وقف بورڈ کی میٹنگ میں ہنگامہ، وقف املاک کو بچانے والے مہاراشٹر وقف لبریشن اینڈ پروٹیکشن ٹاسک فورس کے بانی و چیئرمین سلیم ملا پر حملہ
بیگم پورہ پولس اسٹیشن اورنگ آباد میں مقدمہ درج، مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی مالیگاؤں نے حملہ کی مذمت کی
اورنگ آباد: 25 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) چیئرمین سمیر قاضی نے مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کی ہر ماہ باقاعدہ سماعت اور میٹنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس پہلی ہی میٹنگ کے دوران داخلی دروازے پر ہنگامہ آرائی کی وجہ سے نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا۔ جس کی وجہ سے پولس کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ریاست کے مختلف مقدمات کی سماعت حج ہاؤس میں صبح سے ہی جاری تھی۔دوپہر کے بعد اندر سماعت چل رہی تھی، مہاراشٹر وقف لبریشن اینڈ پروٹیکشن ٹاسک فورس کے بانی چیئرمین سلیم ملا پونے سے ایک کیس میں سماعت کے لیے پیش ہوئے تھے۔ جب وہ داخلی دروازے سے داخل ہونے کے لیے آئے تو نامعلوم افراد نے ان سے بحث کی اور ان کے منہ پر تھپڑ مارا گیا جس کی وجہ سے ان کی ناک سے خون نکلا۔ اس کے بعد ڈیوٹی پر تعینات پولس نے تنازعہ ختم کرنے کی کوشش کی لیکن ہنگامہ برپا ہوگیا۔ چیئرمین سمیر قاضی نے انہیں اندر بلا کر واقعہ کی تفصیلات معلوم کی۔ سلیم ملا نے بیگم پورہ پولس اسٹیشن اورنگ آباد میں نامعلوم افراد کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وقف بورڈ تنازعہ پیدا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کرے گا۔ وقف بورڈ کسی نہ کسی تنازعہ کی وجہ سے خبروں میں رہتا ہے لیکن وقف املاک کو بچانے میں ہمیشہ تعاون کرنے والے سلیم ملا کی پٹائی کے بعد غصے کا ردعمل سامنے آرہا ہے۔
اس حملہ کی خبر منظر عام پر آتے ہی حملہ آوروں کیخلاف غم و غصے کا ماحول ہے ۔سلیم ملا پر ہوئے حملہ کی چوطرفہ مذمت کی جارہی ہے، اس ضمن میں مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے کنوینر آصف شیخ نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ وقف املاک کو ہمیشہ بچانے والے سلیم ملا ہر حملہ کرنا ایک سازش کا حصہ لگتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سلیم مُلّا پونہ کے ساکن ہیں۔موصوف مہاراشٹر وقف لبریشن اینڈ پروٹیکشن ٹاسک فورس کے صدر بھی ہیں ۔ جمعرات کو وہ اورنگ آباد میں واقع وقف بورڈ کے دفتر میں پہلے سے طے شدہ میٹنگ کے سلسلے میں پہنچے تھے، جہاں انہیں بورڈ کے ذمہ داران کے سامنے بڑے پیمانے پر وقف جائیداد میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور گھوٹالوں کے شواہد پیش کرنے تھے ۔یہ وہی گھوٹالے ہیں جنہیں وہ گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل عدالتی اور عوامی سطح پر بے نقاب کرتے آئے ہیں۔ تاہم، اس میٹنگ کے آغاز سے قبل ہی، دفتر کے احاطے میں نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔ آصف شیخ نے کہا کہ یہ محض ایک حملہ نہیں بلکہ ایک سازش لگتی ہے۔ جو زمین مافیا، بدعنوان افسران کو بے نقاب کرنے کے سلسلے کو روکنے کی سازش ہے ۔مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی مالیگاؤں اس حملہ کی شدید مذمت کرتی ہے اور پولس و سرکار سے خاطی افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے سلیم ملا کو انصاف دینے کا مطالبہ کرتی ہے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com