جینت پاٹل اور نواب ملک سے آصف شیخ کی ملاقات ، رضا اکیڈمی کے دفتر پر پولس کی چھاپہ ماری کی مذمت
مذہبی و سیاسی رہنماؤں اور منتظمین پر درج سنگین دفعات واپس لی جائے، بے قصوروں پر کاروائی نہ کرنے کا مطالبہ
وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل سے ملاقات کر پولس کارروائی پر روک لگانے کا مطالبہ ، جینت پاٹل کا مثبت تیقن
مالیگاؤں : 18 نومبر (پریس ریلیز ) مالیگاﺅں تشدد معاملہ میں آج بروز جمعرات کو صبح ساڑھے 10 بجے ممبئی میں اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک اور این سی پی کے صوبائی صدر وزیر آبپاشی جینت پاٹل سے آصف شیخ کی قیادت میں ایک موقر وفد نے ملاقات کی۔ کرلا میں نواب ملک کی آفس میں ہوئی تفصیلی ملاقات کے دوران سابق ایم ایل اے آصف شیخ نے ریاستی وزیر سے کہا کہ تماشہ دیکھنے والے نوجوانوں کی بھی گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ مذہبی و سیاسی نمائندوں اور منتظمین پر درج سنگین دفعات واپس لی جائے، کچھ بے گناہ افراد کے بھی نام پولس درج کررہی ہیں۔ بے قصوروں کیخلاف پولس کی کاروائی بند ہونا چاہئے اور سنگین دفعات لگانے کا سلسلہ بھی رکنا چاہئے۔ آصف شیخ نے رضا اکیڈمی کے دفتر پر آدھی رات کو چھاپہ مارنے کی بھی ریاستی وزیر نواب ملک سے شکایت کی۔ شیخ آصف نے پولس کارروائی کی مذمت کی ۔تشدد کے معاملے میں ریاستی وزیر نواب ملک کو پتھراؤ کے تعلق سے بتایا کہ سہارا اسپتال مسلم شخص کا ہے اور مسلمان کیسے مسلمان کے اسپتال پر پتھراؤ کریں گے؟ اس نقطہ پر غور کیا جانا چاہئے۔ کوئی نہ کوئی بیرونی طاقت ہے جس نے مالیگاؤں میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی ہے۔ اس معاملے میں اعلیٰ سطح جانچ ہونا چاہئے۔ اس دوران بے قصور افراد کی گرفتاری بند کردینا چاہئے۔
درین اثناء اس وفد نے ریاست کے وزیر آبپاشی جینت پاٹل سے ملاقات کرتے ہوئے مالیگاؤں تشدد پر پولس کی بیجا کارروائی پر سوال اٹھایا اور بتایا کہ پولس نے سنگین دفعات کا اطلاق کیا ہے اسے واپس لیا جانا چاہئے ۔سیاسی و مذہبی افراد پر درج مقدمہ واپس لیا جائے ۔اس پر وزیر آبپاشی جینت پاٹل نے کہا کہ میں خود وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل سے کہوں گا کہ مالیگاؤں تشدد کے الزام میں بیجا گرفتاریوں پر روک لگائی جائے اور سنگین دفعات واپس لی جائے ۔جینت پاٹل نے شیخ آصف سے کہا کہ آپ شام میں چھ بجے وزیر داخلہ سے ملاقات کریں ۔این سی پی کے صوبائی صدر پاٹل نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ دھرنا اندولن کے منتظمین اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں پر درج سنگین دفعات واپس لینے کیلئے وزیر داخلہ سے اپیل کریں گے ۔ممبئی روانہ ہوئے اس وفد میں حاجی قاری زین العابدین، یوسف سیٹھ نیشنل، حافظ انیس اظہر، ایڈوکیٹ ہدایت اللہ، انصاری محمد اسلم، شکیل جانی بیگ، فرحان شیخ، رفیق بشارت شریک تھے ۔ وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل کی ملاقات سب سے اہم رہے گی۔ موصوف ہی پولس محکمہ کو حکم دے سکتے ہیں اور بے گناہ افراد کی گرفتاری اور سنگین دفعات لگانے پر روک لگ سکتی ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com