بھیونڈی عمارت سانحہ ،جائے حادثہ پرجمعیۃ علماء مہا راشٹر کے وفد کا دورہ
مہلوکین کےورثا ءاور متاثرین سے ملاقات و اظہار ہمدردی
بھیونڈی :22؍ ستمبر ( پریس ریلیز) آج یہاں جمعیۃ علما ءمہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کی ہدایت پر ایک نمائندہ وفد مفتی سید محمد حذیفہ قاسمی( ناظم تنظیم جمعیۃ علما ءمہا راشٹر) ودیگر نے بھیونڈی میں منہدمہ بلڈنگ کے جائے حادثہ کادورہ کیااور دل دہلادینے والے حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مہلوکین کے ورثا اور متاثرین سے ملاقات کی اور اظہارہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علما مہا راشٹر مصیبت کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم حادثہ کے شکار افراد کے لئے تعزیت مسنونہ دعائے مغفرت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئےدعا گوہیں،وفد میں مفتی حذیفہ قاسمی سمیت قاری محمد ایوب اعظمی (خازن جمعیۃ علما مہا راشٹر )،مولانا ساجد قاسمی ،مولانا محسن قاسمی، قاری مصدق مومن و دیگر شامل تھے۔
واضح رہےکہ 21 ستمبر کوبھیونڈی پٹیل کمپاؤنڈ دھامنکرناکہ میں ایک پرانی تین منزلہ مخدوش عمارت جوکہ کارپوریشن کی جانب سے نشان زدہ تھی وہ رات سوا تین بجے زمین بوس ہوگئی ہے، نیچے کی زمین دلدل ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ فلور اور دو مالے زمین کے اندر دھنس گئے ہیں تیسرے منزلےکی ٹیرس تقریبا چھے فٹ پر آکر رکی ہوئی ہے،حادثہ انتہائی دلدوز ہےاس اندوہ ناک حادثہ کی وجہ سے مکینوں کا شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے ۔ملبہ میں دبنے کی وجہ سے 20 سے زائد اموات ہو چکی ہیں جب کہ25سے زائد لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج و معالجہ جاری ہے، حکومتی کارندے اور مقامی فعال متحرک نوجوان امداد و راحت رسانی اور ملبہ ہٹانے کے کاموں میں جٹے ہوئے ہیں ۔
مفتی سید محمد حذیفہ قاسمی نا ظم جمعیۃ علما مہا راشٹر نے بتایا کہ زخمیوں کو مقامی اندراگاندھی اسپتال اور شیوا جی کلوا ہسپتال میں داخل کرایاگیاہے حادثہ سے متاثرین کے لئے پٹیل کمپاؤنڈ مسجد کے ساتھی ہرطرح خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ مولانا ندیم صدیقی نے وزیر اعلی مہا راشٹر ،بھیونڈی کارپوریشن کمشنر تھانہ ضلع کلکٹر ، پالک منتری اکناتھ شندےسے رابطہ کرکے ان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس حادثہ میں زخمی ہو نے والوں کا بہتر سے بہتر علاج کیا جائے ،مہلوکین کو فی فرد دس دس لاکھ معاوضہ دیا جائے ، متاثرین کی بھر پور امداد کی جائے اور نقصانات کی بھر پائی کی جائے۔اور جب تک بلڈنگ متاثرین کے لئے معقول نظم نہیں ہوجاتا تب تک کارپوریشن کی جا نب سے ان کی عارضی رہائش کا انتظام کیا جائے۔ بھیونڈی کے بھی مخیر احباب سے گذارش ہے کہ متاثرین کا خاص خیال رکھیں اور دست تعاون دراز کریں۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com