ایم ایل اے فنڈ کے کاموں میں بدعنوانی کا الزام، آصف شیخ اور مستقیم ڈگنیٹی کی پی ڈبلیو ڈی آفس میں دستک
15 نومبر تک تمام کاموں کی تفصیلات فراہم کرنے کا الٹی میٹم، بصورتِ دیگر دھرنا اندولن کرنے کا انتباہ
مالیگاؤں: 3 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں سینٹرل اسمبلی حلقہ میں رکن اسمبلی کے فنڈ سمیت دیگر سرکاری فنڈز کے تحت انجام دیے جانے والے ترقیاتی کاموں میں مبینہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کا معاملہ ایک مرتبہ پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ان کاموں میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے مطالبے کے ساتھ سابق رکن اسمبلی آصف شیخ اور مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں ایک وفد نے محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے دفتر پہنچ کر ایگزیکٹیو انجینئر سے ملاقات کی اور انہیں تحریری مکتوب پیش کیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ سال 2019 سے اب تک مالیگاؤں سینٹرل اسمبلی حلقہ میں منظور کیے گئے اور مکمل ہونے والے تمام ترقیاتی کاموں کی تفصیلی معلومات اور متعلقہ دستاویزات فراہم کی جائیں۔پی ڈبلیو ڈی حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف و مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ سرکاری فنڈ عوام کی امانت ہے اور اس سے انجام دیے جانے والے ہر کام میں شفافیت ہونا ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت محکمہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سال 2019 سے اب تک منظور شدہ تمام کاموں کی فہرست، ورک آرڈر، نقشہ جات، پلان، تخمینہ لاگت (ایسٹیمیٹ) اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کی نقول فراہم کی جائیں، تاکہ ان کاموں کی حقیقی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔
انہوں نے محکمہ کے افسران کو دیوالی کی تعطیلات کے پیش نظر 15 نومبر تک کی مہلت دیتے ہوئے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں مطلوبہ معلومات فراہم نہ کیے جانے کی صورت میں پی ڈبلیو ڈی دفتر کے گیٹ پر دھرنا اندولن کیا جائے گا۔ رہنماؤں کے مطابق یہ مطالبہ کسی سیاسی مخالفت کے تحت نہیں بلکہ عوامی رقومات کے استعمال میں شفافیت اور ترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کے مقصد سے کیا جارہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران آصف شیخ و مستقیم ڈگنیٹی نے موجودہ رکن اسمبلی کی جانب سے مبینہ طور پر دس دس لاکھ روپے کے آف لائن ٹینڈرز جاری کیے جانے کے طریقۂ کار پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کا الزام تھا کہ چھوٹی چھوٹی رقم کے ٹکڑوں میں ٹینڈر جاری کرنے سے ای ٹینڈرنگ کے شفاف طریقۂ کار سے بچنے کا راستہ اختیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ترقیاتی کاموں کے تخمینے اور مجموعی رقومات قابلِ ذکر ہیں تو ایسے میں کاموں کو چھوٹی مالی حدوں میں تقسیم کرکے آف لائن طریقے سے انجام دینے کی ضرورت اور اس کے پس پردہ وجوہات کی وضاحت ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ بعض ترقیاتی کام صرف سرکاری دستاویزات اور کاغذی ریکارڈ تک محدود ہیں، جبکہ زمینی سطح پر ان کی حقیقی موجودگی اور تکمیل کے تعلق سے کئی سوالات پیدا ہورہے ہیں۔ تاہم ان الزامات کی سرکاری سطح پر تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔
آصف شیخ اور مستقیم ڈگنیٹی نے واضح کیا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی سے مطلوبہ دستاویزات حاصل ہونے کے بعد مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کے اراکین متعلقہ مقامات کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کی زمینی سطح پر جانچ کریں گے۔ سرکاری ریکارڈ میں درج تفصیلات کا موقع پر موجود کاموں سے موازنہ کیا جائے گا اور اگر کاغذی ریکارڈ اور زمینی حقیقت میں فرق پایا گیا تو اس معاملے کو عوام کے سامنے لانے کے ساتھ متعلقہ حکام سے جواب طلب کیا جائے گا۔آصف شیخ و مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ عوامی ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم عوامی فلاح و بہبود اور شہر کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہونی چاہیے، نہ کہ اس میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا بدعنوانی کی گنجائش ہونی چاہیے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com