ضرورتمندوں کو گھر سونپتے ہوئے وزیر صحت و طبی تعلیم راجیندر پاٹل نے کہا جماعت اسلامی نے اللہ کی خوشنودی کیلئے بلالحاظ مذہب لوگوں کی خدمت کیلئے خود کو وقف کیا ہے.
کولہا پور (16 ؍مارچ): اگست 2019میں کولہا پور میں تباہ کن سیلاب آیا تھا جس میں پورا پورا گائوں تباہ ہوگیا تھا ۔جماعت اسلامی مہاراشٹر اور آئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ نے کولہا پور کے ضلع شیرول تعلقہ میں واقع گائوں کنواڑ میں تباہ مکانوں کو بنانے کا فیصلہ کیا اور آج ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں اسے مکینوں کے حوالہ کیا گیا ۔یہ مکانات انہیں وزیر صحت طبی تعلیم ، ڈرگ ایڈمنسٹریشن و ٹیکسٹائل راجیندر پاٹل اورضلع پریشد کےسی ای او سنجے سنگھ چون کے ذریعہ متاثرین کو سونپی گئیں۔پروگرام کی صدارت حلقہ مہاراشٹر کے امیر رضوان الرحمن خان نے کی اس موقع پر انہوں نے کہا ’’تمام انسان ایک ماں باپ کی اولاد ہیں ، ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آنا چاہیے،اسی سے آپس میں پھیل ہوئی نفرتیں دور ہونگی۔ہم نے اسی مقصد سے اپنےبھائیوں کے لیے گھروں کی تعمیر کی ہے‘‘۔
مذکورہ پروگرام میں گائوں کے رہائشیوں کے علاوہ وہاں کی اہم شخصیات سمیت مہمان خصوصی کے طور پر ایس ڈی پی او جے سنگھ نگر رامیشور وینجنے، جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے سکریٹری ظفر انصاری ،ہیومن ویلفیئر فائونڈیشن نئی دہلی کے معاون جنرل سکریٹری معظم نائک ،شیرول کی تحصیلدار اپرنا مورے دھومل ،شیرول تعلقہ کے بی ڈی او شنکر کویتاکے ، ایس آئی او جنوبی مہاراشٹر کے صدر سلمان خان ، جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے شعبہ خدمت خلق کے سکریٹری مظہر فاروق ، ناظم ضلع کولہا پور ندیم صدیقی ، کولہا پور کے امیر مقامی انور پٹھان ، ڈاکٹر باباسو ونپال ارسن گونڈا کے سرپنچ شامل تھے ۔
وزیر مملکت مہاراشٹر راجیندر پاٹل یڈراوکرنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’جماعت اسلامی کے ممبرس نے لوگوں کو دکھانے لیے نہیں بلکہ اللہ کو خوش کرنے کے لیے سیلاب متاثرین کے گھر بنائے ہیںاور بلا لحاظ مذہب و ملت متاثرین کی خدمت کی ہے‘‘۔
پروگرام وقت مقررہ(صبح گیارہ بجے) اے اے کنواڑ ہائی اسکول میں آج 14 ؍ مارچ کو منعقد ہوا۔ تمام 34 خاندانوں کو یہ گھر بنیادی ضروریات اورگھریلو اشیاء کے ساتھ سونپی گئیں ۔جس میںپلنگ، الماری، ڈایننگ ٹیبل کرسیاں، باورچی خانہ کے لوازمات، مکسر گرائنڈر وغیرہ شامل ہیں۔اسی کے ساتھ مذکورہ گائوں کے اردو اور مراٹھی اسکولوں کی مرمت اور اسےقابل استعمال بنانے کا کام بھی جماعت اسلامی کے شعبہ خدمت خلق آئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ نے انجام دیا ۔ جماعت نے کنواڑ کو مثالی گائوں بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔
مکانات کی تعمیرکا 26 جنوری 2020 کو سنگ بنیاد رکھا گیاتھا۔ اس منصوبہ کیلئے آئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ اور ضلع پریشد کولہاپور کے مابین 20 جنوری 2020 کو ایک مفاہمت نامے پر دستخط ہوئے تھے ۔
شعبہ خدمت خلق کے سکریٹری مظہر فاروق نے کہا ’’ ہم اس گائوں کو ایک مثالی گائوں بنانا چاہتے ہیں ، مثالی گائوں صرف صفائی ستھرائی ، اچھے راستے ، کشادہ مکانات و دیگر سہولیات مہیا کرنے سے ہی نہیں بنتا بلکہ یہاں بسنے والے ہر طبقے و سماج کے لوگ اپنے دل کو بھی صاف و کشادہ رکھیں ، ہر شخص ایک دوسرے کی مدد کے لیے آگے بڑھے ، دوسرے کے دکھ درد کو اپنا درد سمجھے اور اتحاد و یکجہتی کی مثال پیش کرے توہمیں خوشحال بھارت اس گائوں میں نظر آئے گا ‘‘ ۔میڈیا سیل،جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر
Mediacell@jihmaharashtra.org
91370 50873
--------------------
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com