہد (گواہ) اور دولہن کی جانب سے ولی یا وکیل کا حاضر ہونا لازمی ہے۔ 

موجودہ زمانہ میں شادیوں کے نام پر بیجا رسوم، خرافات، جہیز کی لعنت، بے پردگی، ڈھول، باجے، تماشے، عام روایت کا حصہ بن کر رہ گئی ہیں، جس کی وجہ سے غریب اور عزت دار خاندان کی لڑکیاں عرصۂ دراز تک کنواری رہ جاتی ہیں۔ شادی بیاہ کی تقریبات سے ان بیجا رسوم کا خاتمہ اور سنت نبوی پر عمل پیرا ہونے کیساتھ ہی سادگی سے نکاح کی رسم انجام دینے کی غرض سے پیرومرشد حضرت شاہ محمد ثقلین میاں حضور مدظلہ النورانی کی ایماء پر موصوف کی سرپرستی و نگرانی میں اکیڈمی نے جشن شاہ شرافت کا انعقاد کرتے ہوئے اجتماعی نکاح کا قدم اٹھایا اور الحمدُ للّٰہ اپنے مقصد میں حضور شاہ محمد ثقلین میاں کی نظر عنایت کے طفیل پہلی ہی کوشش میں  40, جوڑوں کی تعداد تک جا پہنچے ہیں۔ ان 40,جوڑوں میں تمام لڑکیاں تو مالیگاؤں و اطراف سے منسلک ہیں جبکہ نوشاہ (دولہے) طاہرآباد (انتاپورتاراباد) دھولیہ، چالیسگاؤں، بھساول، راویر، اونگ آباد و دیگر شہروں سے بھی تشریف لانے والے ہیں۔ اس تقریب اجتماعی نکاح میں عمائدین شہر کے ساتھ ہی سیاسی رہنماؤوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔  
حضرت شاہ ثقلین اکیڈمی آف انڈیا مالیگاؤں یونٹ کی یوتھ ونگ کے اراکین مہمانوں کا استقبال، ان کی نشست کا انتظام اور دیگر ضروریات کے پیش نظر ہمہ تن گوش پرجوش ہیں۔ دیگر ذمہ داران خوش اسلوبی کیساتھ اجتماعی نکاح کی تقریب سادگی اور پرسکون ماحول میں انجام دینے کیلئے مرحلہ وار ہدایت جاری کریں گے۔ اللّٰہ رب العزت سے امید ہیکہ شاہ ثقلین اکیڈمی آف انڈیا کے زیر اہتمام منعقدہ یہ تقریب شہر عزیز کیلئے مثالی بن سکے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے