نعمانی پل کا سلیب بھرنے اور مارچ تک پل کی تعمیر مکمل کرنے کا عزم و کوشش ہماری ہے



نعمانی پل کا سلیب بھرنے اور مارچ تک پل کی تعمیر مکمل کرنے کا عزم و کوشش ہماری ہے
 


مولانا عبدالحمید نعمانیؒ کے نام سے منسوب پل کو "بےایمانی پل" کہنے والے موجودہ ایم ایل اے پر تنقید 
 


نعمانی پل کی تعمیر پر کریڈٹ کی سیاست، ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے کے مستقیم ڈگنیٹی کے سنگین الزامات



مالیگاؤں: 20 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) شہر کے اہم ترین ترقیاتی منصوبوں میں شامل نعمانی پل کی تعمیر اور اس سے وابستہ کاموں کو لے کر مالیگاؤں کی سیاسی فضا ایک بار پھر گرم ہوگئی ہے۔ نعمانی پل کی تعمیر، اس کے تکنیکی مراحل اور ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ لینے کی سیاست کے درمیان مستقیم ڈگنیٹی نے ایم ایل اے اور انکے حواریوں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے شہر کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔نعمانی پل کی تعمیر کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نعمانی پل بناؤ کمیٹی کا قیام گزشتہ اگست میں عمل میں آیا تھا۔ کمیٹی کی جانب سے مارچ 2027 تک پل کی تعمیر مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے تحت ضروری دفتری کارروائی اور تکنیکی مراحل کو مکمل کرنے کے لیے کوششیں کی گئیں، تاکہ تعمیراتی کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جاسکے اور عوام کو جلد از جلد اس اہم منصوبے کا فائدہ حاصل ہو۔پل کی تعمیر میں حائل تکنیکی رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی بتایا کہ راستے میں موجود 11 ہزار کے وی کی ہائی ٹینشن بجلی کی لائن کو ہٹانے کے لیے متعلقہ محکموں سے ضروری منظوری حاصل کرکے ہم نے کارروائی مکمل کی۔ اس اقدام کا مقصد پل کے سلیب کی تعمیر سمیت دیگر اہم کاموں کو بلا رکاوٹ آگے بڑھانا ہے۔ کمیٹی کی کوشش ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل ہو اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آسکے۔


نعمانی پل کی تعمیر کے حوالے سے جاری سیاسی سرگرمیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ حاصل کرنے کی سیاست میں مصروف ہیں۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ پل کی تعمیر کو مقررہ مدت، یعنی مارچ 2027 کے اختتام تک مکمل ہونے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ نعمانی پل کے نام کے حوالے سے بھی مستقیم ڈگنیٹی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پل حضرت مولانا عبدالحمید نعمانی رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے منسوب ہے، اس لیے انکے نام کے ساتھ نامناسب الفاظ جوڑنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے نام کے تقدس اور احترام کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی و سماجی شخصیات سے منسوب ناموں کے معاملے میں ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ ضروری ہے۔

انہوں نے مفتی اسمٰعیل کے بے ایمانی پل کہنے پر مذمت کی ۔نعمانی پل شہر کے متعدد علاقوں کے شہریوں کی آمدورفت کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ قلعہ باغ، محمود پورہ، موتی پورہ، اسلام آباد اور رسول پورہ سمیت مختلف علاقوں کے شہری روزانہ اس راستے سے گزرتے ہیں۔ پل کی تعمیر میں تاخیر یا کام میں رکاوٹوں کے باعث ان علاقوں کے رہنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ تعمیراتی کام کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر آگے بڑھایا جائے۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ نعمانی پل کی تعمیر کی بروقت تکمیل نہ صرف شہریوں کی سہولت بلکہ شہر کی مجموعی ترقی کے لیے بھی اہم ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اپوزیشن باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے تعمیراتی کام کی تکمیل میں تعاون کریں، تاکہ عوام کو جلد از جلد اس منصوبے کا فائدہ حاصل ہوسکے۔


اس موقع پر مستقیم ڈگنیٹی کے ہمراہ نعمانی پل بناؤ کمیٹی کے عبدالسلام سلو عطر والے، جمیل احمد چشتی، حسن شاہ، الیاس کامریڈ، انور خان، شکیل احمد اور اسرائیل سردار موجود تھے۔اس کے علاوہ سماجوادی پارٹی کے ذمہ داران حاجی اطہر حسین اشرفی، مولانا زاہد ندوی، شبیر احمد ببلو قریشی، رئیس سیٹھ ڈومن، اقبال انصاری قلعہ، راحیل حنیف، آصف اقبال ناگا، فیضان رجو، فہیم جاگیردار اور ابواللیث انصاری عبدالرحمٰن انصاری، ابوشعیب نہالی،سلو عطر والا،حسن شاہ و نعمانی پل بناؤ کمیٹی کے ذمہ داران سمیت علاقے کے دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے