مہاراشٹر کانگریس پارٹی کو بڑا دھچکا ، میئر طاہرہ شیخ سمیت 28 کارپوریٹرس کا کانگریس سے استعفیٰ


مہاراشٹر کانگریس پارٹی کو بڑا دھچکا ، میئر طاہرہ شیخ سمیت 28 کارپوریٹرس کا استعفیٰ
 

 27 جنوری کو راشٹروادی بھون ممبئی میں نائب وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں این سی پی شمولیت ، کانگریس کو خیرباد، شیخ رشید کا اعلان 



مالیگاؤں : 25 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر ضلع کانگریس پارٹی کے تمام کارپوریٹرس نے آج سابق میئر شیخ رشید کی قیادت میں کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ریاستی کانگریس لیڈران سے ناراض شیخ رشید نے چند ماہ قبل صدارت سے استعفیٰ دیا تھا اور آج باقاعدہ بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے ۔اسطرح کی اطلاع شیخ رشید کے ذرائع سے موصول ہوئی ہیں ۔ہزار کھولی رابطہ آفس پر کانگریس پارٹی کے تمام عہدیداران اور تمام 28 کارپوریٹرس میئر سمیت نے ایک ساتھ پارٹی کی بنیادی رکنیت اور کارپوریٹر شپ سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے ۔اس خبر سے مہاراشٹر کانگریس پارٹی کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔

اس موقع پر شیخ رشید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس لیڈران کی پالیسی سے کانگریس کو نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں شہر میں کانگریس پارٹی کو ہم نے زندہ رکھا، مالیگاؤں شہر سے کانگریس کو ہم نے تین اہم ایل اے، چار میئر اور سیکڑوں کارپوریٹرس سے نوازا ہے لیکن کانگریس پارٹی نے ریاست میں اقتدار ہونے کے باوجود مالیگاؤں شہر کو وہ سہولیات فراہم نہیں کیں جو ہم نے مطالبہ کیا تھا ۔کانگریس میں شامل لیڈران نے بھی مالیگاؤں پر توجہ نہیں دی ۔
شیخ رشید نے کہا کہ کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دینے کے بعد تمام کارپوریٹرس راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایک کو چھوڑ کر میئر سمیت 28 کارپوریٹرس 27 جنوری کو ممبئی میں راشٹروادی بھون میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار و این سی پی لیڈران کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہونگے ۔اس ضمن میں مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ نے بتایا کہ مالیگاؤں شہر ضلع کانگریس پارٹی تمام عہدیداران اور تمام 28 کارپوریٹرس کے استعفیٰ کے بعد تمام افراد کو راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل کیا جائے گا ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے