مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں شاندار انٹر کلاس سائنس ایگزیبیشن،ننھے سائنس دانوں کی حوصلہ افزائی

مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں شاندار انٹر کلاس سائنس ایگزیبیشن،ننھے سائنس دانوں کی حوصلہ افزائی




سو سے زائد سائنسی ماڈلز اور پروجیکٹس نے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منوایا


مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں شاندار انٹر کلاس سائنس ایگزیبیشن،ننھے سائنس دانوں کی حوصلہ افزائی



مالیگاؤں: 14 اگست (پریس ریلیز): طلباء میں مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، انہیں موجودہ دور کے چیلنجز سے آگاہ کرنے اور سائنسی و تحقیقی فکر کو فروغ دینے کے مقصد سے مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں ایک یادگار اور شاندار انٹر کلاس سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اسکول کے سائنس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منعقدہ اس نمائش میں طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں، سائنسی مہارت اور تحقیقی ذوق کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے سو سے زائد سائنس ماڈلز اور مختلف نوعیت کے پروجیکٹس پیش کیے۔یہ سائنس نمائش 13 اگست بروز جمعرات صبح 10 بجے اسکول کے وسیع و عریض کیمپس میں انجمن معین الطباء کے چیئرمین الحاج اسحاق سیٹھ زری والا کے ہاتھوں شروع ہوئی۔ نمائش کے انعقاد میں سائنس ڈپارٹمنٹ کے جاوید فاروق سر، زرینہ آپا، سیدہ آپا، اظہر پرویز سر، آصف وسیم سر، حمیرہ آپا، حامد محمود، جنید کلیم احمد، مجیب الرحمن عبدالرشید سمیت دیگر اساتذہ نے بھرپور محنت اور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، جبکہ ہیڈ ماسٹر اور اسکول انتظامیہ کی اجازت و تعاون سے اس پروگرام کو عملی شکل دی گئی۔اس موقع پر سائنس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جماعت ششم کے نئے نصاب کو مدنظر رکھتے ہوئے طلباء کی تعلیمی و عملی ضرورت کے لیے پریکٹیکل بک، اسائنمنٹ بک اور ایکٹیویٹی بک بھی شائع کی گئی، جس کی رونمائی چیئرمین و اراکین انجمن کے ہاتھوں عمل میں آئی۔نمائش کے افتتاحی پروگرام کے بعد اسحاق سیٹھ زری والا، سیکریٹری سراج دلار سر، رکن انجمن ڈاکٹر عرفان رحمانی، ڈاکٹر افتخار احمد، حنیف شوال، راشد برکتی، پروفیسر ضیاء الرحمن سر، ہیڈ ماسٹر زاہد حسین سر، اے ڈی آئی نظیر پٹیل ،اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر، سپروائزرز اور این سی سی ٹروپ کے صوبیدار سریش کمار جے سی او بالجندر سنگھ سمیت دیگر معزز مہمانوں نے سائنس نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا اور طلباء کی جانب سے تیار کیے گئے مختلف سائنسی ماڈلز اور پروجیکٹس کا مشاہدہ کیا۔نمائش میں طلباء نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں سے متعلق سو سے زائد تخلیقی اور معلوماتی پروجیکٹس پیش کیے۔ ان میں ماحول دوست رہائش، کم خرچ اور آسان سفر، سفر کے ساتھ بجلی کی پیداوار، گارڈننگ، تدریس میں سائنس کا استعمال، عملی زندگی میں سائنس و ٹیکنالوجی کا آسان استعمال و فوائد، زلزلہ اور طوفان سے خبردار کرنے والے الارم سمیت مختلف منفرد اور کارآمد ماڈلز شامل تھے۔طلباء کے ان سائنسی ماڈلز میں ان کی تخلیقی صلاحیت، فنی مہارت اور عملی سوچ نمایاں نظر آئی۔ کئی پروجیکٹس ایسے تھے جن میں روزمرہ زندگی کے مسائل کا سائنسی اور کم خرچ حل پیش کرنے کی کوشش کی گئی، جسے اسکول کے طلباء، والدین، اساتذہ اور منتظمین نے خوب سراہا۔طلباء کی جانب سے پیش کیے گئے یہ ماڈلز ان کی محنت، جستجو اور سائنسی ذہن سازی کا عملی ثبوت ثابت ہوئے۔نمائش کے لیے باقاعدہ ججز کا پینل بھی تشکیل دیا گیا، جس نے جونیئر کالج کی اسسٹنٹ ہیڈ مسٹریس راشدہ آپا کی سرپرستی میں طلباء کے مختلف پروجیکٹس کا جائزہ لیا۔ ماڈلز کی تخلیق، افادیت، سائنسی بنیاد، فنی مہارت اور عملی زندگی میں ان کے استعمال سمیت مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے طلباء کی کاوشوں کا مشاہدہ کیا گیا۔سائنس ایگزیبیشن میں ارم پری پرائمری اسکول، ڈاکٹر پی ایم رحمانی اسکول، مالیگاؤں گرلز ہائی اسکول اور مالیگاؤں جونیئر کالج کے اساتذہ و معلمات، طلباء و طالبات نے بھی پرجوش شرکت کی اور نمائش میں پیش کیے گئے سائنسی ماڈلز سے استفادہ حاصل کیا۔طلباء کی سہولت اور بہتر انتظام کے لیے نمائش کے اوقات بھی الگ الگ رکھے گئے۔ صبح سے دوپہر تک لڑکوں کے لیے نمائش پیش کی گئی، جبکہ دوپہر کے بعد شام 6 بجے تک لڑکیوں اور خواتین کے لیے نمائش کا اہتمام کیا گیا، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس منفرد سائنسی سرگرمی سے استفادہ کرسکیں۔اس موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے نمائش میں حصہ لینے والے ننھے سائنس دانوں کے لیے ناشتے کا بھی انتظام کیا گیا۔ نمائش کو کامیاب بنانے میں مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے صبح سے شام تک اپنی خدمات انجام دیں۔مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں منعقدہ یہ سائنس ایگزیبیشن طلباء میں سائنسی شعور، تحقیق، تخلیقی سوچ اور عملی زندگی کے مسائل کو سائنسی انداز میں حل کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کی سمت ایک قابلِ ستائش قدم ثابت ہوئی۔طلباء کی بھرپور شرکت اور ان کے منفرد سائنسی ماڈلز نے اس نمائش کو یادگار بنا دیا اور یہ پیغام دیا کہ مناسب رہنمائی اور حوصلہ افزائی ملنے پر یہی ننھے طلباء مستقبل کے کامیاب سائنس دان اور موجد بن سکتے ہیں۔اس کامیاب سائنس نمائش کے انعقاد پر ناسک ضلع سائنس ایگزیبیشن کمیٹی کے صدر ونیت دھرم راج پوار نے خصوصی مبارک باد پیش کی ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے