مالیگاؤں تشدد : 24 افراد گرفتار ،17 نومبر تک پولس تحویل

مالیگاؤں تشدد : 24 افراد گرفتار ،17 نومبر تک پولس تحویل 


مالیگاؤں :14 نومبر ( بیباک نیوز اپڈیٹ) 12 نومبر بروز جمعہ کو رضا اکیڈمی اور آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء کے زیر اہتمام تحفظ ناموسِ رسالت بورڈ کے پرچم تلے کئے گئے مالیگاؤں بند کی پر امن کامیابی کے بعد اچانک سماج دُشمن عناصر کی جانب سے جو حادثہ پیش آیا اُس میں پتھراؤ ، توڑ پھوڑ کی واردات ہوئی اور شہر کا امن و امان خراب کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ۔ اِس ضمن میں پولس نے جمعہ کی شب سے ہی کارروائی کرتے ہوئے پانچ مقدمات درج کئے ۔جن میں دو عائشہ نگر پولس اسٹیشن اور تین سٹی پولس اسٹیشن میں داخل کئے گئے ان مقدمات میں اب تک ۲۴؍ افراد کو پولس نے گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا ۔ DYSP لتا دھونڈے نے اتوار کی تعطیل ہونے کے باوجود بھی ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے سرکاری وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف پولس کے پاس پختہ ثبوت ہیں جو کہ CCTVکیمرے کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے۔ 

گرفتار تمام ۲۴؍ ملزمین کی پیروی ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان ، ایڈوکیٹ خلیل انصاری ، ایڈوکیٹ اویس شیخ ، ایڈوکیٹ مصطفےٰ ، ایڈوکیٹ عارف شیخ ، توقیر رضوی ، ایڈوکیٹ غلام رسول ، ایڈوکیٹ نعیم شریف ، ایڈوکیٹ خالد یوسف ، ایڈوکیٹ فاروق میمن ، ایڈوکیٹ توصیف خان وغیرہ نے کی ۔جبکہ سرکاری وکیل کی حیثیت سے چوہان نے پولس کی نمائندگی کی ۔ ان گرفتار ملزمان میں ۲۲؍ ملزمان کو سٹی پولس اسٹیشن کی معرفت عدالت میں حاضر کیا گیا جبکہ دو ملزمان کو عائشہ نگر پولس اسٹیشن کی معرفت پیش کیا گیا ۔ مقامی کورٹ کی معزز جج ارچنا تانبے نے تمام ملزمین کو 17 نومبر تک پولس تحویل میں رکھے جانے کا حکم صادر کیا ۔ 

وہیں اس سلسلہ میں ناسک ضلع آئی جی بی جی شیکھر پاٹل و SP سچن پاٹل اور ایڈیشنل ایس پی کھانڈوی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں ، امن و امان برقرار رکھیں ۔ انہوں نے اِس سے قبل امن کمیٹی کی میٹنگ سے شہریان اور علمائے کرام کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کو یقین دلایا کہ کسی بھی بے گناہ کو پھنسایا نہیں جائے گا حتیٰ کہ قانون ہاتھ میں لینے والے افراد کے خلاف پولس سخت کارروائی کرے گی ۔ گرفتار ملزمان میں محمد عمران محمد عثمان نیا پورہ ، شیخ آصف شیخ کریم غوثیہ مسجد ، محمد رمضان عبدالرحیم موتی تالاب ، محمد ہارون حبیب الرحمٰن اسلام پورہ ، فیصل احمد شکیل احمد اسلام پورہ ، محمد آصف محمد یوسف گلشیر نگر ، توصیف خان نور خان سونیا کالونی ، عبید شمس الدین مولانا اسحٰق چوک ، شہباز احمد جمیل احمد آزاد نگر ، معین انیس ملک گلشیر نگر ، معین الدین عبدالقادر ہزار کھولی ، آفتاب بیگ عائشہ نگر ، شیخ علیم شیخ سلیم ہڈکو کالونی ، رمضان خان عبدالخالق نگر ، شکیل احمد محمد اسمٰعیل گنیش نگر ، اشتیاق احمد محمد مصطفےٰ حافظ کمپائونڈ ، غیاث الدین شکیل الدین نہال نگر ، ارباز شیخ سردار نگر ، آصف احمد عبداللہ نگر ، رئیس احمد عبدالصمد رمضان پورہ ، آفتاب عالم ہیرا پورہ وغیرہ 22 ملزمان سٹی پولس اسٹیشن جبکہ دو ملزمان عائشہ نگر پولس اسٹیشن کی معرفت گرفتار کئے گئے ہیں ۔ دوسری جانب جمعہ کے ہوئے پُر تشدد واقعہ میں مالی نقصانات کا محکمہ محصول کی جانب سے پنچ نامہ مکمل کیا گیا جس کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ گیارہ لاکھ روپے ملکیت کے نقصان کئے گئے ۔ جن کی تفصیلی رپورٹ تیار کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کی معرفت سرکار کو روانہ کی جائے گی تاکہ انہیں جلد از جلد معاوضہ حاصل ہو سکے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے