مالیگاؤں ہائی اسکول میں عالمی یوم یوگا جوش و خروش سے منایا گیا
طلبا اور اساتذہ کا صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کا عہد ، طلباء نے یوگا کے دلچسپ عملی مظاہرے پیش کئے
مالیگاؤں :21 جون (پریس ریلیز)فلاحِ انسانیت اور صحتِ عامہ کے پیغام کو عام کرنے کے عزم کے ساتھ، آج مالیگاؤں ہائی اسکول میں 'عالمی یوم یوگا' نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اسکول کے گراؤنڈ میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں سینکڑوں طلباء، اساتذہ نے شرکت کی۔اس تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اسکول کے ہیڈ ماسٹر زاہد حسین سر نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ "یوگا صرف جسمانی ورزش کا نام نہیں، بلکہ یہ ذہنی سکون، ارتکازِ فکر اور خود کو سمجھنے کا ایک قدیم اور مؤثر ذریعہ ہے۔موجودہ دور کی بھاگ دوڑ والی زندگی میں یوگا کے ذریعے ہی ہم اپنے آپ کو پرسکون رکھ سکتے ہیں۔اس تقریب کا سب سے نمایاں پہلو طلباء کی جانب سے پیش کیا گیا عملی مظاہرہ تھا۔ اسکول کے طلباء نے فزیکل ٹیچر و سپر وائزر عبد الخالق سر کی ہدایت پر حامد حسین سر کی زیرِ نگرانی یوگا کے مختلف آسنوں اور تنفسی ورزشوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔طلبا کی مہارت اور نظم و ضبط دیکھ کر حاضرین نے خوب داد دی۔ اس دوران طلبا کو یوگا کی افادیت، قوتِ مدافعت میں اضافے اور تعلیمی میدان میں ارتکاز بڑھانے کے طریقوں کے بارے میں اسکول کے فعال معلم اظہار سر نے تفصیلی معلومات فراہم کی۔اسکول انتظامیہ نے اس موقع پر صحت عامہ سے متعلق بیداری مہم کا بھی آغاز کیا۔ انہوں نے طلبا کو بتایا کہ متوازن غذا اور یوگا کس طرح ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔تقریب کا اختتام اس عہد کے ساتھ ہوا کہ تمام شرکاء روزانہ اپنے معمولات میں یوگا کو شامل کریں گے تاکہ تعلیمی اور ذاتی زندگی میں بہترین نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر اسکول مینجمنٹ نے تمام شرکاء اور منتظمین کی ستائش کی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com