ملک کے نام پی ایم کا خطاب: ۲۰لاکھ کروڑ کا اقتصادی پیکیج : لاک ڈاؤن -4نئی شکل اور نئے اصول پر ہوگا مبنی، ۱۸مئی کو ضابطےکی وضاحت
نئی دہلی :12 مئی (ایجنسی / بیباک@ نیوز اپڈیٹ ) ملک کے نام خطاب میں پی ایم مودی نے لاک ڈاؤن کے فیز-4 کو لے کر اعلان کردیا ہے ،بالفاظِ دیگر ملک کے باشندگان کو لاک ڈاؤن -4کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ مودی نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کا فیز -4ہوگا، لیکن اس کی نئی شکل ہوگی اور اس کیلئے نئے اصول و ضوابط وضع کئے جائیں گے ۔ وہیں کرونا کے عدم پھیلاؤ اور اقتصادی پیکیج کے نام پر مرکزی حکومت نے ۲۰؍لاکھ کروڑ کا اعلان کیا ہے۔ مودی نے ۲۰؍ لاکھ کروڑ روپے کے اقتصادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقتصادی پیکیج گزشتہ دنوں اور آج کے پیکیج کو ملاکر مبینہ طور پر ہندوستان کی جی ڈی پی کا ۱۰؍فیصدی ہے ۔
مودی نے کہاکہ اس پیکیج کے بارے میں تفصیل سے معلومات بعد میں دی جائیں گی۔ پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے مودی نے یہ بھی کہا کہ یہ اقتصادی پیکیج ملک کے اس مزدور ، او ر اُس کسان کے لئے ہے جو ہر حال میں، ہر موسم میں ملک کے لئے دن رات محنت کر ررہے ہوتے ہیں ۔یہ اقتصادی پیکیج ہمارے ملک کے درمیانے طبقے کے لئے ہے جو ایمانداری سے ٹیکس ادا کرکے ملک کی ترقی میں اپنی شراکت اداکررہا ہے ۔ مودی نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ کرونا سے ہمیں بچنا بھی ہے اور اس کے شیوع پر قدغن بھی لگانی ہے۔
مزیدبرآں مودی نے کرونا بحران کو ایک پیغام اور ایک موقع قرار دیا، مودی کے بقول جب کرونا بحران کا آغاز ہوا تو بھارت میں ایک بھی پی پی ای کٹ تیار نہیں ہوتا تھا،اور نہ ہی این 95 ماسک بنائے جاتے تھے،لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ بھارت میں ہی ہر روز ۲؍لاکھ پی پی ای کٹ اور ۲؍ لاکھ این -95 ماسک تیار کئے جا رہے ہیں۔مودی نے اس واقعہ پر زوور دے کر کہا کہ ہم اس کے اس لیے متحمل ہوئے ؛کیوں کہ ہم نے اس وبا کو ایک ’ موقع ‘ اور ایک ’پیغام ‘ کے طور سمجھا اور اس کے متعلق سنجیدگی دکھائی ۔
مودی نے کہا کہ ۱۷؍ مئی کے بعد لاک ڈاؤن کو بڑھایا جائے گا، لیکن لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ ریاستوں کی تجاویز کی بنیاد پر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے نئے اصول مرتب کئے جائیں گے، تاکہ باقی کاموں کے ساتھ تدبر و حکمت عملی کے ساتھ سماجی فاصلے پر بھی عمل کیا جائے ۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ریاستوں کی طرف سے پیش کردہ تجاویز اور سفارشات کو بخوبی سمجھتے اور انہیں محسوس کرتے ہیں ، لیکن لاک ڈاؤن فیز-4کیلئے شرائط مختلف ہوں گے،ہمیں کچھ عرصہ تک کرونا کے ساتھ ہی رہنا ہوگا ، لیکن ہم سبھی کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ہوں گے اور اپنے تدبر ، حکمت عملی اور بچاؤ کے اقدامات سے عدم پھیلاؤ کو یقینی بنانا ہوگا ۔ خیال رہے کہ ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ پیر کو ہوئی میٹنگ میں پی ایم مودی نے پابندیوںمیں تخفیف کے ساتھ لاک ڈاؤن کے جاری رہنے کا اشارہ دیا تھا۔
وزرائے اعلی کے ساتھ ملاقات میں لاک ڈاؤن آگے کس شکل میں ہو، اس کے لئے وزیر اعظم نے تمام ریاستوں سے ۱۵؍ مئی تک تجاویز طلب کئے گئے ہیں۔میٹنگ کے دوران زیادہ تر ریاستوں نے بھی لاک ڈاؤن میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا، اس دوران ریاستوں نے کہا کہ ریڈ زون کو ضلعی سطح پر رکھنے کے بجائے کنٹن منٹ زون میں رکھا جائے اور ضلع کے باقی حصوں میں سرگرمیاں شروع کی جائیں۔خیال رہے کہ اس دوران ملک میں کرونا وائرس کے متأثرین کی کل تعداد بڑھ کر 70000 سے متجاوز کر گئی ہے۔
وزارت صحت ہند کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں کرونا سے اب تک 2293 افراد ہلاک ہو چکے ہیں،جبکہ متأثرین کی تعداد 70756 ہو گئی ہے۔ وہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 3604 نئے کیس سامنے آچکے ہیں اور 87 لوگ اس کے باعث جان گنوا چکے ہیں۔خیال رہے کہ اس بیماری سے اب تک 22455 مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھر لوٹ چکے ہیں۔ وہیں، ریکوری شرح میں بہتر ی آئی ہے ، جس کے باعث اس کی شرح 31.73 فیصد ہوئی ہے ، خیال رہے کہ کرونا وائرس کے عدم شیوع کی خاطر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذکیا گیا ہے، جو 17 مئی تک مؤثر رہے گا،تاہم مرکزی سرکاری نے لاک ڈاؤن -4کا عندیہ دے دیا ہے ،امکان ہے اس لاک ڈاؤن کی مدت میں ۱۵؍سے ۲۰؍ یوم مزید توسیع کی جائے گی ، جس کی وضاحت آئندہ دنوں کی جائے گی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com