کٹیہار کے میئر شیو راج پاسوان کو گولی مار کر قتل کردیا گیا، چراغ پاسوان نے کیا تحقیقات کا مطالبہ ‏

کٹیہار کے میئر شیو راج پاسوان کو گولی مار کر قتل کردیا گیا، چراغ پاسوان نے کیا تحقیقات کا مطالبہ 


پٹنہ : جولائی 30 ؛؛ کٹیہار میونسپل کارپوریشن کے میئر اور وارڈ نمبر 16 سے کونسلر شیوراج عرف شیوا پاسوان کو گزشتہ شب گولیوں کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا۔ گزشتہ شب تقریباً 9 بجے نامعلوم افراد نے ان پر سنتوشی چوک پر حملہ کیا۔ مقامی لوگوں کی مدد سے انہیں کٹیہار میڈیکل کالج اسپتال پہنچایا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے اور دوران علاج انہوں نے دم توڑ دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق انہیں تین گولیاں لگی تھیں ۔واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے صدر سرکل آفیسر امرکانت جھا نے بتایا کہ واردات کے بعد مجرموں کی شناخت کے لئے پولیس لگاتار چھاپہ ماری انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی تمام قصوروار پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔ پولیس جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہی ہے۔ اس معاملہ میں جموئی سے ایل جے پی کے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے ٹویٹ کر کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

چراغ پاسوان نے ٹویٹ کر کہا کہ ’’کٹیہار کے میئر شیوراج پاسوان کی قتل کی خبر سن کر حیران ہوں۔ 17 جولائی 2021 کو ’آشیرواد یاترا‘ کے دوران ان سے کٹیہار میں ملاقات ہوئی تھی۔ وہ انتہائی سادہ طبیعت کے مالک تھے۔‘‘چراغ نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا، ’’میں تکلیف کے ان لمحات میں اہل خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ یہ واردات سوشاسن (بہتر حکمرانی) کے تمام دعووں کی پول کھولتی ہے۔ میں انتظامیہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ قصورواروں کو جلد از جلد گرفتار کر سزا دی جائے۔‘‘

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے