نان گرانٹ اساتذہ کا ممبئی آزاد میدان میں بے مدت دھرنا اندولن، مالیگاؤں شہر کی اردو اسکولوں سے تقریباً 100 اساتذہ ممبئی دھرنے میں روانہ
جمعہ کو مہاراشٹر بھر میں نان گرانٹ اساتذہ اسکولوں میں تعلیمی سرگرمی انجام نہیں دینگے، تنظیم کا اعلان
مالیگاؤں :28 جنوری (نامہ نگار)اسکول شروع ہوتے ہی پھر ایک بار نان گرانٹ اساتذہ نے اسکول بند اندولن کا اعلان کرتے ہوئے آزاد میدان ممبئی میں دھرنا دینے کا فیصلہ لیا ہے جمعہ 29 جنوری کو مہاراشٹر بھر سے اساتذہ ممبئی دھرنے میں شامل ہوریے ہیں ۔اطلاع کے مطابق نان گرانٹ طرز پر 2013 - 2012 سے درس و تدریس کے فرائض انجام دینے والے معلمین کو اب تک گرانٹ نہیں مل سکی ہے آٹھ سالوں سے نان گرانٹ ڈیوژن پر پڑھانے والے اساتذہ گرانٹ کی حصولیابی کے لئے مختلف سطح پر جدوجہد کررہے ہیں اسکے باوجود سرکار گرانٹ دینے میں ٹال مٹول کررہی ہے ۔سرکار کو نیند سے بیدار کرنے کے لئے نیچرل گروتھ نان گرانٹ ڈیوژن شکشک کرتی سمیتی مہاراشٹر راجیہ کے بینر تلے نان گرانٹ کا دھرنا اندولن آزاد میدان میں دیا جارہا ہے ۔اس دھرنے میں پرائمری، ہائی اسکول، جونیئر کالج کے نان گرانٹ، 20 گرانٹ والے اساتذہ شامل ہیں ۔16 جنوری سے 19 جنوری تک تین روزہ علامتی دھرنا اندولن کیا گیا لیکن سرکار نے اساتذہ کے مطالبات پر دھیان نہیں دیا جس کے ضمن میں اساتذہ کی تنظیموں نے 29 جنوری بروز جمعہ سے بے مدت دھرنا اندولن کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اس ضمن میں مہاراشٹر بھر سے اساتذہ کا وفد دھرنے میں شامل ہونے کے لئے ممبئی روانہ ہورہا ہے مالیگاؤں شہر سے ایک اندازے کے مطابق تقریباً 100 سے زائد اساتذہ اور معلمہ دھرنے میں شامل ہونے ممبئی روانہ ہورہی ہیں ۔آج جمعرات کو شب مالیگاؤں نان گرانٹ ڈیوژن پر پڑھانے والے اساتذہ ممبئی دھرنے میں شامل ہونے کے لئے روانہ ہونگے ۔نیچرل گروتھ نان گرانٹ ڈیوژن شکشک کرتی سمیتی مہاراشٹر راجیہ کے ریاستی صدر راہل چندرے ،نائب صدر سیتش چوہان، کارگزار صدر سردھیش کلکرنی، سیکرٹری سچن پگارے کی قیادت میں یہ دھرنا دیا جارہا ہے ۔اسطرح کی تفصیلات مقامی نمائندوں میں تسلیم عارف سر، کاشف شکیل سر، شیخ زاہد سر، عبدالباسط سر، فرقان عابد سر، سلمان فاروق سر، قوسین قادری سر، مزمل اختر سر، حامد حسین سر، مدثر سر، شفیق سر، دلدار سر، اختر علی سر، مبشر سر کی جانب سے موصول ہوئی ہیں۔ اور بتایا کہ شہر کی الگ الگ ہائی اسکولوں میں گزشتہ آٹھ سالوں سے نان گرانٹ طرز پر پڑھانے والے اساتذہ گرانٹ حاصل کرنے کے لئے اپنا سنگھرش جاری رکھے ہوئے ہیں ۔اور مطالبہ کیا جارہا ہے کہ جن اسکولوں کو گرانٹ دینے کے لئے اہل قرار نہیں دیا گیا ہے انہیں پہلے گرانٹ دینے کے لئے اہل قرار دیا جائے اور انہیں جلد از جلد گرانٹ دی جائے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com