مالیگاؤں:انچارج کمشنر بھاگیہ شری کا ہنگامی دورہ،صفائی کے ناقص انتظامات اور اتی کرمن پر سخت برہمی



مالیگاؤں:انچارج کمشنر بھاگیہ شری کا ہنگامی دورہ،صفائی کے ناقص انتظامات اور اتی کرمن پر سخت برہمی،متعلقہ حکام کو تنبیہ



صفائی ٹھیکہ دار کو نوٹس جاری کرنے کا حکم ،اپنے گھروں کی طرح آنگن کو بھی صاف ستھرا رکھنے عوام سے اپیل 



​​مالیگاؤں:3 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی انچارج کمشنر بھاگیہ شری وسپوتے نے آج صبح 7:00 بجے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران صفائی کے نظام میں کئی خامیاں سامنے آئیں، جن پر انچارج کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔انچارج کمشنر نے اپنے دورے کا آغاز رمضان پورہ سے کیا۔جہاں صفائی کی ابتر صورتحال دیکھ کر انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ سینی ٹیشن انسپکٹر کو کام کے معیار میں فوری بہتری لانے کی سخت ہدایت دی۔اس کے بعد انہوں نے اے ٹی ٹی ہائی اسکول کے قریب صفائی حاضری مرکز کا دورہ کیا۔ وہاں کارکنوں کی حاضری کے ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی اور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔پیدل معائنے کے دوران قدوائی روڈ پر تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ محکمے کو فوری طور پر تمام تجاوزات ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔
​

گلشیر نگر ڈپو، شبیر نگر اور کمال پورہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے انچارج کمشنر نے مقامی عوام سے بات چیت کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کچرا سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے میونسپل کارپوریشن کی گھنٹہ گاڑی میں ہی ڈالیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جس طرح عوام اپنے گھروں کو صاف ستھرا رکھتے ہیں، اسی طرح اپنے محلے اور شہر کو بھی صاف رکھنے میں تعاون کریں۔معائنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ صفائی کارکنوں کے پاس شناختی کارڈ، دستانے، ماسک اور گمبوٹ جیسی ضروری حفاظتی اشیاء موجود نہیں ہیں۔ اس پر سخت نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر انیل پارکھے کو فوری طور پر متعلقہ ٹھیکیدار (اجارہ دار) کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔اس موقع پر انچارج کمشنر کے ہمراہ ڈاکٹر سنیتا کماوت، اسسٹنٹ کمشنر انیل پارکھے، پبلک ریلیشن آفیسر پنکج سوناونے، چیف سینی ٹیشن انسپکٹر امیش سوناونے، اقبال جان محمد سمیت دیگر اہم افسران بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے