بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی = اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا، مزدوروں کے مسیحا، غریب پرور عوامی مقبول رہنما سابق ایم ایل اے شیخ رشید کا انتقال


بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی = اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا


مزدوروں کے مسیحا، غریب پرور عوامی مقبول رہنما سابق ایم ایل اے شیخ رشید کا انتقال،شہر مالیگاؤں کا عظیم خسارہ، ایک عہد کا خاتمہ 


 جلوس جنازہ میں ہزاروں سوگواران کی شرکت،شیخ رشید پرنم آنکھوں سے سپرد لحد 




مالیگاؤں :5 دسمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر  و مہاراشٹر  کے مشہور و قدآور سیاسی رہنما شیخ رشید نے چار دسمبر کی شب سوا دس بجے کے قریب ناسک کے نائن پلس ہاسپٹل میں آخری سانس لی اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ۔ناسک سے انکے فرزند شیخ آصف نے نمائندہ کو اس طرح کی روح فرسا خبری سنائی ۔ان للہ وانا الیہ راجعون!۔شیخ رشید گزشتہ دو ماہ سے علیل چل رہے تھے ۔انہیں پہلے عارضہ قلب لاحق ہوا بعد میں بائی پاس کا کامیاب آپریشن بھی اہل خانہ نے کیا ۔اس کے بعد شیخ رشید  پھیپھڑوں اور کڈنی کا عارضہ میں مبتلا ہوئے ۔درازی عمری و بیماری کے باعث شیخ رشید کا اہل خانہ نے مالیگاؤں تا ناسک ہر ممکن کوشش کی اور علاج و معالجہ میں کوئی کمی نہ رکھی لیکن مرضی مولا کے آگے سب بے بس ہیں کے مصداق 4 دسمبر کو شیخ رشید ہم سب کو چھوڑ کر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ۔ہزار کھولی مرحوم حاجی شیخ شفیع کے پرانے مکان سے شیخ رشید کا جسد خاکی عائشہ نگر قبرستان لایا گیا جہاں انہیں ہزاروں سوگواران نے پرنم آنکھوں سے سپرد لحد کیا ۔مرحوم کی نماز جنازہ قاری الطاف احمد نے پڑھائی ۔جلوس جنازہ میں شہر و بیرون شہر کے رشتہ داروں کے علاوہ خانوادہ شیخ رشید سے دلی لگاؤ رکھنے والے ہمدردوں کے علاہ مسلم و غیر مسلم عوام ہزاروں کی تعداد میں موجود تھیں ۔ہزار کھولی سے عائشہ نگر قبرستان تک اندر و باہر اور تمام راستوں پر عامتہ المسلمین  جلوس جنازہ، تجہیز و تکفین میں کثیر تعداد میں شریک رہے ۔شیخ رشید مالیگاؤں کی سیاست کے روشن باب اور تعمیری سیاست کے علمبردار تھے ۔مرحوم کے تعمیری نقوش اہالیان شہر و اہل سیاست کیلئے مشعل راہ ہیں ۔انہوں نے گرنا ڈیم اسکیم سے مالیگاؤں کو پانی کی برسوں پرانی تکالیف سے نجات لائی ۔شہر میں سمینٹ کانکریٹ روڈ کا دور بھی شیخ رشید نے ہی شروع کروایا ۔مرحوم شیخ رشید نے 1982 سے عملی سیاست میں قدم رکھا اور دن بہ دن مالیگاؤں کی تعمیر و ترقی کیلئے سرگرم عمل ہوگئے ۔شیخ رشید دو مرتبہ ایم ایل اے رہے اور ایک مرتبہ کارپوریشن کے میئر بھی رہے ۔شیخ رشید نے سول اسپتال کی تعمیر، مالدہ کالونی، کورٹ کی عمارت، سائنہ میں فلٹر پلانٹ کی تعمیر بھی کروائی ۔مہاراشٹر اسٹیٹ پاورلوم فیڈریشن کے چیرمین رہتے ہوئے شیخ رشید نے ٹیکسٹائل صنعت اور بنکروں کو کروڑوں کی امداد دلا کر صنعت پارچہ بافی کے ساتھ انصاف کیا ۔غریبوں اور مظلوم و کمزور طبقات کی ہمیشہ سے ہی مدد کرنا شیخ رشید کا خاصہ رہا ہے ۔ بیوہ و بزرگوں کے لئے ہمیشہ سے ہی شیخ رشید نے نرم گوشہ اختیار کیا اور وقتا فوقتاً اپنے اور حکومتی سطح پر انہیں مراعات دلوانے کی کوشش کرتے رہیں ۔شہر میں عوام انہیں غریبوں کے مسیحا، یتیموں کے ہمدرد اور مزدوروں کا خیر خواہ سمیت دیگر القابات سے نوازا کرتے تھے ۔آج شیخ رشید کے انتقال پر شہریان اس اعلی صفات والے عوامی رہنما  سے محروم ہو گیا ۔شہر بھر کی سیاسی، سماجی مذہبی و تعلیمی شخصیات نے شیخ رشید کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انکے لئے اظہار تعزیت پیش کی اور دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم شیخ رشید کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین ثم آمین ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے