ڈکیتی کے الزام میں 4 نوجوان گرفتار، دو فرار، قلعہ پولس کی کارروائی



ڈکیتی کے الزام میں 4 نوجوان گرفتار، دو فرار، قلعہ پولس کی کارروائی 


دیسی پستول، تلوار، موبائل فون اور کار سمیت 9 لاکھ سے زائد مالیت کا سامان ضبط 


مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) پولیس کنٹرول روم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مالیگاؤں قلعہ پولس نے چندن پوری روڈ پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کرنے والے ایک گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دیسی ساختہ پستول، تیز دھار ہتھیار، موبائل فون اور ایک کار سمیت تقریباً 9 لاکھ 1 ہزار روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا ہے۔

پولس کے مطابق قلعہ پولس اسٹیشن میں گناہ رجسٹرڈ نمبر 111/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 310(4) اور آرمز ایکٹ کی دفعات 3/25 اور 4/25 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر 10 جون 2026 کی رات چندن پوری گاؤں کے قریب منصورہ کالج اور نیر پیٹرول پمپ کے اطراف کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں توصیف خلیل انصاری (34 سال)، روزن انصاری (26 سال)، محمد مجاہد شبیر (29 سال) اور عبداللہ شیخ نعیم (20 سال) شامل ہیں، جبکہ راجو فٹر اور شیخ یعقوب شیخ راشد فرار بتائے گئے ہیں۔

پولیسی نے ملزمان کے قبضے سے ایک لوہے کی نوک دار سلاخ، ایک تیز دھار تلوار، دو دیسی ساختہ پستول بمعہ میگزین اور کارتوس، مختلف کمپنیوں کے چار موبائل فون اور ایک سفید رنگ کی ہیونڈائی آورا (Hyundai Aura) کار ضبط کی ہے۔

پولیس کے مطابق عبداللہ شیخ نعیم کے قبضے سے لوہے کی نوک دار سلاخ اور Vi سم کارڈ والا Itel کمپنی کا موبائل فون برآمد ہوا۔ توصیف خلیل انصاری کے قبضے سے ایک تیز دھار تلوار، سیمسنگ کمپنی کا موبائل فون اور دیگر اشیاء ملی ہیں۔ اسی طرح محمد دمجاہد شبیر کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول، میگزین، کارتوس اور Vivo کمپنی کا موبائل فون برآمد کیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم کے قبضے سے ایک اور دیسی ساختہ پستول، میگزین، کارتوس اور Oppo کمپنی کا موبائل فون ضبط کیا گیا۔

پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال سفید رنگ کی ہیونڈائی آورا کار بھی قبضے میں لے لی، جس کی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ اور دیگر سامان کو ضبط کرکے فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کو 11 جون 2026 کی رات 12:19 بجے گرفتار ظاہر کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث ایک ممکنہ سنگین ڈکیتی کی واردات کو ناکام بنا دیا گیا۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے