مالیگاؤں : سمتا اسکول گھوٹالہ سابق ہیڈ ماسٹر،اہلیہ اور بہو کی پیشگی ضمانت مسترد
ممبئی ہائی کورٹ کا سخت موقف، عبوری توسیع سے بھی انکار، گرفتاری کا امکان
مالیگاؤں:24 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ)مالیگاؤں شہر کے ٹہرے گاؤں میں واقع سروانگائن وکاس منڈل کے زیرِ انتظام سمتا سیکنڈری و ہائر سیکنڈری اسکول کے بینک کھاتوں سے مبینہ غبن کے معاملے میں ممبئی ہائی کورٹ نے سابق ہیڈ ماسٹر گیان دیو دامو پاٹل، ان کی اہلیہ کمل گیان دیو پاٹل اور بہو پرینکا چنتامن گنگورڈے کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ عدالت نے معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمین کو عبوری راحت میں مزید 15 روز کی توسیع دینے سے بھی انکار کر دیا، جس کے بعد ان کی گرفتاری کا امکان بڑھ گیا ہے۔موصولہ تفصیلات کے مطابق، اس معاملے میں مالیگاؤں چھاؤنی پولیس اسٹیشن میں سروانگائن وکاس منڈل کے بانی صدر جی بھاؤ نارائن شیوالے (84) کی شکایت پر دھوکہ دہی اور غبن کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ گیان دیو پاٹل، جو 2008 تک ادارے کے سکریٹری اور اسکول کے پرنسپل رہے، نے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ادارے کے بینک کھاتوں سے رقم نکالنے اور اسے اپنے اہلِ خانہ کے کھاتوں میں منتقل کرنے میں مبینہ طور پر کردار ادا کیا۔
تحقیقات کے مطابق، پنجاب نیشنل بینک میں موجود نان سیلری گرانٹ اکاؤنٹ،جونیئر کالج اکاؤنٹ اور اسکول نیوٹریشن اکاؤنٹ سے مبینہ طور پر رقم نکال کر گیان دیو پاٹل، ان کی اہلیہ کمل، بہو پرینکا، منیجنگ ٹرسٹی اور دیگر متعلقہ افراد کے بینک کھاتوں میں نقد یا براہِ راست منتقل کی گئی۔ اس معاملے میں دستاویزات کے ذریعے رقم نکالنے اور مالی لین دین میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
ادارے کے بینک کھاتوں کے آڈٹ میں سال 2017 سے اب تک مجموعی طور پر 70 لاکھ 82 ہزار 616 روپے کی مالی بے ضابطگی سامنے آنے کی اطلاع ہے۔ تحقیقات میں مختلف بینک کھاتوں کے درمیان بڑی رقوم کی منتقلی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ معاملے کی تفتیش کے دوران ان مالی لین دین اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ کی جا رہی ہے۔مذکورہ معاملے میں ملزمین کی جانب سے ممبئی ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ سماعت کے بعد عدالت نے الزامات کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے تینوں ملزمین کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے عبوری راحت میں مزید 15 روز کی توسیع کی درخواست بھی قبول نہیں کی۔تعلیمی اداروں کے فنڈز اور سرکاری گرانٹس سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے اس معاملے میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ضمانت کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے ملزمین کے خلاف آئندہ کیا کارروائی کی جاتی ہے، اس پر سب کی نگاہیں مرکوز ہیں۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com