حکومت مہاراشٹر سب کو ساتھ لے کر امن و امان کے ساتھ کام کر رہی ہے
شہر میں امن و امان کی مکمل ذمہ داری پولیس انتظامیہ کی ہے، کل جماعتی تنظیم امن امان کیلئے اپنا تعاون پیش کرنے تیار
پریس کانفرنس سے کل جماعتی تنظیم کے ارکان کا متفقہ اظہار خیال
مالیگاؤں : 16 اپریل (بیباک نیوز اپڈیٹ) جمعیت اہل حدیث مالیگاؤں کے دفتر اہل حدیث منزل گولڈن نگر میں آج 16 اپریل2022 کو شہر کی کل جماعتی تنظیم نے موجودہ حالات کے پیش نظر پریس کانفرس منعقد کی۔جس میں کل جماعتی تنظیم نے متفقہ طور پر ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے حکومت مہاراشٹر کے وزیر اعلی جناب ادھوٹھاکرے صاحب کی سراہنا کی اور کہا کہ سب کو ساتھ لے کر امن و امان کے ساتھ یہ حکومت کام کر رہی ہے اور صوبے مہاراشٹر میں امن وامان کو قائم کرنے میں کامیاب ہے۔ ملک میں چند فرقہ پرست عناصر اور انسانیت کے دشمنوں کی شرارتوں سے موجودہ حکومت کی ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے۔
راج ٹھاکرے کا اذان پر پابندی کا مطالبہ حماقت پرمبنی ہے۔ کیونکہ اذان میں بمشکل پانچ منٹ لگتا ہے۔اور اس سے کسی کو بھی تکلیف نہیں ہوتی ہے بلکہ کل جماعتی تنظیم کا ماننا ہے کہ دن بدن مہنگائی میں زبردست اضافہ سے عوام کا دھیان ہٹانے کے لئے اس قسم کے مدعے اٹھائے جارہے ہیں۔
کل جماعتی تنظیم کی گذارش ہے کہ حکومت مہاراشٹر اور شہر مالیگاؤں کی پولیس انتظامیہ،اعلی حکام حالات پرگہری نظر رکھیں اور امن و امان کوقائم رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ چند روز میں آنے والے مختلف تہواروں اور پروگرام کے وقت پولیس انتظامیہ،سی سی کیمرہ اور ماحول کو ساز گار کرنے کے لئے تیاری کرلے اورشہر کے امن و امان کے برقرار رکھنے میں کل جماعتی تنظیم پولیس انتظامیہ کے ساتھ رہے گی۔
گذشتہ دنوں گڑ یاتریوں کے زور دار نعرے پر جس طرح شہر کی عوام نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف تھا۔اور آج بھی کل جماعتی تنظیم عوام الناس سے اپیل کرتی ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور اشتعال انگیز ویڈیو تصاویر وغیرہ سوشل میڈیا پر پھیلانے سے گریز کریں۔
صبر و تحمل کے ساتھ فرقہ پرست عناصر کے منصوبوں کو خاک میں ملا دے اور ہوسکے تو مساجد کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے کا نظم کرے تاکہ کسی قسم کی شرارت محسوس ہوتوفوری طور پر پولیس انتظامیہ سے مدد حاصل کریں۔ عید الفطر کی آمد آمد ہے خریداری کرنا ہو تو دن ہی میں کرلیں۔ دیررات تک اپنے اہل و عیال کو بازار نہ بھیجیں اور سرپرست حضرات اپنےنوجوان بچوں پر نظر رکھیں۔
عبادت کی بجائے شہر میں ٹووہیلر پر مستی کرنے پر سختی کے ساتھ روکے۔ مساجد کے ائمہ کرام سے گذارش ہے کہ حالات کے مد نظر آنے والے جمعہ کے خطبات میں عوام الناس کو امن و امان اور صبر و تحمل کے ساتھ زندگی گذارنے کی تلقین کریں اور آپسی اختلافات اورمسلک سےاوپر اٹھ کرقوم، ملک و ملت کی ترقی اور اس کی فلاح و کامیابی کی فکر کرنے پر ابھاریں اور رمضان المبارک کی مبارک راتوں میں عبادات اور دعاؤں کا بھرپور اہتمام کریں۔ اس طرح کی پریس نوٹ دیتے ہوئے کل جماعتی تنظیم کے ذمہ داران نے اظہار خیال کیا ۔
اس موقع پر پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ارکان کے علاوہ کل جماعتی تنظیم کے مولانا شکیل احمد فیضی،اکبر سیٹھ اشرفی، مولانا سراج قاسمی،حافظ اشفاق محمدی،حافظ جمال ناصر ایوبی، آصف حسین وغیرہ موجود تھے۔اس پریس کانفرنس میں کل جماعتی تنظیم کے روح رواں محمد فیروز اعظمی اوراطہر اشرفی نے میڈیا سے بات چیت کی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com