بھیونڈی مومن انصار سبھا کی جانب سے غریب و نادار بچیوں کے لئے 4 نومبر کو اجتماعی نکاح کی تقریب کا با برکت انعقاد, ضرورت مند افراد استفادہ حاصل کریں
بھیونڈی (خیال اثر) "قوموں کی حیات ان کے تخیل پہ ہے موقوف "مذکورہ مصرعہ کی تفسیر اگر کسی فرد واحد کی بجائے تنظیم بن جائے تو ایسے کارہائے نمایاں انجام دیتی ہے کہ فرد واحد نہیں بلکہ قوموں کی حیات جاوداں کی تمثیل بن کر دنیا جہان کو نت نئے راستے اختیار کرکے بے کسوں بے بضاتوں اور بےبس افراد کی تند و تاریک زندگی میں حیات نو کی دم بہ دم خوشیاں بکھیر جاتی ہیں. پچھلے دنوں ایسی ہی ایک تنظیم آل انڈیا مومن انصار سبھا کا نہ صرف احیاء کیا گیا بلکہ شہروں شہروں گاؤں نیا خون بھرنے کی تمنا لئے قومی ذمہ داران نے مختلف شعبہ حیات میں اپنی خدمات کے روشن اجالے بکھیرنے والے فعال و متحرک حضرات کو نہ صرف عہدوں سے نوازا بلکہ آل انڈیا مومن انصار سبھا کے پرچم تلے پریشاں حال افراد کی دل جوئی اور داد رسی کی جانب راغب کیا جس کا نتیجہ ہے کہ صنعت پارچہ بافی کے لئے مشہور و معروف شہر بھیونڈی میں سکونت پذیر ملازم پیشہ افراد کی ایسی بیٹیوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا ہے جو اپنے والدین کی غریبی کی وجہ سے اپنے ہی بالوں میں چاندی کے تار اترتا ہوا دیکھ کر محو یاس رہنے پر مجبور رہی تھیں. بھیونڈی مومن انصار سبھا کے زیر انصرام 4 نومبر 2023 بروز سنیچر بعد نماز مغرب حفیظ میرج ہال, طیب مسجد کے پاس کھنڈو پاڑہ میں منعقد ہونے والے بابرکت اجتماعی نکاح میں آل انڈیا مومن انصار سبھا کی جانب سے بلا کسی تعصب سبھی رنگ و نسل اور مسلک کی ایسی لڑکیوں کے لئے نکاح کیا نظم کیا گیا ہے جو اپنی غریبی کے طفیل عقد مسعود سے محروم رہی ہیں. آل انڈیا مومن انصار سبھا کی جانب سے منعقد شدہ اجتماعی نکاح میں شریک ہونے والی لڑکیوں کے لئے ضرورت زندگی کے وہ تمام سامان مفت میں فراہم کئے جائیں گے جو حیات نو کے لئے لازمی حصہ کہلاتے ہیں.
اجتماعی نکاح میں شریک ہونے والے عروسان نو دمیدہ کی ضیافت کے لئے متعین شدہ تعداد بھی مختص کردی گئی ہے. ساتھ ہی منتظمین نے اس بات کا بھی اعادہ کیا ہے کہ زندگی گزارنے کے لوازمات دلہا دلہن کے متعین شدہ افراد کی ضیافت کے علاوہ نکاح کے بندھن میں بندھنے والی شامل لڑکیوں کو کسی بھی قسم کا کوئی زیور نہیں دیا جائے گا. فارم بھرنے کا کام 25 اگست 2023 سے شروع ہوگا جو 20 اکتوبر 2023 تک جاری رہے گا. آج کے دور نامساعد میں ایسے کار خیر کی اشد ضرورت محسوس کی جارہی تھی. بھیونڈی مومن انصار سبھا کے صدر شکیل انصاری نے نمائندہ سے گفت و شنید کرتے ہوئے بر ملا اظہار کیا کہ آج کے دگر گوں حالات میں زندگی گزارنا ایک کٹھن اور دشوار گزار مرحلہ ثابت ہوتا جارہا ہے. اس پر مستزاد یہ کہ حالیہ دنوں فتنہ ارتداد امت مسلمہ پر غالب آتا جارہا ہے. نوجوان لڑکے لڑکیوں کے قدم اس فتنہ دجالی کے طفیل بھٹکنے کی راہ پر ہیں. ہم نے اسی پر روک لگانے کے لئے اس سلگتے ہوئے مسئلے کا حل یوں نکالا ہے کہ کیوں نا بلوغیت کی حدوں کو پار کرنے والی غریب بن بیاہی بیٹیوں کی شادی کا نظم کیا جائے. آپسی افہام و تفہیم کے ذریعے ہم نے نہ صرف اپنا لائحہ عمل ترتیب دیا بلکہ آل انڈیا مومن انصار سبھا کے قومی صدر وسیم انصاری اور ریاستی صدر خلیل انصاری (دھولیہ) کی ایماء پر ایسے فلاحی کاموں کی بنیاد رکھی جارہی ہے جو آج نہیں تو کل پریشان حال افراد کے لئے شادمانی کا باعث ثابت ہوں گے. مذکورہ اجتماعی شادی کا اہتمام کرکے آل انڈیا مومن انصار سبھا نے دیگر تنظمیوں اور اداروں کو اپنے عزم و ارادوں کے ذریعے ایک نئی راہ دکھائی ہے اور ثابت کیا ہے کہ" قوموں کی حیات ان کے تخیل پہ ہے موقوف " منتظمین نے بھیونڈی میں سکونت پذیر افراد سے گزارش کی ہے کہ وہ مذکورہ اجتماعی نکاح سے بہرہ ور ہونے کے لئے بھیونڈی مومن انصار سبھا کے صدر شکیل انصاری سے رابطہ قائم کریں۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com