اسلام پارٹی کے دو سال مکمل؛ آصف شیخ کا بڑا اعلان، شبِ برات سے قبل دو روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد‘‘


اسلام پارٹی کے دو سال مکمل؛ آصف شیخ کا بڑا اعلان، شبِ برات سے قبل دو روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد 



اسلام پارٹی کے عروج میں شہر کی خواتین کا بھی برابر کا حصہ رہا ہے، آصف شیخ کا اظہار تشکر 



’’پانی اور بنیادی سہولیات ہماری اولین ترجیح، آئندہ چھ ماہ میں ہر وارڈ اور گلی تک پانی کی پائپ لائن پہنچانے کا منصوبہ‘‘



مالیگاؤں: 21 اکتوبر(بیباک نیوز اپڈیٹ) اسلام پارٹی کے قیام کے دو سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈ لانس میں میئر نسرین شیخ کی صدارت میں منعقدہ استقبالیہ تقریب اور اظہارِ تشکر کے پروگرام میں سابق رکن اسمبلی اور اسلام پارٹی کے رہنما آصف شیخ رشید نے عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صحت عامہ کے حوالے سے اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کا پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا اسلام پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی پائپ لائن پہنچانے کے منصوبے پر کام کیا جائے گا، جبکہ شبِ برات سے قبل دو روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

تقریب میں خواتین، پارٹی ورکروں اور عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر آصف شیخ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں پارٹی کارکنوں، بالخصوص خواتین کی محنت، جدوجہد اور دعاؤں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کے سپورٹ سے اسلام پارٹی آج کامیابی کی منزل پر پہنچ رہی ہے اور عوام کے تعاون اور حمایت کی بدولت اسلام پارٹی نے گزشتہ دو برسوں میں اپنی شناخت قائم کی ہے اور مالیگاؤں کے ساتھ مہاراشٹر کے دیگر شہروں میں بھی پارٹی کی سرگرمیوں کو وسعت مل رہی ہے۔

آصف شیخ نے میونسپل کارپوریشن انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے اعتماد اور تعاون کے نتیجے میں اسلام پارٹی نے 35 کارپوریٹروں کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی، جبکہ نسرین شیخ کو اسلام پارٹی کی پہلی خاتون میئر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ رشید نے عوامی خدمت کا جو راستہ دکھایا تھا، اسی پر چلتے ہوئے غریبوں، مزدوروں اور عام شہریوں کے مسائل حل کرنا پارٹی کا بنیادی مقصد ہے۔

انہوں نے ورکروں سے اپیل کی کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو سمجھیں اور ان کے حل کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ ان کے مطابق سیاسی کامیابی کی اصل اہمیت اسی وقت ہے، جب اس کے ذریعے عام شہریوں کو راحت پہنچائی جائے اور شہر کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

مالیگاؤں میں پینے کے پانی کے مسئلے اور مختلف علاقوں میں بورنگ کی کھدائی و تنصیب کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے آصف شیخ نے مقامی رکن اسمبلی مفتی اسماعیل پر تنقید کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے غریب اور جھونپڑی والے علاقوں میں کھدوائی گئی بورنگز کو مکتوب کے ذریعے رکوا دیا گیا ہے، جس سے ان علاقوں کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آصف شیخ نے کہا کہ وہ خود اس معاملے کی پیروی کریں گے اور بند پڑی بورنگز کو دوبارہ شروع کروانے کے لیے کوششیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر شہر کے تمام وارڈوں اور گلیوں تک پانی کی پائپ لائن پہنچانے کے منصوبے کو مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی میں درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔


 آصف شیخ نے کہا کہ شبِ برات سے قبل مالیگاؤں میں دو روزہ تاریخی مفت میڈیکل کیمپ منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں کو مدعو کیا جائے گا۔آصف شیخ کے مطابق اس کیمپ میں خواتین اور مردوں کے ماہر ڈاکٹروں کے علاوہ کینسر، امراضِ قلب، دماغی امراض اور بچوں کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس کیمپ میں ادویات، ای سی جی، مختلف طبی جانچ اور آپریشن کی سہولیات مفت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خصوصاً غریب اور ضرورت مند خاندانوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ مالی مشکلات کے باعث کسی شہری کو علاج سے محروم نہ رہنا پڑے۔ میڈیکل کیمپ کے ذریعے شہر کے زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد تک طبی خدمات پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔


اپنے خطاب کے اختتام پر آصف شیخ نے مالیگاؤں کے عوام، بالخصوص نوجوانوں، بچوں، خواتین اور پارٹی کارکنوں کی محبت و حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے اسلام پارٹی کے مستقبل، عوامی خدمت اور شہر کی ترقی کے لیے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے 23 اکتوبر کو منعقد ہونے والے اسلام پارٹی کے دوسرے جشنِ یومِ تاسیس اور انقلابی جلسۂ عام کا تذکرہ کرتے ہوئے شہریوں، خواتین اور پارٹی حامیوں سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل بھی کی۔اس تقریب میں سابق میئر طاہرہ شیخ، موجودہ میئر نسرین شیخ، اسلام پارٹی کے قومی صدر نوید خطیب سمیت پارٹی کی متعدد خاتون کارپوریٹرس، عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔ تقریب میں پارٹی کے دو سالہ سفر، عوامی تعاون اور مستقبل میں شہر کے بنیادی مسائل کے حل کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے