میئر جنتا دربار شروع کرنے کا اعلان، عوامی مسائل کے حل کے لیے برسرِ اقتدار کا اہم اقدام



میئر جنتا دربار شروع کرنے کا اعلان، عوامی مسائل کے حل کے لیے برسرِ اقتدار کا اہم اقدام



کارپوریشن کے تمام محکموں کے افسران جنتا دربار میں عوامی شکایات کو کریں گے حل




مالیگاؤں، 17 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ): مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں عوام کے بنیادی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے جنتا دربار کے انعقاد کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اہم اقدام اسلام پارٹی کے قائد آصف شیخ رشید کی سرپرستی میں برسرِ اقتدار انتظامیہ کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی میئر نسرین شیخ خالد نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔میئر نسرین شیخ خالد نے بتایا کہ آصف شیخ رشید کی سرپرستی میں ہر ماہ کے دوسرے جمعہ کو شام 4 بجے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں جنتا دربار منعقد کیا جائے گا۔ اس جنتا دربار میں میونسپل کارپوریشن کے مختلف محکموں کے افسران، اہلکار اور متعلقہ محکموں کے سربراہان موجود رہیں گے، جہاں شہری براہِ راست اپنے مسائل اور شکایات پیش کر سکیں گے۔


انہوں نے بتایا کہ جنتا دربار کا بنیادی مقصد شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر اور براہِ راست پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، تاکہ کارپوریشن سے متعلق شکایات کو متعلقہ افسران کے سامنے پیش کیا جا سکے اور ان کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اس اقدام کے ذریعے عوام اور میونسپل انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

میئر نسرین شیخ نے مزید بتایا کہ پہلا جنتا دربار 21 اگست، بروز جمعہ، شام 4 بجے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقے اور محلے سے متعلق مسائل اور شکایات تحریری طور پر ساتھ لے کر آئیں، تاکہ انہیں جنتا دربار میں متعلقہ محکمے کے افسران کے سامنے پیش کیا جا سکے اور ان کے حل کی کارروائی شروع کی جا سکے۔میئر نے کہا کہ جنتا دربار کے انعقاد کا مقصد میونسپل کارپوریشن سے متعلق عوامی مسائل کو شفاف، مؤثر اور بروقت انداز میں حل کرنا ہے۔ شہریوں کی شکایات کو براہِ راست سن کر متعلقہ محکموں تک پہنچانے اور ان کے ازالے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے مالیگاؤں کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنے علاقے کے بنیادی مسائل، صفائی، پانی، سڑک، گٹر، اسٹریٹ لائٹ اور دیگر میونسپل امور سے متعلق شکایات کو جنتا دربار میں پیش کریں، تاکہ انتظامیہ ان مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کر سکے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے