امراوتی میں چار روزہ کرفیو،دفعہ 144 کا نفاذ ،انٹرنیٹ سروس مسدود، پولس کمشنر آرتی سنگھ کی عوام سے اپیل
امراوتی :14 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) موصولہ تازہ خبروں کے مطابق امراوتی میں جمعہ بند کے بعد پھوٹ پڑے فرقہ وارانہ تشدد کو جمعہ کی شام تک قابو میں کر لیا گیا اور معمول کے مطابق زندگی رواں دواں تھی کہ احتجاجی طور پر بھارتی جنتا پارٹی نے سنیچر کو امراوتی بند کا اعلان کیا اور اس دوران اشتعال انگیز نعرے بازی کرتے ہوئے بی جے پی ورکروں نے دُکانوں کی توڑ پھوڑ شروع کردی جس کے جواب میں پولس نے امن و امان کی اپیل کی لیکن کارگر ثابت نہ ہونے کی صورت میں لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا اس کے بعد بھی معاملات ناگفتہ بہ ہوتے گئے ایسے میں امراوتی اور اطراف کے علاقوں میں کرفیو کا نفاذ کردیا گیا ہے ۔ لاکھوں ، کروڑوں کی املاک تباہ و برباد کرنے کی خبر موصول ہورہی ہے ۔اس ضمن میں امراوتی پولس انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر جذبات مجروح کرنے والی تمام پوسٹ کو ڈیلیٹ کرنے اور وہاٹس ایپ کواونلی ایڈمین موڈ پر کرنے کی اپیل وہیں افواہ پھیلانے والوں پر تادیبی کارروائی کا اشارہ دیا ۔ اس کے باوجود بھی سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جارہی تھیں جس کے پیش نظر پولس انتظامیہ نے محکمہ ترسیل عامہ و انٹرنیٹ فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے ۔ اس طرح کی اطلاع پولس کمشنر امراوتی آرتی سنگھ نے دی ۔ موصوفہ نے بتایا کہ ۱۳؍ نومبر سے دفعہ ۱۴۴ کا نفاذ کرتے ہوئے امراوتی میں کرفیو کا نفاذ کردیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں موصوفہ نے نظم و نسق کی پاسداری کرنے کی اپیل کی اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا اشارہ دیا ۔انہوں نے کہا کہ امراوتی میں ابھی ماحول پر امن ہے لیکن حالات کشیدہ ہے مگر قابو میں ہیں ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com