مالیگاؤں شہر کی ترقی کے لئے فنڈز فراہم کرنے کا وعدہ، وزیر مملکت برائے محصول عبدالستار سیٹھ کے ہاتھوں آگرہ روڈ کی تعمیر نو کا پروقار سنگ بنیاد
شہریان کا دیرینہ مطالبہ منظور ، آگرہ روڈ کی تعمیر سے سیاسی مخالفین کے پیٹ میں درد ، میونسپل کمشنر چور اور ایم ایل اے کامچور ہے : شیخ رشید
مالیگاؤں (پریس ریلیز) 15,مارچ: مالیگاؤں میونسپل میئر محترمہ طاہرہ شیخ رشید کی جدوجہد ، کارپوریشن کے جنرل فنڈ، اور تقریباً 13,کروڑ روپیوں کے تخمینہ سے جونا آگرہ روڈ کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد سابق رکن اسمبلی شیخ رشید صاحب کی صدارت میں وزیر مملکت برائے محصول عبدالستار سیٹھ صاحب کے دست مبارک سے رکھا گیا۔ کورونا کے بڑھتے اثر اور جزوی لاک ڈاؤن کی درمیان پولیس کا اجازت نامہ نہ ملنے کے باوجود باوقار طریقہ سے یہ تقریب عمل میں آئی۔ اس موقع پر سابق میئر و رکن اسمبلی شیخ رشید صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر میں کانگریس لیڈران نے ہمیشہ اپنی حکمت عملی سے تعمیری کاموں کا جال بچھایا ہے۔ عائشہ حکیم، ہارون احمد انصاری، حاجی شبیر سیٹھ کے تعمیری کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اپنے کاموں کا احاطہ بھی کیا۔ شیخ رشید صاحب نے کہا کہ آگرہ روڈ کی تزئین کاری کیلئے اس سے پہلے بھی سہکار گلوبل کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا تھا لیکن حزب اختلاف کی سازشوں اور بار بار جاری کاموں میں رخنہ اندازی کے سبب یہ کام پایۂ تکمیل کو نہیں پہونچ سکا۔ فلائی اوور برج بھی ایسی ہی سوچ اور تعمیر دشمن سیاست کی نذر ہوکر لیت و لعل میں پڑا ہوا ہے۔ اس کے باوجود شہر کی ضرورت کے پیش نظر کارپوریشن کے برسراقتدار گروپ کانگریس اور شیوسینا و دوست پارٹیوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے طاہرہ شیخ رشید کی جدوجہد سے کارپوریشن کے جنرل فنڈ سے 13,کروڑ روپیوں کے خطیر فنڈ سے ایم۔آر۔سی۔ طرز پر آگرہ روڈ کا کام سخاوت ہوٹل سے نیشنل کمپاؤنڈ تک تعمیر کیا جائیگا جس میں 9,کروڑ روپیوں سے روڈ اور 4,کروڑ روپیوں کے خرچ سے دونوں جانب فلائی اوور برج کے اطراف میں جیسی گٹر بنائی جارہی ہے ویسی گٹر بنائی جائیگی۔
میونسپل سیاست پر اپنی بات رکھتے ہوئے شیخ رشید نے میونسپل کمشنر کو چور کہتے ہوئے عدم اعتماد لانے کا تذکرہ کیا۔ موجودہ مجلسی ایم۔ایل۔اے۔ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا اس روڈ کی تعمیر سے ان کے پیٹ میں زبردست مروڑ پیدا ہوا ہے کیونکہ کارپوریشن الیکشن کا ایک مدعا ان تعمیردشمن سیاست دانوں کے ہاتھ سے نکل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز کورونا کے تعلق سے ہوئی میٹنگ میں ایم۔ایل۔اے۔ صاحب نے کہا کہ کارپوریشن کے پاس دوسرے کاموں کا فنڈ ہے لیکن کورونا کی روک تھام کیلئے نہیں ہے۔ شیخ رشید صاحب نے انہیں صلاح دی کہ آپ شہر کی نمائندگی کرتے ہیں اسلئے حکومت سے فنڈ حاصل کرنے کی جواب داری بھی آپ کی ہے۔ اسمبلی کا بجٹ اجلاس اس کیلئے سنہری موقع تھا لیکن وہاں صرف لاء اینڈ آرڈر پر بول کر کالا بازاری، بلیک مارکٹنگ اور غیر قانونی دھندہ کرنیوالوں سے "ڈیل کا شاٹ کٹ" نکالنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی شیخ رشید نے جلد سے جلد آگرہ روڈ کی تعمیر مکمل ہونے اور اس تعمیری کام میں رخنہ اندازی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ اس موقع پر آصف شیخ رشید، ڈپٹی میئر نلیش آہیر، اسٹینڈنگ چیئرمن راجا رام جادھو، ہاؤس لیڈر اسلم انصاری، مدن باپو گائیکواڑ، ڈپٹی کمشنر نتن کاپڑنیس، شہری انجینئر کیلاش بچھاؤ، سچن مارواڑ سمیت کانگریس، شیوسینا، اور برسراقتدار کارپوریٹرس کے علاوہ زبردست عوامی بھیڑ موجود رہی۔ انتظامیہ کی جانب سے سیناٹائزر اور ماسک کا انتظام کیا گیا تھا۔ جبکہ اصغر انصاری اور ماسٹر انیس انجم بار بار سوشل ڈسسینسنگ کا اعلان کرتے ہوئے دیکھے گئے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com