آخری عشرہ اور عید کے متعلق حضرت امیر الہند مولانا قاری سید عثمان منصور پوری کی مسلمانان ہند سے اپیل
نئی دہلی، 12/مئی2020ء (پریس ریلیز /بیباک@ نیوز اپڈیٹ) اَمیر الہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان صاحب منصورپوری مدظلہ العالی صدر جمعیۃ علماء ہندنے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے لمحات کو غنیمت سمجھیں، بالخصوص آخری عشرہ میں عبادت وریاضت کا خاص اہتمام رکھیں؛ اِس لئے کہ صحیح احادیث میں وارد ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں جس قدر عبادت میں محنت فرماتے تھے، اتنا دوسرے ایام میں نہیں فر ماتے تھے اور اُم المؤمنین سیدتناحضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری عشرہ میں رات بھر عبادت میں مشغول رہتے تھے، گھر والوں کو بھی عبادت کے لئے جگاتے تھے، اور کمر کس لیا کرتے تھے۔ (مسلم شریف 372/1)
نیز نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں شب قدر کی تلاش کا بھی حکم دیا ہے۔ شب قدر وہ قیمتی رات ہے جس میں عبادت کا ثواب ایک ہزار مہینے (تقریباً تراسی سال) کی عبادت سے بھی بڑھ کر ہے، اِسی غرض سے آپ نے آخری عشرہ کے اعتکاف کا اہتمام فرمایا، اِس لئے اِس موقع کو ہرگز ضائع نہ کریں؛ بلکہ اپنے گھروں میں رہتے ہوئے ان راتوں میں انفرادی اعمال میں مشغول رہیں، اور احتیاطی تدابیر اور حکومتی ہدایات کی مکمل پابندی کریں، اور ملک وملت اور انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے دعا کرتے رہیں۔
مولانا موصوف نے صاحبِ وسعت لوگوں کو عید سے پہلے اپنی طرف سے اور اپنے ماتحتوں کی طرف سے صدقہ فطر کی ادائیگی کی بھی ترغیب دی۔اور یہ بھی فرمایا کہ: ”اگر عید تک پابندیاں نہ ہٹائی گئیں، تو جس طرح اَب تک جن مساجد اور دیگر جگہوں میں شرائط کے ساتھ نماز جمعہ اَدا کی جارہی ہے، اِسی طرح عید کی نماز بھی اَدا کی جائے؛ کیوں کہ عید کے لئے بھی وہی شرائط ہیں جو جمعہ کے لئے ہیں۔ اِس لئے پوری کوشش کی جائے کہ شرعی شرائط اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کو ملحوظ رکھتے ہوئے عید کی نماز اَدا کی جائے۔
البتہ جو اَفراد کسی وجہ سے عید کی جماعت میں کہیں بھی شریک نہ ہوسکیں، تو صرف اُن کے لئے بہتر ہے کہ وہ چار رکعت چاشت کی نفل نماز تکبیراتِ زوائد کے بغیر تنہا تنہا پڑھ لیں، اور رمضان المبارک اور روزہ کی نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجالائیں“اور بہرحال عید کے دن خوشی کا اظہار کریں؛ لیکن عید سادگی سے منائیں، اور اعزہ واقارب سے ملنے میں طبی وسرکاری ہدایات کو ضرور ملحوظ رکھیں؛ تاکہ ہر قسم کے نقصان سے محفوظ رہیں۔ اللہ تعالیٰ پوری انسانیت کے لئے خیر وعافیت کے فیصلے فرمائیں، اور موجودہ وبا کو پورے عالم سے ختم فرمادیں، آمین۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com