جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پورے شہر میں روشنی اور خصوصی صفائی مہم شروع کی جائےاسلام پارٹی مائناریٹی و اوقاف سیل


جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پورے شہر میں روشنی اور خصوصی صفائی مہم شروع کی جائے



اسلام پارٹی مائناریٹی و اوقاف سیل کی کارپوریشن برسرِ اقتدار سے اپیل




مالیگاؤں، 17 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ): جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مقدس موقع پر مالیگاؤں شہر کے اہم چوک چوراہوں، سڑکوں اور مساجد کی جانب جانے والے راستوں پر خصوصی روشنی کے انتظامات اور شہر بھر میں خصوصی صفائی مہم چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں انڈین سیکولر لارجسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر (اسلام) پارٹی کے مائناریٹی و اوقاف سیل کے صدر رضوان میمن محمد عرفان نے اسلام پارٹی کے بانی و قائد آصف شیخ کی سرپرستی میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی میئر نسرین شیخ اور گٹ نیتا خالد حاجی کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہری سہولیات کو بہتر بنانے کی اپیل کی ہے۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ اس سال عید میلاد النبی ﷺ کا مقدس تہوار 26 اگست 2026 کو پورے ملک میں مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر مالیگاؤں شہر میں بھی مختلف مذہبی و سماجی پروگرام منعقد ہوں گے، جن میں بڑی تعداد میں مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ شہر سے آنے والے افراد بھی شرکت کریں گے۔

اسلام پارٹی مائناریٹی و اوقاف سیل کی جانب سے کارپوریشن کے سامنے بنیادی طور پر اہم مطالبات پیش کیے گئے ہیں۔ جس میں شہر کے تمام اہم چوکوں، سڑکوں اور مساجد کی جانب جانے والے راستوں پر مناسب اور خوبصورت برقی روشنی کا انتظام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بند پڑی اسٹریٹ لائٹس کو بھی فوری طور پر درست کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اسی طرح شہر کے اہم راستوں کی خستہ حالی دور کی جائے اور فوری طور پر پیچ ورک کیا جائے تاکہ جلوس کے شرکاء کو کسی بھی قسم کی تکلیفوں کا سامنا کرنا نہ پڑے ۔

اسی طرح شہر بھر میں خصوصی صفائی مہم چلانے پر زور دیا گیا ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر کو کچرے اور گندگی سے پاک رکھا جائے، اہم سڑکوں اور چوک چوراہوں سے کچرا فوری طور پر اٹھایا جائے اور صفائی عملے کو خصوصی ہدایات جاری کی جائیں تاکہ جشن کے دوران شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آسکے۔رضوان میمن نے امید ظاہر کی کہ میونسپل کارپوریشن اس اہم مذہبی موقع کی مناسبت سے فوری طور پر ضروری اقدامات کرے گی اور شہر میں صفائی و روشنی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کارپوریشن کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر اسلام پارٹی مائناریٹی و اوقاف سیل کے دیگر عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے