اب تک فاؤنڈیشن کی جانب سے شہید عبدالحمید کے یوم شہادت کا تزک احتشام سے انعقاد
شہید عبدالمحید روڈ کے بورڈ کو پھولوں اور ترنگے سے سجا کر ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش گیا
مالیگاؤں : 10 ستمبر (بذریعہ ای میل) "اپنے اسلاف کو یاد کرنا ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا زندہ قوموں کی زندہ علامت ہے"اسی مقولے پر عمل کرتے ہوئے اب تک نیوز انڈیا چینل کے ذمہ داران کی جانب سے شہید عبدالحمید روڈ کے داخلی دروازہ پر تنصیب شدہ بورڈ کی صاف صفائی کرتے ہوئے نہ صرف پھولوں کی مالا چڑھائی گئی بلکہ ترنگے پرچم سے پورے بورڈ کو اس طرح سجایا گیا جیسے ترنگے کی عظمت رفتہ لوٹ آئی ہو. یہیں پر اب تک نیوز انڈیا چینل کے روح رواں جابر شاہ نے عوامی جم غفیر کو بتایا کہ ہند و پاک جنگ کے دوران سرحد پر انتہائی جواں مردی سے تنہا شہید عبدالحمید نے دشمن افواج کا مقابلہ کرتے ہوئے ان کے 10 ٹینکوں کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا تھا جس کی وجہ سے ہندوستان کی شکست فتح و نصرت میں تبدیل ہو گئی تھی. انھوں نے مزید کہا کہ آج بھلے ہی ہمارا ملک ہندوستان جی 20 کی سربراہی کررہا ہو اور حکومتی کارندوں کو غیر ملکی مندوبین کے استقبال سے فرصت نصیب نہیں لیکن عالمی سطح کے لیڈران سے فرصت پا کر اگر ایک لمحہ کے لئے ہی دیش کی عظمت و توقیر پر اپنی جان نچھاور کردینے والے پرم ویر چکر یافتہ شہید عبدالحمید کو ایک لمحے کے لئے ہی یاد کر لیتے یا ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کر دیتے تو آنے والا مورخ موجودہ حکومت کی تعریف و توصیف میں زمین آسمان کے قلابے ملا دیتا لیکن وائے ناکامی کہ موجودہ ارباب حکومت کو شہیدان وطن کی بے لوث اور بیش بہا قربانیوں سے ہمیشہ ہی عار رہا ہے .جنتا دل سیکولر کے مستقیم ڈگنیٹی نے اس موقع پر کہا کہ جس طرح آج شہید عبدالحمید کا یوم شہادت منایا جارہا ہے عنقریب ہی ہم اور ہمارا سارا شہر مالیگاؤں کے ان سات شہیدوں کی بے مثال شہادت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شہیدوں کی یادگار قدوائی روڈ پر مجمتع ہو کر نعرہ ہائے تحسین بلند کرتا دکھائی گا.
یہ ہمارا عزم و حوصلہ ہے کہ ہم مسلسل اپنی سرگرمیوں سے اس کارہائے نمایاں کی انجام دہی میں لگے ہوئے ہیں. آج نہیں تو کل وہ دن بھی ضرور بہ ضرور آئے گا جب ہمارے بزرگوں کا برسوں پرانا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا. اسی طرح معروف سینئر صحافی خیال اثر نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ جب بلدیہ کی جانب سے مذکورہ شاہراہ کو نہ صرف شہید عبدالحمید روڈ کا نام دے دیا گیا ہے ساتھ ہی داخلی راستہ پر جلی حرفوں میں شہید عبدالحمید روڈ کے بورڈ کی تنصیب بھی کردی گئی ہے تو متروک شدہ کسمبا روڈ کہنے اور سننے سے پرہیز کرنا چاہئے اور اس روڈ کو صرف اور صرف شہید عبدالحمید روڈ ہی کہنا سننا اور لکھنا چاہئے. کیونکہ اسی طرح ہم اپنے شہیدان وطن کی قربانیوں کو تازہ کار کر سکتے ہیں. اخیر میں مستقیم ڈگنیٹی, عبدالباقی راشن والے (سابق رکن بلدیہ) جابر شاہ کے ہاتھوں نئے دیدہ زیب بورڈ کی بنیاد گزاری بھی کی گئی. اس موقع پر ایان علی سر (ایجنل ڈے اسکول) پریم مالی (شیو سینا) عمران باقی راشن والے, اقلیم بھائی, پپو بھائی, ساحل شاہ, شہزاد عامر سمیت بڑی تعداد میں لوگ حاضر تھے.
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com