’مالیگاؤں پیٹرن‘ ریاست بھر میں نافذ کرنے کی کوشش، مالیگاؤں کی طبی سہولیات کو نئی سمت دینے سرکار پابند



’مالیگاؤں پیٹرن‘ ریاست بھر میں نافذ کرنے کی کوشش، مالیگاؤں کی طبی سہولیات کو نئی سمت دینے سرکار پابند 



سرکاری و میونسپل اسپتالوں میں ماہر ڈاکٹروں، افرادی قوت اور جدید طبی آلات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی: وزیر صحت پرکاش آبٹیکر



مالیگاؤں:21 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) ریاستی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود پرکاش آبٹیکر نے کہا ہے کہ مالیگاؤں شہر کے سرکاری اور میونسپل اسپتالوں میں موجود طبی سہولیات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ضروری افرادی قوت، خصوصی ماہر ڈاکٹروں اور جدید طبی آلات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔ مالیگاؤں میں جس طرح صحت کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسے ’مالیگاؤں پیٹرن‘ کے طور پر ریاست کے دیہی اور ضلعی اسپتالوں کے لیے مثالی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔وزیر صحت پرکاش آبٹیکر مالیگاؤں کے کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھولے خواتین و اطفال اسپتال میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ریاستی وزیرِ اسکولی تعلیم دادا جی بھوسے، میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی میئر شانے ہند نہال احمد، ہیلتھ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر کپل آہیر، ضلع سرجن ڈاکٹر ستیش شمپی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جتیندر ڈولارے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر انیس مومن، ضلع صحت افسر سدھاکر مورے سمیت محکمہ صحت اور میونسپل کارپوریشن کے متعدد افسران و طبی عملہ موجود تھا۔

وزیر صحت نے کہا کہ مالیگاؤں کے اسپتالوں میں انتظامات، صفائی اور دستیاب سہولیات کا کام اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارامتی کے پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں بھی بہتر طبی سہولیات کا نمونہ تیار کیا گیا ہے۔ اسی طرز پر مالیگاؤں میں صحت کے نظام کو منظم کیا گیا ہے، اس لیے مالیگاؤں کے اس ماڈل کو ریاست کے دیہی اور ضلعی اسپتالوں میں نافذ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں کے اسپتالوں کے لیے درکار افرادی قوت اور نظرثانی شدہ اسٹاف پیٹرن سے متعلق موصولہ مطالبات پر محکمہ صحت کی سطح پر کارروائی جاری ہے۔ متعلقہ افسران کو ضروری تجاویز اور ایکشن پلان تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آبٹیکر نے کہا کہ مالیگاؤں کے اسپتالوں میں خصوصی ماہر ڈاکٹروں، ضروری طبی عملے، ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، دندان سازی، کان، ناک و گلے کے شعبے اور دیگر ضروری طبی آلات کی فراہمی سے متعلق مطالبات پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے، اس مقصد کے تحت ضروری طبی سہولیات مالیگاؤں ہی میں فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے زیرِ انتظام اسپتالوں میں افرادی قوت کی فراہمی کے دوران پیش آنے والی انتظامی دشواریوں کو محکمہ شہری ترقی کے ساتھ تال میل قائم کرکے حل کیا جائے گا۔ اسپتال کی عمارت اور جدید آلات کے ساتھ مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور اسپتال کا ماحول بھی انتہائی اہم ہے۔ ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر ملازمین کو خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے مریض مرکز صحت کا نظام قائم کرنا چاہیے، تاکہ مریضوں کو اپنائیت، اطمینان اور اعتماد کا احساس ہو۔
وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری صحت مراکز کے مؤثر کام کے لیے عوامی شراکت داری بھی اہم ہے۔ مریض بہبود کمیٹیوں، عوامی نمائندوں اور محکمہ صحت کے افسران کے درمیان باقاعدگی سے تال میل ہونا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر تین ماہ بعد متعلقہ عوامی نمائندوں کی موجودگی میں اسپتالوں کے کام کاج کا جائزہ لیا جائے اور درپیش مشکلات اور ضروری اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جائے۔


مالیگاؤں کے اسپتالوں کے لیے افرادی قوت اور طبی سامان فراہم کیا جائے: دادا جی بھسے 

ریاستی وزیر اسکولی تعلیم دادا جی بھوسے نے مطالبہ کیا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے زیرِ انتظام تقریباً 100 بستروں کی گنجائش والی نئی اسپتال عمارت کا کام تکمیل کے مرحلے میں ہے۔ اسے مکمل صلاحیت کے ساتھ شروع کرنے کے لیے نظرثانی شدہ اسٹاف پیٹرن کے مطابق کلاس ون افسران، خصوصی ماہر ڈاکٹروں اور ضروری طبی عملے کی تقرری کی جائے۔انہوں نے اسپتال کے لیے سونوگرافی مشین، ایکسرے مشین، اینستھیزیا ورک اسٹیشن سمیت دیگر ضروری طبی آلات اور سامان فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ بھوسے نے بتایا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے ذریعے مزید تقریباً 100 بستروں کے ایک اسپتال کی تعمیر بھی جاری ہے، جسے جلد از جلد شہریوں کی خدمت کے لیے شروع کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی جانب سے تعمیر کیے گئے تقریباً 50 بستروں کے اسپتال کو بھی آئندہ ڈیڑھ ماہ میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

دادا جی بھوسے نے بتایا کہ مالیگاؤں جنرل اسپتال میں اس وقت 200 بستروں کی سہولت موجود ہے، جبکہ مزید 100 بستروں کی تعمیر جاری ہے۔ اس طرح اسپتال کی گنجائش بڑھ کر 300 بستروں تک پہنچ جائے گی۔ اس کے لیے کلاس ون افسران، میڈیکل افسران اور مختلف شعبہ ہائے طب کے خصوصی ماہر ڈاکٹروں کی ضرورت ہوگی۔
انہوں نے جنرل اسپتال کے لیے ایم آر آئی مشین، شعبۂ دندان سازی کے ضروری آلات اور کان، ناک و گلے کے شعبے کے لیے درکار طبی سامان فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ خواتین و اطفال اسپتال میں ماہر امراضِ نسواں ڈاکٹروں کی دستیابی کا مسئلہ بھی وزیر صحت کے سامنے رکھا۔

وزیر صحت کی مالیگاؤں جنرل اسپتال میں اچانک وزٹ 

وزیر صحت پرکاش آبٹیکر نے مالیگاؤں جنرل اسپتال کا دورہ کرکے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کرکے ان کی مشکلات اور مسائل دریافت کیے۔اس موقع پر وزیر صحت کے ہاتھوں نومولود بچوں کی ماؤں میں بیبی کیئر کٹ اور بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل، ڈپٹی میئر شانے ہند نہال احمد، محکمہ صحت کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے