امریکہ کی دادا گیری


امریکہ کی دادا گیری 


از قلم : مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ


           امریکہ داخلی طور پر بہت سارے مسائل سے جوجھ رہا ہے ، گن کلچر، دن بدن زوال پذیر معیشت اور مختلف ملکوں کی طرف سے در پیش خارجی خطرات کی وجہ سے وہ اندر سے کھوکھلا ہو گیاہے ، اور اسے پریشانیوں کا سامنا ہے، اس کے باوجود وہ باہری دنیا میں اپنا رعب ودبدبہ بنانے کے لیے بہت سارے ملکوں کو تاراج کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے ، تاکہ دنیا اس کی دادا گیری کو تسلیم کرے، جب تک روس کا سقوط نہیں ہواتھا اس وقت تک بہت سارے ملکوں سے اس کی سرد جنگ چلتی رہی تھی، اس زمانہ میں بھی اس نے مختلف ملکوں پر فوج کشی کی، گواسے اس کا خطرہ بنارہتا تھا کہ روسین بلاک کے اس میں کود پڑنے کی وجہ سے امریکہ کو زیادہ نقصان نہ اٹھانا پڑے، ان دونوں کی طاقت آزمائی کی وجہ سے غیر جانبدار ملکوں نے اپنی ایک تنظیم بنالی، جس میں ہندوستان پیش پیش تھا، باوجویکہ روس سے اس کا مضبوط تجارتی اور دفاعی معاہدہ تھا۔
 امریکہ نے ۱۸۹۸ء میں اسپین میں اپنی فوج بھیجی، یہ لڑائی آٹھ مہینہ چلی، پہلی عالمی جنگ میں ایک سال سات مہینے اپنی حلیف جماعتوں کے ساتھ اسے جنگ کرنی پڑی، ۱۸۹۹ء میں وہ فلپائن کے ساتھ بھڑ گیا اور ۱۹۰۲ء تک تین سال ایک مہینے یہ لڑائی چلتی رہی ، ۱۹۵۰ء میں اس کی بھڑنت کوریا سے ہو گئی اور ۱۹۵۳ء تک تین سال ایک مہینے اس لڑائی کی نظر ہو گیے، ۱۹۴۱ء میں دوسری عالمی جنگ کا آغاز ہوا، ۱۹۴۵ء تک تین سال آٹھ مہینہ کا عرصہ اس میں گذر گیا، مسلم ممالک پر حملہ کا آغاز امریکہ نے عراق کے ساتھ جنگ سے کیا جو ۲۰۰۳ء سے ۲۰۱۲ء آٹھ سال نو مہینے جاری رہا، ویت نام جنگ کا آغاز ۱۹۶۵ء میں ہوا، جو ۱۹۷۵ء تک دس سال دو مہینے جاری رہا، ۲۰۰۱ء میں اس نے افغانستان میں کٹھ پتلی حکومت بنوا کر طالبان کے خلاف جنگ کا آغاز کیا، یہ امریکہ کی تاریخ میں سب سے لمبی جنگ تھی، جو ۲۰۲۱ء تک انیس سال چھ ماہ جاری رہی یہاں سے انتہائی ناکامی کی حالت میں اسے بھاگ کھڑا ہونا پڑا اور اس نے امریکہ کی ساری دادا گیری کی پول کھول کر رکھ دی، اللہ رب العزت کا ارشاد ہے کہ وہ جس کو چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ذلیل کر دیتا ہے، افغانستان کے طالبان سے جنگ کرنے کی وجہ سے جو ذلت امریکہ کے حصہ میں آئی ہے اسے دنیا کی تاریخ میں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا ، ایک زمانہ تھا جب قرآن نے اس وقت کی رومن حکومت کے بارے میں کہا تھا کہ روم مغلوب ہو گیا، اسی طرح امریکہ کے لیے بھی چند سال ہی رہ گیے ہیں، اللہ رب العزت کا ارشاد ہے اس کے ما قبل اور ما بعد حکومت اللہ کی ہے، جس سے ایمان والے مسرور ہوں گے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے