بلدیاتی انتخابات پر بڑی اپ ڈیٹ: حتمی وارڈ رچنا کے نوٹیفکیشن کی اشاعت میں ایک ماہ کی توسیع
ممبئی : 24 جون (بیباک نیوز اپڈیٹ) بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے اس پر سب کی توجہ مرکوز ہیں ۔ تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔موجودہ اور سابق کارپوریٹرس اور دلچسپی رکھنے والے بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔عوام سے رابطہ بڑھایا جا رہا ہے۔ نئے وارڈ کی تشکیل کے لیے طے شدہ پروگرام کے مطابق توقع کی جارہی تھی کہ یہ انتخاب دیوالی کے آس پاس ہونگے ۔تاہم، ریاستی حکومت نے حتمی وارڈ کی تشکیل کا نوٹیفکیشن شائع کرنے کے لیے پہلے دی گئی یکم ستمبر تا 4 ستمبر کی متعینہ تاریخ کو تبدیل کر دیا ہے۔ اس کے لیے ایک ماہ کی توسیع دی گئی ہے۔ اس کے مطابق حکومتی حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے پیش نظر اب توقع کی جا رہی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے وقت کا اعلان نومبر،دسمبر یا پھر نئے سال میں ہی کر دیا جائے۔
مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں تقریباً تین سال سے ایڈمنسٹریٹر ہے۔ریاست کے تمام میونسپل کارپوریشنوں میں بھی یہی صورتحال ہے۔ او بی سی ریزرویشن پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری تھی۔ جس کی وجہ سے تمام کارروائیوں میں تاخیر ہوئی۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے ابھی تک ریزرویشن پر حتمی فیصلہ نہیں دیا ہے لیکن بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت دی ہے۔ یہ حکم نامہ جاری ہوتے ہی وارڈ کی تشکیل کا نیا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
چار رکنی ممبران پر مشتمل وارڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ اس کے مطابق 11 جون سے شماریاتی گروپ قائم کیا گیا ہے ، نقشے گوگل میپس پر تیار کئے جارہے ہیں ، 31 جولائی کو وارڈ ڈھانچے کا مسودہ تیار کیا جائے گا، 22 اگست کو وارڈ ڈھانچہ شائع کیا جائے گا اور اس پر اعتراضات اور تجاویز طلب کی جائیں گی، وارڈ ڈھانچے کی تجویز 9 ستمبر کو ریاستی الیکشن کمیشن کو پیش کی جائے گی، اور پھر 9 اگست سے الیکشن کمیشن کی جانب سے وارڈ ڈھانچہ کی حتمی منظوری 4 ستمبر تک دی جائے گی۔
تاہم، اب حتمی وارڈ ڈھانچہ کے نوٹیفکیشن کو شائع کرنے کی آخری تاریخ میں تقریباً ایک ماہ کا اضافہ کرکے 3 اکتوبر سے 6 اکتوبر کر دیا گیا ہے۔ تمام پارٹیوں نے پرانے پروگرام کی بنیاد پر دیوالی کے دوران انتخابی شور و غل کا اندازہ لگاتے ہوئے اپنی اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ بی جے پی نے 'مودی سرکار گیارہ سال بے مثال' کے ذریعے میونسپل انتخابات کی تیاری کر لی ہے۔ اس نے چار سو جلسے کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پارٹی تنظیم میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔امیدواروں کی اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com