انڈر گراؤنڈ گٹر کا ٹینڈر 610 کروڑ میں حاصل کرنے کیلئے انڈو انجینئرنگ کمپنی نے بوگس سرٹیفکیٹ کا استعمال کیا ، مالیگاؤں کارپوریشن کو امپھال کارپوریشن کا ویریفیکشن لیٹر موصول



انڈر گراؤنڈ گٹر کا ٹینڈر 610 کروڑ میں حاصل کرنے کیلئے انڈو انجینئرنگ کمپنی نے بوگس سرٹیفکیٹ کا استعمال کیا ، مالیگاؤں کارپوریشن کو امپھال کارپوریشن کا ویریفیکشن لیٹر موصول 

انڈو انجینئرنگ پروجیکٹ نامی کمپنی، کمشنر و ٹینڈر کمیٹی اور پی ایم سی پر دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا جائے 


آصف شیخ کی کارپوریشن کیخلاف لڑائی کارگر، عوامی خزانے کے 110 کروڑ روپے بچانے میں کامیاب ، چیف سیکرٹری و پولس ڈپارٹمنٹ سے انکوائری کا مطالبہ 


کارروائی نہ ہونے کی صورت میں ممبئی ہائی کورٹ سے مقدمہ درج کروانے کا اعلان ، ایم ایل اے و وزیر کی سیاسی سرپرستی میں کارپوریشن کے کروڑوں روپے کی لوٹنے کی تیاری بے نقاب ، پریس کانفرنس سے آصف شیخ کی مخاطبت 




مالیگاؤں: 3 دسمبر (پریس ریلیز) مرکزی حکومت کے اشتراک سے منظور کردہ امرت اسکیم فیز 2 کے تحت مالیگاؤں شہر میں انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم ٹینڈر معاملہ میں اہل اور نااہل ٹینڈر ہونے کے پروسیجر کی مکمل تحقیقات کی جائے۔اسطرح کا مطالبہ آصف شیخ رشید نے مہاراشٹر کے پردھان سیکرٹری سے کیا ہے ۔آصف شیخ نے چیف سیکرٹری برائے وزارت شہری ترقیات حکومت مہاراشٹر کو مزید لکھا ہے کہ مذکورہ معاملے میں مالیگاؤں میونسپل کمشنر اور ٹینڈر کمیٹی، پروجیکٹ مینجمنٹ کنسلٹنٹ اور انڈو انجینئرنگ پروجیکٹس کارپوریشن ناگپور نے منصوبہ بند طریقے سے ٹینڈر میں درج بجٹ سے زیادہ رقم ادا کرکے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کو 110 کروڑ کا مالی نقصان پہنچانے کی حکمت عملی بنائی ہے۔ اس پورے عمل کے آغاز سے لے کر تاحال ہم نے متعدد مرتبہ ای میل اور خط کے ذریعے بار بار شکایت کی ہے۔ انڈو انجینئرنگ پروجیکٹس ناگپور، نامی کمپنی نے انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کے ٹینڈر کے عمل میں کوالیفائی کیا ہے نے امپھال میونسپل کارپوریشن IMC (منی پور) کے ورک ان ہینڈ اور ورک مکمل ہونے کے کمپلیشن سرٹیفکیٹ جمع کرائے ہیں جو انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کے ٹینڈر میں اہل ہونے کے لیے ضروری ہیں۔اس سلسلے میں جب امپھال میونسپل کارپوریشن کے سے خلاصہ وار تحقیقات اور پوچھ گچھ کے بعد امپھال میونسپل کارپوریشن نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کو ایک خط میں وضاحت کی ہے کہ انڈو انجینئرنگ پروجیکٹ کارپوریشن نامی کمپنی کا مذکورہ سرٹیفکیٹ جھوٹا ہے جسے ہم نے جاری نہیں کیا ہے۔اسطرح کی سنسنی خیز تفصیلات آج اردو میڈیا سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے پیش کی ۔موصوف شیخ نے بتایا کہ ہم نے مہاراشٹر حکومت کے چیف سیکرٹری کے علاوہ ضلع کلکٹر ناسک، ضلع پولس ،قلعہ پولس اسٹیشن ، مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کو بھی ایک مکتوب دیکر مطالبہ کیا ہے انڈو انجینئرنگ پروجیکٹ کارپوریشن ناگپور کے جعلی سرٹیفکیٹ کی پاداش میں اس کمپنی پر دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا جائے اور میونسپل کارپوریشن کی ٹینڈر کمیٹی و پی ایم سی کیخلاف اس سازش میں ملوث ہونے و مددگار ہونے کے سبب ان پر بھی جانچ پڑتال کے بعد فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے ۔آصف شیخ نے کہا کہ اگر انکے خلاف پولس انتظامیہ اور پردھان سیکرٹری نے کارروائی نہ کی تو پھر ہم ممبئی ہائی کورٹ سے مقدمہ درج کروانے کا آرڈر لائیں گے اور اس معاملے میں پولس انتظامیہ، کارپوریشن ،پی ایم سی اور ٹینڈر کمیٹی کے ساتھ ساتھ انڈو انجینئرنگ پروجیکٹ کو بھی پارٹی بنائیں گے اور ایسے دھوکہ دہی کرنے والے جعلی ٹھیکہ دار و کمشنر کیخلاف کیس درج کروائیں گے ۔

آصف شیخ رشید نے بتایا کہ امپھال کارپوریشن نے جو مکتوب مالیگاؤں کارپوریشن کو دیا ہے اس کے مطابق " امپھال میونسپل کارپوریشن نے 29 نومبر 2023 کو لیٹر نمبر IMC/E/09/2023-24‏ ، کمشنر مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن، مالیگاؤں کے نام ایک ویری فیکشن لیٹر جاری کیا ہے ۔جس میں امپھال کارپوریشن نے لکھا ہے کہ انڈو انجینئرنگ پروجیکٹ کارپوریشن، ناگپور کو جاری کردہ کام کرنے کا تجربہ سرٹیفکیٹ اور کمپلیشن سرٹیفکیٹ ہم نے جاری نہیں کیا ہے ۔امپھال میونسپل کارپوریشن نے مالیگاؤں کارپوریشن کو لکھا کہ ہم نے انڈو انجینئرنگ پروجیکٹ کارپوریشن، ناگپور کو کسی بھی قسم کا کمپلیشن و تجربہ کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا ہے اور نہ ہی ماضی میں کبھی کوئی کام اس کمپنی سے کروایا ہے ۔اس لئے ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ انڈو انجینئرنگ پروجیکٹ کارپوریشن امپھال میونسپل کارپوریشن اس کمپنی کے ساتھ شامل نہیں ہے، اور نہ ہی IMC کے ساتھ ماضی میں اس کمپنی کا کوئی تعلق رہا ہے۔اسطرح کی تصدیق امپھال میونسپل کارپوریشن کے کمشنر جوائس کیمپ اور امپھال میونسپل کارپوریشن کے انجینئرنگ آفیسر K رومیو سنگھ نے کی ہے اور یہ مکتوب کارپوریشن کو ای میل بھی کیا گیا ہے ۔"

‏ 
آصف شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم ٹینڈر پروسیجر مکمل طور پر منصوبہ بند ہے۔آصف شیخ نے کہا کہ منی پور کی راجدھانی امپھال میونسپل کارپوریشن کے ویریفیکشن لیٹر سے خلاصہ ہوتا ہے کہ انڈو انجینئرنگ کمپنی نے اپنے کاغذات میں جعلی سرٹیفکیٹ جمع کروائے ہیں۔اس لئے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم ٹینڈر معاملہ کی اے سی بی کے ذریعے چاروں کمپنیوں کی تحقیقات کرائی جائیں۔ آصف شیخ نے کہا کہ ہم نے شکایتی مکتوب میں مہاراشٹر سرکار کے وزارت شہری ترقیات کے چیف سیکرٹری، پولس انتظامیہ ناسک و قلعہ پولس اورکارپوریشن کمشنر مالیگاؤں کو لکھا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی مالی حالت انتہائی خراب ہونے کے باوجود بھی مالیگاؤں کی غریب عوام کے ٹیکس پر اپنی جیب بھرنے کی کوشش کی جارہی ہیں اور عوام ہر اضافی گھر پٹی لگائی جارہی ہیں تاکہ یہ 110 کروڑ روپے کا خسارہ پورا کیا جا سکے ۔خیال رہے کہ انڈو انجینئرنگ پروجیکٹ کارپوریشن نامی ناگپور کی کمپنی کو مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن نے 110 کروڑ روپے زائد رقم میں ٹینڈر دینے کا فیصلہ کیا اور اس کمپنی کو ٹینڈر کیلئے کوالیفائی قرار دیا ہے جو کہ بغیر تحقیق کے بالکل غلط فیصلہ کیا گیا ہے ۔

آصف شیخ رشید نے میڈیا کو تفصیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے چیف سیکرٹری مہاراشٹر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ IPC کی مختلف دفعات کے تحت اس ٹھیکہ دار و کمشنر اور پی ایم سی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔آصف شیخ نے کہا کہ مقامی ایم ایل اے اور وزیر کی سیاسی سرپرستی میں کارپوریشن کمشنر کی ملی بھگت سے بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی سازش رچی جارہی تھی جسے چنیخ چینخ کر بول رہے تھے ۔

اس موقع پر آصف شیخ نے کہا کہ ہم نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کی غلط پالیسیوں اور بدعنوانی کیخلاف روز اول سے ہی آواز بلند کی ہے اور مسلسل لڑی جانے والی اس لڑائی میں ہم نے مالیگاؤں کارپوریشن کے عوامی خزانے یعنی عوام کے 110 کروڑ روپے کو بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔موصوف نے کہا کہ ہم کارپوریشن کی بدعنوانی کیخلاف لڑ رہے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ جلد ہی کارپوریشن انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم ٹینڈر کو ری ٹینڈر کال کریگی کیونکہ جس کمپنی کو کارپوریشن نے کوالیفائی کیا وہ جعلی کاغذات پر مشتمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دیگر کاموں میں بھی ہم کارپوریشن پر گہری نظر جمائے ہوئے ہیں اور بہت جلد کارپوریشن کو برباد کرنے والے سفید پوش سیاسی خبری و لیڈران کی ملی بھگت کو بے نقاب کریں گے جو چند پیسوں کیلئے کمشنر اور وزیر کی چاپلوسی کررہے ہیں ۔اس پریس کانفرنس میں اسلم انصاری، شکیل جانی بیگ ،فاروق قریشی، ندیم پھنی والا انیس اظہر وغیرہ موجود تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے