آج ہی شہر کے تمام پرائیویٹ ہاسپٹل جاری کریں ورنہ لائسنس رد ہوگا :ٹوپے
شیخ آصف کی ایماء پر ہی مالیگاؤں کو کورونا سے پاک کرنے کا عزم لیکر ہی مالیگاؤں آیا ہوں:وزیر صحت راجیش ٹوپے
سول ہاسپٹل میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تعینات کرنے کا اعلان
مالیگاؤں: 29,اپریل (بیباک@ نیوز) مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے شہر میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد اور پرائیویٹ ہاسپٹلس کے بند ہونیکی وجہ سے شوگر، بلڈ پریشر، سانس کی بیماری، زچگی اور دیگر بیماریوں پر مشتمل امراض کی بروقت طبی امداد حاصل نہ ہونے پر اموات کی بڑھتی شرح پر تشویش کا اظہار اور گذشتہ شب اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے سے تفصیلی گفتگو کی اور انہیں شہر کے حالات سے واقف کروایا۔ حکومت۔مہاراشٹر میں کانگریس کی حصہ داری اور سابقہ حکومت میں آصف شیخ رشید کی دمدار نمائندگی کے پیش نظر وزیر صحت راجیش ٹوپے نے ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لیا اور مالیگاؤں کا دورہ کرنے کا تیقن دیا۔ 29,اپریل بروز بدھ دوپہر 12 بجے شری راجیش ٹوپے ناسک پہونچے اور ضلع کلکٹر آفس میں وزیر داخلہ انیل دیشمکھ، پالک منتری چھگن بھجبل، اور مالیگاؤں آوٹر کے وزیر زراعت دادا بھوسے، ضلع کلیکٹر سورج مانڈھرے کے ہمراہ تقریباً ساڑھے تین گھنٹہ میٹنگ چلی۔ جس میں مالیگاؤں شہر کا ہی موضوع چھایا رہا۔ اس درمیان ایسا بھی محسوس ہوا کہ شاید اب وزیر موصوف مالیگاؤں نہیں پہونچ پائیں گے انہوں نے ناسک میں ہی پریس سے مخاطب ہوکر مالیگاؤں کو کورونا سے پاک کرنے، سول ہاسپٹل میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تعینات کرنے اور مالیگاؤں کے پرائیویٹ ہاسپٹلوں کو فوری طور پر جاری کرنے کے احکامات دے دیئے۔ لیکن جب سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے ناسک پہونچنے کی بات کی تب انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں کیلئے نکلنے کی تیاری ہے اور اس کیساتھ ہی وزیر موصوف نے مالیگاؤں کے دورہ کو یقینی بناتے ہوئے آصف شیخ رشید کو دیئے گئے تیقن پر عمل کیا۔ مالیگاؤں پہونچ کر انہوں نے سول ہاسپٹل اور جیون ہاسپٹل کا دورہ کیا اور اپنی باتوں کو دہراتے ہوئے سول ہاسپٹل میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تعینات کرنے کے علاوہ سول ہاسپٹل میں 20,ڈاکٹروں کی غیر حاضری پر انہیں 24,گھنٹوں کے اندر ڈیوٹی پر حاضر رہنے کا انتباہ دیا کہا کہ جو ڈاکٹر حاضر نہیں ہوگا اسے سسپنڈ کردیا جائیگا، پرائیویٹ ہاسپٹلس کو سیناٹائز کرکے جلد سے جلد جاری کرنے اور کورونا کے علاوہ دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج کرنے کا اعادہ کیا،انہوں نے پرائیویٹ ڈاکٹرس کو حکومت کی جانب سے پی۔پی۔ای کٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی، وزیر صحت راجیش ٹوپے نے اپنے سول ہاسپٹل اور جیون ہاسپٹل کا دورہ کرنے کے بعد اس بات کا انکشاف کیا کہ مالیگاؤں میں 183,لوگ کورونا سے متاثر ہیں جبکہ کورونا کے زیر اثر 13,اموات کا اندراج ہے۔ اور یہ اموات ان متاثرین کو ہاسپٹل میں داخل کرنے کے 24,گھنٹوں کے درمیان ہوئی ہیں۔یعنی بیماری متاثرین پر پوری طرح حاوی ہونے کے بعد انہیں داخل کیا گیا لیکن اس وقت جو لوگ زیر علاج ہیں ان میں کوئی بھی سیریئس نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ مالیگاؤں کی آبادی گنجان ہونے کی وجہ سے کورونا متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے لیکن اب حالات کنٹرول میں ہیں اور ہم مالیگاؤں شہر کو کورونا سے پاک کرکے ہی دم لیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر صحت شری راجیش ٹوپے ناسک سے مالیگاؤں آتے ہوئے سب سے پہلے جیون ہاسپٹل، منصورہ طبیہ کالج، مالیگاؤں ہائی اسکول اور نیا فاران ہاسپٹل کا دورہ کیا ان کے ہمراہ وزیر زراعت دادا بھوسے، ضلع کلیکٹر سورج مانڈھرے، ضلع ایس پی آرتی سنگھ، ڈاکٹر پنکج آشیا اور سول ہاسپٹل میں آصف شیخ رشید وغیرہ شریک تھے۔ جبکہ مقامی ریسٹ ہاؤس میں میئر محترمہ طاہرہ شیخ رشید صاحبہ، سابق میئر شیخ رشید صاحب اور مجلسی ایم۔ایل۔اے موجود تھے۔ حکومت۔مہاراشٹر کے وزیر صحت شری راجیش ٹوپے کا مالیگاؤں دورہ شہر کے موجودہ حالات کے پیش نظر کامیاب مانا جارہا ہے جس کی پیش رفت سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے وزیر موصوف سے تفصیلی گفتگو کے ذریعہ کی تھی اور اسے آصف شیخ رشید کی حکمت عملی اور کامیاب عوامی نمائندگی سے تعبیر کیا جارہا ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com