دیسی پستول،کارتوس،کوڈین سیرپ کی سو بوتلیں، 5,385 نشیلی گولیاں، 4 کلو سے زائد گانجہ اور ضبط،
مالیگاؤں پولس کا بڑا ایکشن! منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف پانچ بڑی کارروائیاں، کئی ملزمین گرفتار
مالیگاؤں:21 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ)مالیگاؤں پولس نے شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کے غیر قانونی کاروبار، ممنوعہ نشیلی گولیوں کی فروخت، اسلحہ کی اسمگلنگ اور گانجہ کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں انجام دی ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انجام دی گئی ان کارروائیوں کی تفصیلات ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس سورج گنجال نے پریس کانفرنس کے ذریعے صحافیوں کے سامنے پیش کیں۔ اس موقع پر پوارواڑی، آزاد نگر، سٹی اور رمضان پورہ سمیت دیگر پولیس اسٹیشنوں کے سینئر پولس افسران بھی موجود تھے۔پولیس کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات کے مطابق، مختلف کارروائیوں میں کوڈین پر مشتمل ممنوعہ کف سیرپ کی 100 بوتلیں، الپرازولم کی مجموعی طور پر 5,385 گولیاں، 4 کلو 125 گرام گانجہ، ایک دیسی پستول، زندہ کارتوس اور موٹر سائیکلیں ضبط کی گئی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کی سپلائی سے وابستہ دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پوارواڑی پولیس اسٹیشن کی حدود میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پولس نے ممنوعہ کوڈین کف سیرپ کی 100 بوتلیں ضبط کرکے دو ملزمین کو گرفتار کیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت 26 سالہ عبیدالرحمان عتیق الرحمان، ساکن مدنی نگر، اور 25 سالہ عتیق احمد رفیق احمد، ساکن جمبور نگر، کے طور پر کی گئی ہے۔
پولس کے مطابق، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمین نے مذکورہ بوتلیں گجرات کے شہر سورت سے لانے کی بات بتائی ہے۔ اس معاملے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، تاکہ منشیات کی سپلائی کے ذرائع اور اس کاروبار سے وابستہ دیگر افراد کا پتہ لگایا جاسکے۔اسی طرح پاورواڑی پولس نے غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گولڈن نگر کے رہنے والے 25 سالہ محمد رضوان عرف رضوان ناٹیا کو ایک دیسی پستول اور زندہ کارتوس کے ساتھ گرفتار کیا۔ پولس کی ابتدائی تفتیش میں اسلحہ اترپردیش سے لانے کی بات سامنے آئی ہے۔ پولس اب اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ اسلحہ کہاں سے حاصل کیا گیا اور اس کی سپلائی میں کون کون ملوث ہے۔
سٹی پولس اسٹیشن نے بھی منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے الپرازولم کی 14 اسٹرپس، یعنی مجموعی طور پر 210 گولیاں ضبط کی ہیں۔ اس معاملے میں خلیل اسکول کے قریب رہنے والے 31 سالہ عرفان محمد اسلام عرف عرفان بوڑھا کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولس کے مطابق، گرفتار ملزم نے ابتدائی پوچھ تاچھ میں ان گولیوں کو دھولیہ سے لانے کی بات بتائی ہے۔ پولس اس معاملے میں نشیلی گولیوں کی خرید و فروخت اور ان کی سپلائی کے ذرائع کی جانچ کررہی ہے۔
آزاد نگر پولس اسٹیشن نے نشیلی گولیوں کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5,175 الپرازولم گولیاں اور ایک موٹر سائیکل ضبط کی ہے۔ اس معاملے میں رسول پورہ کے رہنے والے 22 سالہ معاذ امیر مصطفیٰ اور جعفر نگر کے رہنے والے 23 سالہ غفران احمد رضوان احمد کو گرفتار کیا گیا ہے۔اتنی بڑی تعداد میں نشیلی گولیوں کی برآمدگی کے بعد پولس ان کے سپلائی نیٹ ورک کی چھان بین کررہی ہے۔ تفتیش کے دوران یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ گولیاں کہاں سے لائی گئیں، انہیں کن افراد تک پہنچایا جانا تھا اور اس غیر قانونی کاروبار میں مزید کون کون شامل ہے۔
مالیگاؤں پولس کے دائرہ کار کے تحت آنے والے چاندوڑ پولس اسٹیشن نے بھی گانجہ کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 کلو 125 گرام گانجہ اور ایک موٹر سائیکل ضبط کی ہے۔ پولس کے مطابق، ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت 3 لاکھ 15 ہزار 722 روپے ہے۔اس معاملے میں چاندوڑ کے رہنے والے 47 سالہ آنند پردیسی اور 56 سالہ سنجے شندے کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں ملزمین کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید تحقیقات کررہی ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے واضح کیا کہ مالیگاؤں پولس منشیات کے غیر قانونی کاروبار، ممنوعہ نشیلی گولیوں کی فروخت اور غیر قانونی اسلحہ کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید سختی کے ساتھ جاری رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ پولس صرف گرفتار ملزمین تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ منشیات اور اسلحہ کی سپلائی کے پورے نیٹ ورک کی کڑیاں جوڑ کر اس کاروبار سے وابستہ دیگر افراد تک پہنچنے کی کوشش کرے گی۔پولس کی ان کارروائیوں سے واضح ہے کہ شہر اور اطراف میں منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کیا جارہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان مقدمات کی مزید تفتیش میں سپلائی نیٹ ورک سے وابستہ کتنے دیگر افراد کے نام سامنے آتے ہیں۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com